برطانوی دارالحکومت لندن میں جاری ومبلڈن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر اور اینڈی مرے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔


دفاعی چیمپیئن نواک جاکووچ کا پری کوارٹر فائنل میچ خراب روشنی کی وجہ سے روکنا پڑا اور وہ منگل کو یہ مقابلہ مکمل کریں گے۔


ماضی میں سات مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے روبرٹو بوٹیسٹا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر 13ویں بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔


انھوں نے یہ میچ چھ دو، چھ دو اور چھ تین کے سکور سے جیتا اور وہ کوارٹر فائنل میں جائلز سمنز سے مقابلہ کریں گے۔


فتح کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک اچھا مقابلہ تھا۔ میرا آغاز اچھا تھا اور ممکنہ طور پر روبرٹو اپنا بہترین کھیل نہیں دکھا پا رہے تھے۔‘


فیڈرر کے علاوہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والوں میں برطانیہ کے اینڈی مرے کا نام بھی شامل ہے جو ایوو کالووچ کو شکست دے کر لگاتار آٹھویں مرتبہ اس مرحلے تک پہنچے ہیں۔


2013 میں ومبلڈن جیتنے والے 28 سالہ مرے کو چھ فٹ 11 انچ قد کے حامل کارلووچ کی تیز سروس سے پریشانی کا سامنا تو رہا لیکن انھوں نے تین گھنٹے تین منٹ تک جاری رہنے والا یہ میچ سات چھ، چھ چار، پانچ سات اور چھ چار کے سکور سے جیت لیا۔


فیڈرر اور مرے کے برعکس دفاعی چیمپیئن نواک جاکووچ کو پری کوارٹر فائنل میچ میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


پیر کو جب خراب روشنی کی وجہ سے جاکووچ اور کیون اینڈرسن کا میچ روکا گیا تو مقابلہ دو، دو سیٹس سے برابر تھا۔


عالمی نمبر ایک جاکووچ اس میچ میں ابتدائی دو سیٹس ٹائی بریکر پر ہارنے کے بعد کھیل میں واپس آئے اور تیسرا اور چوتھا سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کیا۔


تین گھنٹے اور چار منٹ کے کھیل کے بعد امپائر نے پیر کی شب نو بجے خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ملتوی کر دیا اور یہ میچ منگل کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours