کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ عوام سے براہ راست رابطہ کریں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کی مؤثر تیاری کریں، اس لیے کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر ایک انتخابی حلقے میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ نے بلاول ہاؤس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے ایک اجلاس کے موقع پر یہ ہدایات جاری کیں۔
یہ اجلاس پیپلزپارٹی کے دو معروف رہنماؤں صمصام بخاری اور اشرف سوہنا کے انحراف اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد طلب کیا گیا تھا۔
پیپلزپارٹی کے مزید غیرمطمئن رہنما دیگر جماعتوں میں شمولیت پر غور کررہے ہیں۔
اس اجلاس میں پیپلزپارٹی پنجاب کے سیاسی اور تنظیمی معاملات پر تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹّو، سابق گورنر اور جنوبی پنجاب میں پارٹی کے صدر مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ، سینیٹر شیری رحمان، فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن، تنویر اشرف کائرہ، شوکت بسرا اور جمیل سومرو نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ایک ضلع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کی ضلعی قیادت کی مشاورت کے ساتھ انتخابی اتحاد کیا جائے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا غیرمطمئن رہنماؤں کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ ان تمام معاملات کی بلاول بھٹو زرداری نگرانی کریں گے۔
پارٹی نے پنجاب میں عید کے بعد رکنیت سازی کی مہم شروع کرنے اور صوبے میں پارٹی کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ بھی کیا، یہ تبدیلی مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد کی جائے گی۔
وارڈز اور صوبائی سطح پر عہدے داروں کی تبدیلی مرحلہ وار کی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے ایک ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، اور اگلے مہینے ایک عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔
پنجاب کے رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے وہ وعدے پورے نہیں کیےجو اس نے عام انتخابات سے قبل کیے تھے، اور عوام کو مایوس کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ مناسب وقت تھا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے پنجاب کے عوام میں کچھ امید پیدا کی، اس لیے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری سے بہت زیادہ توقع کررہے تھے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس طرح کے مشاورتی اجلاس پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر منعقد کیے جائیں۔
اجلاس میں شریک ذرائع کے مطابق پارٹی نے اپنے بعض رہنماؤں کے انحراف سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، اور چیئرمین نے پیپلزپارٹی پنجاب کے سربراہ سے کہا کہ وہ آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر ایک مفصل رپورٹ جمع کرائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سربراہ اگلے مہینے پنجاب کا ایک تفصیلی دورہ کریں گے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے فردوس عاشق اعوان کے بھائی کی وفات پر ان سے تعزیت کی۔
دریں اثنا آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری یاسین نے بھی پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی سے متعلق مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔


Post A Comment:
0 comments so far,add yours