پنجاب کی حکومت نے فیس بک پر بچوں کے اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی نشاندہی کرنے پر ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی کو نوٹس بھجوایا ہے۔
محمکۂ قانون کی جانب سے بھیجے گئے اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ علی عباسی نے صوبے پنجاب بلخصوص لاہور سے اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد کو نہ صرف بڑھا چڑھا کر پیش کیا بلکہ اس بات کا بھی ذکر نہیں کیا کہ کتنے بچے نہ صرف بازیاب ہو چکے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ علی عباسی نے بچوں کی گمشدگی سے متعلق غلط بیانی سے کام لیا جس کی وجہ سے لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا۔
اطلاعات کے مطابق حمزہ علی عباسی کے فیس بک پر فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر حمزہ علی عباسی نے اس معاملے پر پنجاب حکومت سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف حکومت کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے سائبر کرائم کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں کسی کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی سزا تین سال ہے۔
حمزہ علی عباسی نے پنجاب حکومت کی جانب سے ملنے والے نوٹس کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے بچوں کے اغوا ہونے کی معلومات مختلف اخبارات میں چھپنے والی خبروں سے حاصل کی ہیں۔