Articles by "پاکستان"
‏پاکستان لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
کل جماعتی کانفرنس میں سیاسی قائدین کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں سیاسی قائدین کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگربھارت نے پاکستان کا پانی روکا توجارحیت تصور کیا جائے گا۔

لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات چیت کے لئے تمام جماعتوں کے سربراہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھے۔ وزیراعظم نواز شریف کا اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کا یکجا ہونا خوش آئند بات ہے، برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹوزرداری، خورشید شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمان، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری جب کہ اجلاس میں محمود خان اچکزئی،غلام احمد بلور، میرحاصل بزنجو، سراج الحق، پرویز الہٰی، چوہدری شجاعت حسین، مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر فاروق ستار اور پارلیمنٹ میں فاٹا کے پارلیمانی رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے اپنی آرا پیش کی۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا جلاس کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور اندار میں اجاگر کیا، وزیراعظم نواز شریف نے 11 سربراہان مملکت کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پزیرائی ملی جب کہ او آئی سی گروپ نے بھی پاکستانی موقف کی حمایت کی۔

اعزاز احمد چوہدری نے اجلاس کو بتایا کہ برہان مظفر وانی نوجوان کشمیری نسل کے لئے ایک ہیرو تھا جس نے تحریک آزادی بھرپور انداز میں منظم کی، بھارتی فوج کے ہاتھوں برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا جس پر بھارتی حکمرانوں کو تشویش ہوئی تو انہوں نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ شروع کردیا، بھارت نے مسلسل ڈھائی ماہ سے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ انتہا کو پہنچ چکا ہے۔

کل جماعتی کانفرنس کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں جب کہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے نہ صرف دہشت گردی کے الزامات بلکہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرایئک کا بے بنیاد دعویٰ بھی مسترد کرتے ہیں،اعلامیے میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کی بھی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بھارت کا مذاکرات اور سارک کانفرنس میں نہ آنا افسوس ناک ہے تاہم پاکستانی قیادت کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کا بھارتی دعویٰ بھی مسترد کرتی ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے عوام ،سیاسی جماعتیں اور افواج متحد ہیں جب کہ کشمیریوں کا قتل عام نہ صرف انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کا موقف بہتر انداز میں پیش کیا جب کہ پوری قوم اس مسئلے پر وفاقی حکومت کے ساتھ ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے موقف کی تائید اور مسئلہ کشمیر پر حکومت کا ساتھ دینے کا یقین دلاتے ہیں، بہت اچھی بات ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متفق ہیں کہ کشمیر کو ان کی خواہش کے مطابق حق خود ارادیت کا حق ملنا چاہیئے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر ہم نے اے پی سی بلانے کے لئے قرارداد پیش کی، خوشی ہے کہ وزیراعظم نے ہماری درخواست پر اے پی سی بلائی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو جواب دینے کے لئے بھی تیار ہیں، بھارت ہمیں آزمائے گا تو منہ کی کھائے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کر کے اخلاقی جواز کھو چکا ہے، بھارت کو انتہا پسند سوچ نے بہت نقصان پہنچایا جب کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر جواب دینے کی ضرورت ہے، کشمیر کے موقف پر تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا قابل فخر ہے، اگر ہم سب سے مل کر بھارت کو جواب نہیں دیا تو پھر ہمارا موقف کمزور ہو گا۔


حکومت کی جانب سے کانفرنس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو دعوت نہیں دی گئی جس پر عمران خان نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور اپنی ٹویٹ میں کہا کہ شیخ رشید کے ساتھ جو امتیاز برتا گیا وہ ایک تنگ نظر اور عدم برداشت پر مبنی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جس سے قومی اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکتا۔
یوم عاشور 12 اکتوبر بروز بدھ کو ہوگا
کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے مطابق محرم الحرام 1438 ہجری کا چاند نظر آگیا۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفترمیں ہوا جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے مقررہ مقامات پر ہوئے جس میں شہادتوں کی روشنی میں محرم الحرام کا چاند نظرآنے کا باقاعدہ طور پراعلان کردیا گیا ہے، یوم عاشور 12 اکتوبر بروز بدھ کو ہوگا۔
بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت بہت مہنگی پڑی ہے

لاہور: پاک فوج نے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا کرارا جواب دے کر ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کے دعوےکی قلعی کھول دی ہے۔

