Articles by "کھیل"
‏کھیل لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر 20 ستمبرکو سر پر سہرا سجائیں گے جب کہ ولیمہ اور دیگر تقریبات لاہور میں ہی ہوں گی

میڈیا کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کی زندگی میں خوشیاں دوبارہ لوٹ آئی ہیں آئی سی سی کی جانب سے ان پر عائد پابندی کے ختم ہونے کے بعد وہ قومی ٹیم میں اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھانے میں مصروف ہیں اور اب محمد عامر زندگی کی حقیقی اننگز کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر کی شادی کی تقریبات کا آغاز عیدالاضحیٰ کے بعد شروع ہوجائے گا۔ شادی کی تمام تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ محمد عامر کی رسم حنا کی تقریب کا انعقاد 19 ستمبر کو ہوگا اور 20 ستمبر کو بارات ہوگی جب کہ ولیمہ کی تقریب 21 ستمبر کو ڈی ایچ اے لاہور کے نجی میرج ہال میں منعقد ہوگی۔ جس کے لئے خوبصورت دعوت نامے بھی پرنٹ ہوگئے ہیں۔ اور تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ محمد عامر کا 2 سال قبل بنگلا دیشی نژاد برطانوی خاتون نرجس سے نکاح ہوا تھا ۔

مانچسٹر:انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز 1-4 سے گنوانے والی ٹیم سرفراز احمد کی زیر قیادت نئے دور کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔

اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات ساڑھے 10 بجے شروع ہوگا، ون ڈے سیریز میں 1-4 سے شکست کھانے والی پاکستان ٹیم واحد ٹوئنٹی 20میچ جیت کر طویل اور مشکل ٹور کا فتح کے ساتھ اختتام کرنے کی خواہاں ہے جب کہ مختصر فارمیٹ کیلیے نئی کمک پاکستان سے پہنچ چکی ہے، اظہر علی کی جگہ کمان بھی سرفراز احمد کے ہاتھوں میں آگئی، ون ڈے سیریز میں اچھے اسٹرائیک ریٹ سے ٹاپ اسکورر کے طور پر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین قیادت سونپے جانے کے بعد پہلے امتحان سے گزریں گے، مہمان ٹیم کو ناقابل اعتبار نظر آنے والے شرجیل خان کے ساتھ خالد لطیف سے بھی اچھے آغاز کی امیدیں وابستہ ہونگی، کپتان بیٹنگ آرڈر میں اوپنر آنے کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں۔

مڈل آرڈر کو مستحکم کرنے کیلیے بابراعظم کو بھی پلیئنگ الیون میں جگہ دینے کا آپشن موجود ہوگا، آخری ون ڈے میں فارم کی جھلک دکھانے والے تجربہ کار شعیب ملک کے ساتھ محمد رضوان بھی تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عماد وسیم نے ایک روزہ میچز میں گیند اور بیٹ دونوں سے پرفارم کیا، اس بار بھی ان سے اچھی کارکردگی کی توقعات ہیں، محمد نواز کیلیے بھی بطور آل راؤنڈر صلاحیتیں منوانے کا موقع ہوگا، پیس بیٹری میں محمد عامر کا ساتھ دینے کیلیے حسن علی فیورٹ ہیں، انھوں نے اب تک انگلینڈ میں اپنی ورائٹی سے متاثرکیا ہے، محمد عرفان کے ان فٹ ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے متبادل کے طور پر ان کی خدمات حاصل کرنے کو ترجیح دی تھی، عماد بٹ کو ڈیبیو کا موقع دیے جانے کا امکان ہے، پیسر اچھی بولنگ کے ساتھ پاور ہٹنگ کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں،اگر تجربے پر انحصار کیا گیا تو سہیل تنویر کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

