کراچی: شہر میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار کردیا اور اس دوران ہواؤں کی رفتار بھی بڑھ کر 25 ناٹ ہوگئی جب کہ بارش کا آغاز ہوتے ہی کے الیکڑک کے 400 فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔
کراچی میں مون سون کی بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے شہر میں تیز ہواؤوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے۔ کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، بفرزون، نارتھ کراچی، قیوم آباد، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، صدر، گلشن اقبال، گلشن جوہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔
کراچی میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 7.6 ملی میٹر اور ملیر میں 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اس دوران ہواؤں کی رفتار 25 ناٹ میل تک ہوگئی جب کہ بارش سے شہر کی متعدد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
دوسری جانب موسلا دھار بارش کا آغاز ہوتے ہی کے الیکٹرک کا نظام بیٹھنا شروع ہوگیا جس میں 400 فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
واضح رہے دو روز قبل بھی بارش کے باعث کے الیکٹرک کے کئی فیڈر ٹرپ گرگئے تھے جس کی بحالی میں 24 گھنٹے لگ گئے تھے۔


Post A Comment:
0 comments so far,add yours