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر اپنی روایتی اشتعال انگیزی کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دے کر اپنے میڈیا اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ بھارت نے اپنے عوام کو نہ تو دعوے کے ثبوت کے طور پر اورنہ ہی مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی اور نا ہی اس کارروائی میں ہلاکتوں سے متعلق کوئی آگاہی دی لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو یہ جارحیت بہت مہنگی پڑی۔

ایکسپریس نیوز کی جانب سے حاصل فوٹیج میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کے جواب میں پاکستان نے کس طرح کرارا جواب دے کر بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرنے کے ساتھ ان کی چوکیوں کو کس طرح تباہ کیا جب کہ دوسری جانب بھارت اپنی شرمندگی مٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول کے علاقے میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کررہا ہے۔

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہناہے کہ رائے ونڈ مارچ ضرور ہوگا اور اس کے کےلئے تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کیا جائےگا اوراگر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو پورا شہر بند کردیں گے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھارہی ہے جس پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہو اس کا ریفرنس نہیں بھیجا جاتا حکمران اپنی کرپشن چھپا رہے ہیں اور ہم قوم کو ان کے خلاف اکٹھا کرر ہے ہیں، رائے ونڈ کا گھیراؤ کرنے کے لئے ابھی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا تاہم محرم سے پہلے رائے ونڈ مارچ ہوگا اوروہاں جلسہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے اور مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی شرکت کی اپیل کی جائے گی اور اگر کوئی نہ بھی آیا تو اکیلے ہی جلسے کو کامیاب بنائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم کسی کی دھمکی سے گھبرا جائیں گے تو ان کی بھول ہے، احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، ہم کسی کے گھر نہیں جائیں گے اور نہ ہی پہلے کسی کے گھر کا گھیراؤ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے عسکری ونگ پنجاب پولیس کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں بےگناہ افراد کو مارا لیکن اب اگر دوبارہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ ہوا اور ہمیں ہمارے جمہوری حق سے روکا گیا تواس کےنتائج انتہائی خراب ہوں گے، ہم شہر بند کردیں گے اور پھر ہمارے ردعمل کو حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔

چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں کو کمزور کررہے ہیں، نوازشریف پارلیمنٹ کوکوئی اہمیت نہیں دیتے تمام جمہوری اداروں کو حکومت اپنی گرفت میں لے چکی ہے، پاناما لیکس نیب کے لئے سب سے بڑا کیس تھا لیکن نیب کی جانب سے صرف چھوٹے چوروں کو پکڑا جاتا ہے، جمہوریت میں ادارے آزادانہ کام کرتے ہیں لیکن حکمرانوں نے جمہوری اداروں کومضبوط کرنےکےبجائےانہیں اورکمزورکردیا۔

اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق مطابق پاکستان کا تعلیمی نظام نئے دور کے تقاضوں سے 60 سال پیچھے ہے۔

پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہےکہ پاکستان میں نہ صرف شرح خواندگی کی کمی ہے بلکہ پاکستان کا تعلیمی نظام بھی موجودہ دور کے تعلیمی تقاضوں کے معیار سے 60 سال پیچھے ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا تعلیمی نظام دنیا بھر میں پرائمری سطح پر دی جانے والی تعلیم کے مقابلے میں 50 سال جب کہ سیکنڈری سطح پر دی جانے والی تعلیم نئے تقاضوں کے معیار سے 60 سال پیچھے ہے تاہم یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ دیگر کئی ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 56 لاکھ ایسے بچےہیں جو اسکول جاتے ہی نہیں جب کہ ایک کروڑ 4 لاکھ ایسےبچے ہیں جو سیکنڈری اسکول سے آگے نہیں جاتے، صرف یہی نہیں بلکہ شہروں اور دیہات میں بسنے والے بسنے والے افراد کے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے میں بھی بہت فرق ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کا محض 11.3 فیصد تعلیم پر خرچ کرتی ہے جب کہ دیگر وجوہات میں ملک میں جاری دہشت گردی کی کارروائیاں بھی ہیں جن میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

نئی دلی:پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی میں تقریب میں شرکت نہ کرنے دینے پر بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے شکایت کی گئی تاہم عبدالباسط سے بھارتی مؤقف کو مسترد کردیا۔

نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کرکے حکام نے شکایت کی کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی کی تقریب میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کی شکایت رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھی پاکستانی ہائی کمشنر کی دعوتوں کو منسوخ کرنا معمول ہے اور ایسی تمام دعوتوں کی منسوخی بھارتی حکومت کے دباؤ پر کی جاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کی کئی تقریبات نہیں ہونے دیں جب کہ پاکستانی ہائی کمشنر کوکئی بار دی گئی دعوت بھارتی میزبانوں نے دباؤ میں آکر واپس لی۔ ادھر بھارت نے اپنے شہریوں کو پاکستانی ہائی کمشنر کو تقریبات میں مدعو نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی دفترخارجہ طلبی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہائی کمشنر کو چیمبر آف کامرس مدعو نہ کرنے پر احتجاج کیا جب کہ واقعہ سے متعلق معلومات لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت دینے سے متعلق کراچی چیمبر آزاد ادارہ ہے۔