دونوں ٹیموں میں سب سے بڑا فرق یہ نظر آیا کہ پاکستان وائٹ بال سے کرکٹ کی رفتار پکڑنے کی کوشش میں ہے، دوسری جانب انگلینڈ کو پاور ہٹرز اور رنز روکنے میں مہارت اور ورائٹی رکھنے والے پُراعتماد کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، کپتان ایون مورگن بھی سرفراز احمد سے زیادہ تجربہ کار ہیں، میزبان ٹیم نے مختلف وجوہات پر سری لنکا کیخلاف جون میں کھیلے جانے واحد ٹوئنٹی 20 میچ کا حصہ نہ بننے والے کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، اوپنرز ایلکس ہیلز اور جیسن روئے فارم میں ہیں، جوئے روٹ ون ڈے میچز میں مین آف دی سیریز تھے، کپتان کے بعد جوز بٹلر اور بین اسٹوکس جیسے جارح مزاج بیٹسمین میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ معین علی کو مشکل وقت میں اچھی بیٹنگ اور صورتحال کے مطابق بولنگ کی شہرت حاصل ہے، اسپن کے شعبے میں ان کا ساتھ دینے کیلیے عادل رشید کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہوگا۔

پیسرز ڈیوڈ ویلی، لیام پلنکٹ اور کرس جورڈن مقامی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، یہ تینوں جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، بین اسٹوکس بولنگ کیلیے آئے تو ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل کے آخری اوور میں کارلوس بریتھ ویٹ کے مسلسل 4 چھکوں کی تلخ یادیں ضرور ستائیں گی۔ منگل کو مانچسٹر میں موسم خشک اور گرم رہا، میچ کے روز بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اولڈ ٹریفورڈ کی خشک پچ سے اسپنرز کو مدد مل سکتی ہے۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ملکی ٹیم کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے،پہلے میچ کیلیے پُرجوش ہوں، آخری ون ڈے میں بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب سے حوصلے جوان ہوگئے۔

دبئی:آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیون کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہوسکا تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 21 درجے کی چھلانگ لگاکر 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور آخری میچ میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد رینکنگ میں 21 درجے ترقی پاکر 40 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی 15 درجے ترقی پاکر 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی بلے باز جگہ نہ بنا سکا، جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز بدستور سرفہرست ہیں جب کہ بھارت کے تین کھلاڑی ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ 10 بہترین بولرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی جگہ نہ بنا سکا تاہم محمد عرفان کا گیارہواں نمبر ہے جب کہ آل راؤنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پوری سیریز میں صرف سرفراز احمد ہی وہ واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 300 رنز بنائے۔
ڈھاکا: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں کل بہت بڑا پاک بھارت ٹاکرا ہوگا جس کے لئے تیار ہیں۔

ڈھاکا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی بیٹسمین فارم میں ہیں تو پاکستان کی بولنگ لائن بھی مضبوط ہے اور خاص طور پر لیفٹ آرم آف اسپنر محمد نواز سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور کوشش کر رہا ہوں کہ خود بھی اصل بوم بوم بن کر دکھاؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں نہیں بلکہ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت سے دوستی کے لئے ہمیشہ پاکستان نے قدم بڑھایا اس لئے کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیئے، شائقین کی جانب سے پاک بھارت میچ کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اس لئے کھیل میں سیاست لانے سے شائقین کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

میڈیا کے مطابق حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور ہوگئے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی اور شیڈول کے مطابق اپنے پول میچز کلکتہ، دھرم شالا اور موہالی میں کھیلے گی، دوسرے راؤنڈ میں رسائی کی صورت میں پاکستان کا میچ نئی دلی میں ہوگا۔

واضح رہے کہ چھٹا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 8 مارچ سے بھارت میں شروع ہورہا ہے، سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی کپ میں شرکت کا این او سی فوری طور پر جاری نہیں کیا گیا تھا اور چیئرمین پی سی بی نے اس حوالے سے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا ۔
افغانستان کے ایک لڑکے کو آن لائن پر لفافے کی بنی ہوئی ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی مشہور نمبر 10 شرٹ پہننے کے بعد بالاآخر میسی کی اصل شرٹ ملی ہی گئی۔

افغانستان کے مرتضیٰ احمدی کو یہ شرٹ لیونل میسی نے خود بھیجی ہے۔

بی بی سی ٹرینڈنگ نے پانچ سالہ مرتضیٰ احمدی جسے ’میسی کا سب سے بڑا مداح‘ بھی کہا جاتا ہے کو ڈھونڈنے میں مدد کی۔

مرتضیٰ احمدی کا تعلق افغانستان کے صوبے غزنی کے مشرقی ضلع جگہوری سے ہے۔

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر میسی کی مینیجمنٹ ٹیم نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میسی نے سائن کی ہوئی شرٹ مرتضیٰ احمدی کو بھیجی ہے۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے مرتضیٰ احمدی کا اس بارے میں کہنا ہے ’میں میسی کو پیار کرتا ہوں اور میری شرٹ کہتی ہے کہ میسی مجھ سے پیار کرتے ہیں۔‘

مرتضیٰ احمدی کو آن لائن کے ذریعے ڈھونڈنے کی کوشش اس وقت وائرل ہو گئی جب انھوں نے پلاسٹک کی بنی نیلے رنگ کی میسی کی شرٹ نمبر 10 پہنی تھی۔

اس شرٹ کو پہننے والے لڑکے کے بارے میں ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ وہ ایک عراقی کرد ہیں اور جب انٹرنیٹ پر ان کی تصویر وائرل ہوئی تو لیونل میسی نے انھیں ڈھونڈنے اور اپنے نوجوان مداح کو اپنی اصلی شرٹ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مرتضیٰ احمدی کو آسٹریلیا میں مقیم ان کے چچا عظیم احمدی نے پہچانا جس کے بعد بی بی سی ٹرینڈنگ نے مرتضیٰ احمدی کے بھائی عارف سے رابطہ کیا۔

غزنی کے رہائشی مرتضیٰ احمدی کے والد ایک کسان ہیں اور انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ میسی کی شرٹ پہن کر دنیا کی توجہ حاصل کرنے والے ان کے بیٹے مرتضیٰ احمدی ہیں۔

مرتضیٰ کے والد کا اس بارے میں کہنا ہے کہ میسی کی اصل شرٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے بیٹے ’بہت زیادہ خوش ہیں۔‘

خیال رہے کہ لیونل میسی اقوامِ متحدہ کے ادارے برائے اطفال کے ایمرجنسی فنڈ کے خیر سگالی وزیر ہیں اور اس ادارے نے فیس بک کے صفحے پر مرتضیٰ احمدی کی شرٹ پوسٹ کی تھی۔
دبئی: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے لئے ان پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔

کرک انفو کو اپنے انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے دوستوں اور فیملی کی جانب سے بہت زیادہ دباؤ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے قریبی حلقوں کی خواہش ہے کہ میں اس وقت تک پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلوں جب تک قومی ٹیم کو حقیقی ٹیلنٹ نہیں مل جاتا جو میری جگہ لے سکے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ریٹائر ہونے کے حوالے سے مجھ پر بہت زیادہ ہے لیکن فی الحال میری تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر ہے جو میرے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے تو یہ دیکھوں گا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کہاں کھڑی ہے اور میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے قومی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہوں، جہاں تک میری فٹنس کا تعلق ہے تو وہ اس وقت زبردست ہے، ابھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں کیونکہ بہت پرجوش بھی ہوں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہی میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکوں گا۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی 90 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جب کہ محدود اوورز کے فارمیٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 91 ہے۔ آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے تمام 5 ورلڈکپ کھیل چکے ہیں اور 2009 کے ورلڈکپ کے دوران سیمی فائنل اور فائنل میں نصف سنچریاں اسکور کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی جب کہ دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گیں جب کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اور کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد پی ایس ایل کی پہلی ٹرافی اٹھانے کے لئے بے تاب ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد،کمار سنگاکارا، کیون پیٹرسن،بسمہ اللہ خان، ایلٹن چکمبورا، گرانٹ ایلیٹ،نیتھن میکولم،اعزاز چیمہ،انورعلی، عمر گل، اسد شفیق، اکبرالرحمان، محمد نواز، لیوک رائٹ اور ذوالفقاربابر کا ساتھ حاصل ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شرجیل خان، ڈیوائن اسمتھ، سین بلنگ، بریڈ ہیڈن، خالد لطیف،کپتان مصباح الحق، اشعرزیدی،سیموئل بدری، آندرے رسلز،محمد سمیع،محمد عرفان،سعید اجمل، رومان رئیس،بابراعظم،آصف علی اور کامران غلام شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پاکستان سپرلیگ کے پہلے مرحلے میں 8 میچز کھیلے جس میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جب کہ پلے آف کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم نے پشاور زلمی کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پورے ایونٹ میں 8 میچز کھیلے جس میں سے صرف 4 میں کامیابی حاصل کی اور پلے آف کے تیسرے میچ میں پشاورزلمی کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں کل آمنے سامنے ہوں گی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گیں جب کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اور کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد ٹائٹل جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پاکستان سپرلیگ کے پہلے مرحلے میں 8 میچز کھیلے جس میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جب کہ پلے آف کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم نے پشاور زلمی کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پورے ایونٹ میں 8 میچز کھیلے جس میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی اور پلے آف کے تیسرے میچ میں پشاورزلمی کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دبئی کے سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج مد مقابل ہوں گی، دونوں میں سے جو بھی ٹیم جیتے گی وہ فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی۔ پشاور زلمی کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ہیں۔ دونوں ٹیمیں میچ جیتنے کے لئے پر اعتماد ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں دونوں ٹیمیں کے درمیان اب تک دو میچز ہو چکے ہیں جس میں دونوں مرتبہ فتح پشاور زلمی کا مقدر ٹہری۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے اور آج کا میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں سرفراز الیون سے ٹکرائے گی۔
دبئی:  کراچی کنگز نے پشاور زلمی کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی کے کھلاڑی بریڈ ہوج نے کراچی کنگز کے ہاتھوں سے میچ چھین کر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔ پشاور زلمی نے 153 رنز کا ہدف اٹھارہ اعشاریہ تین اوور میں مکمل کیا۔ بریڈ ہوج نے صرف پینتالیس گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
کراچی کنگز کے 153 رنز کے ہدف کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور ڈی جے ملان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابھی سکور 4 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ محمد حفیظ ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ محمد عامر کی گیند پر ویسیلز نے ان کا آسان کیچ لیا۔ پشاور زلمی کو دوسرا نقصان ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 8 رنز بنا سکے۔ بلاول بھٹی کی گیند پر سیف اللہ بنگش نے ان کا کیچ پکڑا۔ اس کے بعد جے ایلن بائے 33 جبکہ شاہد آفریدی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ میچ کا سولہواں اوور پشاور زلمی کیلئے انتہائی کامیاب ثابت ہوا۔ بریڈ ہوج نے لگاتار تین چھکے مار کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ اسامہ میر کے اس اوور میں 23 رنز بنے۔ تاہم اوور کی آخری گیند پر دو رنز لینے کی کوشش میں کامران اکمل رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔ اس کے بعد بھی بریڈ ہوج کا بلا رنز اگلتا رہا۔ پشاور زلمی نے انیسویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بلاول بھٹی کامیاب بولر رہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز کی جانب سے سیمنز اور شاہ زیب حسن نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ٹیم کا سکور ابھی 41 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ شاہ زیب حسن وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شاہ زیب حسن نے 18 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے سیمنز کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سینتیس گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ایم ایچ ویسیلز 3، کپتان شعیب ملک 15، شکیب الحسن 11، روی بوپارا 23، سہیل خان 7 بنا سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی، عامر یامین، حسن علی، عمران خان اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دبئی: پاکستان سپرلیگ کے اہم میچ میں لاہور قلندرز آج اپنا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔ اگلے مرحلے میں رسائی کے لئے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان فیصلہ ہونا ہے، پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے 4,4 پوائنٹس ہیں تاہم لاہور قلندرز کے پاس 2 میچز ہیں لیکن کراچی کنگز کو ایک میچ کھیلنا ہے۔