کراچی:شارع فیصل پر سول سوسائٹی کے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا جب کہ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو حراست میں لے لیا گیا۔

کراچی میں شارع فیصل پر سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے اسٹارگیٹ پر دھرنا دیا جس کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گھنٹوں سے جاری رہنے والے شدید ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور اس دوران کئی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔

پولیس نے شارع فیصل کو کلیئر کرانے کے لیے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور ان پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے جب کہ اس دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

فیصل واوڈا کو کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے حراست میں لے کر ایئرپورٹ تھانے منتقل کردیا جب کہ شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے بحال بھی کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ فیصل کی مہم سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، فیصل واوڈا نے عوام کو اذیت میں رکھا جس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر عوام پریشان ہوئے جس پر معذرت کرتا ہوں اور اس حرکت پر فیصل واوڈا کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
 
لاہور:پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے موقع پر 8 خصوصی ٹرینیں چلانے کے علاوہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان ریلوے نے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے جب کہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پہلی اسپيشل ٹرين 10 ستمبر كو كراچي سٹی اسٹيشن سے دن 11 بجے روانہ ہوكر نواب شاہ ، ملتان كينٹ، فيصل آباد اور سرگودھا سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10 بجكر30 منٹ پر پشاور كينٹ پہنچے گی۔ دوسری اسپيشل ٹرين كوئٹہ سے دن 1 بجے روانہ ہو كرسكھر، ملتان اورلاہور كينٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 7 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچےگی۔

تيسری اسپیشل ٹرين 11 ستمبر كو كراچی كينٹ سے دن 11 بجے روانہ ہو كر براستہ روہڑی، خانيوال، فيصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روزلاہور پہنچے گی۔ چوتھی اسپيشل ٹرين 12 ستمبر كو راولپنڈی سے صبح 10 بجے روانہ ہو كر سہ پہر 3 بجكر 10منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ پانچويں ٹرين لاہور سے شام 7 بجكر 30 منٹ پر راولپنڈی كے لئے روانہ ہوگی اور رات 1 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

چھٹی اسپيشل ٹرين واپسی كے لئے 17ستمبر كو پشاور كينٹ سے دن 11بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی، ساتويں ٹرين راولپنڈی سے دن 11بجے كوئٹہ كے لئے روانہ ہوگی اور اسی طرح آٹھويں اور آخری عيد اسپيشل ٹرين لاہور سے رات 8 بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی۔

اسلام آباد: ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہداء کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

قوم آج یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ یوم دفاع کے موقع پر آج اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شہداء کے لیے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی ہوگی جب کہ دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات ہوں گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔ لاہور میں علامہ محمد اقبال اور کراچی میں قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی منظوری دے دی۔
میڈیا کےمطابق وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے 3 چھٹیوں کی منظوری دے دی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ پر 12 سے 15 ستمبر تک چھٹی ہوگی اور 16 ستمبر سے تمام سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی تاہم وفاقی حکومت نے عید سے ایک روز قبل چھٹی کا اعلان کیا ہے جس کے باعث سرکاری ملازمین کو صرف عید کے 2 روز کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق تمام ریفرنس مسترد کردیئے جب کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی سے متعلق ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بجھوا دیئے ہیں۔

میڈیا کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان تحریک انصاف اور سابق ایم این اے عمر فاروق کی جانب سے دائر تمام ریفرنس مسترد کر دیئے ہیں جب کہ اسپیکر نے محمود خان اچکزئی کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس بھی مسترد کردیا ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی جانب سےعمران خان کی نا اہلی سے متعلق دائر کیا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا جب کہ جہانگیرترین کی بھی نااہلی سے متعلق ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوادیا گیا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو درخواستیں فائل ہوئیں ان کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، 8 ریفرنسز کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کیا گیا، 2 ریفرنسز میں نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے اس لیے جن درخواستوں پر لگا کہ نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے وہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیں اور جن پر ایسا نہیں لگا انہیں مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جج نہیں ہوں، جو کاغذات درخواستوں میں لگائے گئے انہی پر فیصلہ کرتے ہوئے دیگر ریفرنس بھی الیکشن کمیشن بھجوادیئے ہیں جن پر رولنگ کے بعد کمیشن نے 90 روز میں فیصلہ کرنا ہے۔