دوسری جانب 6پوائنٹس کی حامل اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی آخری مقابلہ ہوگا،کراچی کنگز کو بھی بقا کی جنگ لڑنے کا ایک ہی موقع ملے گا جبکہ لاہور قلندرز کے 2 میچز ہونا ہیں،دونوں ٹیموں کے 4،4 پوائنٹس ہیں،اسلام آباد کی پوائنٹس پوزیشن بہتر ہونے کی وجہ سے پیش قدمی جاری رکھنے کا زیادہ امکان ہے، پوائنٹس یکساں ہونے کی صورت میں باہمی مقابلوں میں زیادہ فتوحات کی حامل ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی کا موقع ملے گا.
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں مہمان پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر196 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز پرپویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کو پہلا نقصان 7 رنز پر ہوا جب محمد حفیظ 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ تیسرے اوورکی پہلی گیند پراحمد شہزاد بھی 8 زنربنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 4، شعیب ملک 14،عمراکمل 5، شاہد آفریدی 8 اورعماد وسیم بغیرکوئی رنزبنائے آؤٹ ہوئے۔ گرتی وکٹوں کو سنبھالا دینے کے لئے وکٹ کیپربلے بازسرفرازاحمد نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 92 کے مجموعی اسکورپر ہمت ہارگئے انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 41 رنزبنائے، انور علی 8 اوروہاب ریاض 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینٹ ایلیٹ نے 3، کوری اینڈریسن اور ایڈم ملنے نے 2،2 جب کہ ٹرینٹ بولڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز اوپنرز نے ایک بارپھرجارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 57 رنزکا آغاز فراہم کیا۔ چھٹا اوور کرانے شاہد آفریدی آئے اور پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا، انھوں نے 19 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ساتویں اوور میں 62 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو محمد رضوان کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ گیارہویں اوور میں وہاب ریاض نے کیوی قائد کین ولیمسن کو 33 رنز پر آؤٹ کردیا، شعیب ملک نے ان کا کیچ تھاما۔ روس ٹیلر 6 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ کورے اینڈرسن نے 27 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔ گرانٹ ایلیٹ 14 گیندوں پر 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ لیوک رونچی اپنا کھاتا کھولے بغیر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے لیکن ایک طرف سے کورے اینڈرسن نے شاندار بلے جاری رکھی اور 42 گیندوں پر 82 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، 2 کیوی بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔
آکلینڈ: تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دے دی۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لئے 172 رنز کا ہدف دیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پہلے میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد کیویز کو 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن سب سے زیادہ 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کولن منرو نے بھی 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں کو وہاب ریاض نے پویلین کی راہ دکھائی۔ کین ولیمسن اور کولن منرو کے علاوہ صرف ایک کیوی کھلاڑی میٹ ہنری ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے اور انھوں نے 10 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شاہد آفریدی اور عمر گل نے 2، 2 جب کہ عماد وسیم اور ساڑھے 5 برس بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ساڑھے 5 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولرمحمد عامرنے وائڈ بال کروا کر اپنی واپسی کی جب کہ عمر گل نے بھی کئی سال آرام کے بعد کم بیک کیا۔ محمد عامرنے اپنی صلاحتیوں کا لوہا ایک بار پھرمنوایا اور جارحانہ بولنگ کی بدولت کیویز بلے بازوں کو پریشان کرتے رہے جب کہ ایک موقع پرمحمد عامر کی گیند پر کین ولیمسن نے ہوا میں گیند کو اچھالا اور گیند کپتان شاہد آفریدی کے ہاتھوں میں پہنچی لیکن وہ کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپننگ بلے بازمحمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر171 رنز بنائے۔ احمد شہزاد اورمحمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اورمحمد حفیظ نے پہلے سامنا کرتے ہوئے میٹ ہینری کے اوورمیں کوئی رنز نہ بنایا، دوسرے اوورمیں بھی دونوں کھلاڑی دباؤ کا شکار دکھائی دیئے لیکن دوسرے اوور کی پانچویں گیند پرچوکا لگا کر احمد شہزاد نے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی۔ میچ کے پانچویں اوور میں احمد شہزاد نے شاندار چھکا لگایا اوراگلی ہی گیند پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد چھٹے اوور میں محمد حفیظ نے کوری اینڈریسن کی خوب پٹائی کی اور ایک چھکا اور 3 چوکے لگا کر رن اوسط بہتر کردی۔ نئے آنے والے بلے بازصہیب مقصود بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر محمد حفیظ اور شعیب ملک نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلچسپ اسٹروکس لگائے اور قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 78 رنز تک پہنچا تو شعیب ملک نے چھکا لگانے کے لئے ہوا میں گیند کو اچھالا لیکن بونڈری لائن کے قریب کیچ آؤٹ ہوگئے اور وہ 20 رنز بناسکے۔ قومی ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا تو محمد حفیظ 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہد آفریدی نے کریز پرآتے ہی میٹ ہینری کے اوور میں 2 چھکے اور 2 چوکوں سے خوب تواضع کی۔ بوم بوم آفریدی کی دھواں دھار بیٹنگ سے گراؤنڈ میں موجود شائقین جھوم اٹھے، انہوں نے 8 گیندوں پر23 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے بھی کیویز بلے بازوں کی پٹائی کی اور 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ عماد وسیم 18 اور سرفراز احمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 4، مچل سینٹنر نے 2، ٹرینٹ بولڈ اور میٹ ہینری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آکلینڈ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا، دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کا زیادہ ترانحصاراپنے فاسٹ اٹیک پر ہی ہے، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ محمد عامر کی واپسی سے اٹیک مزید مہلک ہوچکا، اس کے سامنے ان فارم کیویز بیٹسمینوں کی ایک نہیں چل پائے گی۔ ٹیم میں یارکر اور ریورس سوئنگ میں ماہر وہاب ریاض بھی موجود ہیں جب کہ عمرگل، انور علی اور عامر یامین کی خدمات بھی میسر ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، سرفرازاحمد اورکپتان شاہد آفریدی اہم ہتھیار ہوں گے۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شاہد آفریدی، احمد شہزاد، افتخار احمد، محمد عامر، محمد رضوان، سرفراز احمد، صہیب مقصود، عمر گل، عامریامین، انور علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، سعد نسیم، شعیب ملک، عمر اکمل اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن کیویز کی قیادت کریں گے جب کہ اسکواڈ میں ٹوڈ اسٹل، گرینٹ ایلیٹ، میٹ ہینری، مچل میکلنگن، کولن مونرو، مچل سینٹنر، کوری اینڈریسن، ٹرینٹ بولڈ، مارٹن گپٹل، ٹام لیتھم، ایڈم ملنے، لیوک رونچی اور روس ٹیلر شامل ہیں۔
آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی ميچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر صفر کے مقابلے دو میچوں سے سیریز جیت لی ہے۔

اس طرح سری لنکا کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں طرح کی کرکٹ میچوں کی سیریز میں شکست کا سامنا رہا۔

سری لنکا نے نیوزی لینے کو جیتنے کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا جسے نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر صرف دس اوورز میں حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر مارٹن گپٹل نے 25 گیندوں چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے۔

ان کی جگہ کریز پر آنے والے کھلاڑی کولن منرو نے محض 14 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور اسی کے ساتھ جیت بھی حاصل کی۔ انھوں نے سات چھکے لگائے۔

منرو نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے تیز اور دنیا بھر میں دوسری سب سے تیز نصف سنچری سکور کی۔ پہلے نمبر پر بھارت کے یووراج سنگھ ہیں جنھوں نے 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔


خیال رہے کہ اسی میچ میں پہلے گپٹل نے 19 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے تیز نصف سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا جو صرف 20 منٹ تک قائم رہ سکا۔

اس سے قبل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لنکا کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں اینجلو میتھیوز کے 81 رنز ناٹ آؤٹ قابل ذکر ہیں۔

میتھیوز کی اننگز میں سات چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ اوپنر دلشان نے 28 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دو ہندسے میں نہ پہنچ سکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے چار جبکہ ملنے اور سانٹر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
دبئی: آئی سی سی نے ٹی 20 فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت پاکستان مزید ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز پہلے نمبر پر ہے جب کہ آسٹریلیا دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ نیوزی لینڈ سے شکست کا خمیازہ سری لنکا کو دوسرے سے تیسرے نمبر پر آنے کی شکل میں اٹھانا پڑا ہے ۔ رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں ، نیوزی لینڈ چھٹے ، پاکستان ساتویں ، بھارت آٹھویں ، افغانستان نویں جبکہ بنگلہ دیش 10 ویں نمبر پر ہے۔

ٹی ٹوئٹی فارمیٹ میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا پایا، بہترین بلے بازوں کی اس فہرست میں آسٹریلیا کے ایرون فنچ پہلے، بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے، انگلینڈ کے ویلز تیسرے، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسس چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم پانچویں نمبر پر ہیں۔ بہترین بولرز کی فہرست میں پاکستان کی جانب سے صرف شاہد آفریدی ہی جگہ بناپائے ہیں لیکن ان کا نمبر بھی چھٹا ہے۔ بولرز میں غلط بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی کا شکار سنیل نارائن بدستور پہلے نمبر ہیں، بدری دوسرے، سنانائیکے تیسرے ، ملنگا چوتھے اور ایشون پانچویں نمبر ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ریننگ کے مطابق بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بہترین آل راؤنڈر ہیں، بوم بوم آفریدی کا دوسرا ، شین واٹسن کا تیسرا جب کہ حفیظ کا چوتھا نمبر ہے۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ میں شرکت کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے سخت ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے سخت ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے دستخط بھی لے لئے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام کھلاڑی دورے کے دوران کسی بھی نجی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے جب کہ دورے کے دوران اپنے عزیز واقارب اوردوستوں سے ملاقات سے قبل ان کی تمام ترمعلومات، تفصیل اور ہوٹل سے باہر جانے کی اطلاع بھی ٹیم انتظامیہ کو دینے کے پابند ہوں گے۔

ضابطے میں لکھا گیا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی قسم کی دوا کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشاورت اور ڈاکٹر کی اجازت لینا ہوگی جب کہ گراؤنڈ میں محمد عامرکے خلاف تماشائیوں کے کسی بھی قسم کے نفرت کے اظہارپرجوابی رد عمل ظاہر نہیں کریں گے اورتمام کھلاڑی اپنے کمروں میں رات 10 بجے پہنچنے کے پابند ہوں گے۔
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے شاہد آفریدی کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ نازیبا رویئے پر معافی مانگ لی۔

لاہورمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جانب سے میں معافی مانگتا ہوں، کوشش کروں گا کہ وہ بھی خود صحافیوں سے معافی مانگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے لئے تیاریاں کررہی ہے اس لئے ٹیم کو مثبت انداز میں رخصت کرنا چاہیئے۔

دوسری جانب شاہد آفریدی کے نازیبا رویئے کے خلاف صحافیوں کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم کے باہر شدید احتجاج کیا گیا اورصحافیوں نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافی کی جانب سے جب شاہد آفریدی سے ان کی کارکردگی کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے صحافی کے سوال کو گھٹیا سوال قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ سے اسی قسم کے سوال کی توقع تھی۔
کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی اور خراب فارم کی وجہ سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفیٰ ہوگئے۔

ہاشم آملہ نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ کا اعلان انگلینڈ سے دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم ہونے کے بعد کیا۔ ہاشم آملا کو سابق کپتان گریم اسمتھ کی جانب سے گزشتہ سال استعفیٰ دیے جانے کے بعدٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا تاہم وہ ٹیم کو خاطر خواہ کامیابیاں دلانے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ ہاشم آملا کی قیادت میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے 14 میں سے صرف4 ٹیسٹ جیتے اور اتنے میں ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 6 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