دریں اثنا ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 4 ریفرنس دائر کئے گئے جس میں سے 2 تحریک انصاف، ایک شیخ رشید اور ایک سابق ممبر قومی اسمبلی سردارعمر فاروق کی جانب سے دائر کیا گیا۔ فدا محمد کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے لیے بھی ایک ریفرنس موصول ہوا۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین اور محمود اچکزئی کے خلاف بھی ایک ریفرنس دائر کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس 30 روز کے اندر کسی بھی ریفرنس کو سماعت کے لئے منظور یا مسترد کرنے کا آئینی اختیار ہوتا ہے، اگر اسپیکر 30 روز کے اندر کسی ریفرنس کو منظور یا مسترد نہیں کرتا تو پھر وہ آئینی لحاظ سے الیکشن کمیشن کو منتقل ہو جاتا ہے۔

ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی ہیں۔

اکتوبر 2010 میں لندن میں آپریشن کے بعد سے وہ مسلسل علیل تھیں اور جمعے کو 78 برس کی عمر میں چل بسیں۔

سنہ 1938 میں علی گڑھ میں پیدا ہونے والی شمیم آرا کا اصل نام پتلی بائی تھا، لیکن فلمی ضرورت کے تحت بدل کر اسے شمیم آرا کر دیا گیا تھا۔

تقسیمِ برصغیر کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا تھا۔

ان کی پہلی فلم کنواری بیوہ تھی جسے باکس آفس پر کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، البتہ لوگوں کو ایک نئی اداکارہ کا انداز بھا گیا۔

اس کے بعد انھیں مختلف قسم کے کردار ملتے رہے۔ بالآخر 1960 میں شمیم آرا نے فلم ’سہیلی‘ میں نگار ایوارڈ حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

اس کے بعد انھوں نے 80 سے زیادہ فلموں میں کام کیا جن میں پاکستان کی پہلی رنگین فلم نائلہ بھی شامل ہے۔

شمیم آرا کی چند مقبول فلموں میں ’دیوداس،‘ ’صائقہ،‘ ’لاکھوں میں ایک،‘ ’انارکلی،‘ ’چنگاری،‘ ’فرنگی،‘ ’دوراہا،‘ ’منڈا بگڑا جائے،‘ وغیرہ شامل ہیں۔ وحید مراد کے ساتھ ان کی جوڑی کو شائقینِ فلم میں بےحد پذیرائی ملی۔

فلم ’قیدی‘ میں فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ انھی پر فلمائی گئی تھی جسے بےحد مقبولیت حاصل ہوئی۔

شمیم آرا کی پہلی شادی سردار رند سے ہوئی تھی۔ ان کے انتقال کے بعد انھوں نے دو اور شادیاں کیں لیکن دونوں زیادہ دیر نہیں چل سکیں البتہ سکرپٹ رائٹر دبیر الحسن سے ان کی چوتھی شادی آخر تک چلی۔

1989 میں آنے والی پنجابی فلم ’تیس مار خان‘ شمیم آرا کی بطورِ اداکارہ آخری فلم ثابت ہوئی، جس کے بعد انھوں نے ہدایت کاری کے میدان میں قسمت آزمائی کی اور ’جیو اور جینے دو،‘ ’پلے بوائے،‘ ’مس ہانگ کانگ،‘ اور ’مس کولمبو‘ جیسی فلمیں بنائیں۔

انھیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ انھوں نے اداکاری میں چھ نگار ایوارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کے لیے بھی تین نگار ایوارڈ حاصل کیے۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ومتروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پرکمیشن بنانے میں عمران خان سنجیدہ نہیں ہیں، پی ٹی آئی کوہر الیکشن میں شکست ہورہی ہے وہ صرف وزیراعظم نوازشریف کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں اور7 اگست کو ان کی احتجاج کی کال بھی دھرنے کی طرح ناکام ہوگی۔

 خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدیق الفاروق نے کہا کہ میرے خیال میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع لینے میں دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ حکومت ان کی خدمات کے پیش نظر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی یا اور کوئی اہم عہدہ دے سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاناما لیکس پر وزیراعظم نوازشریف خود پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہوئے لیکن اس وقت اپوزیشن بائیکاٹ کرکے چلی گئی، اب بھی عمرا ن خان نہیں چاہتے کہ ٹی او آرز کے لیے کمیشن بنے اور انکوائری ہو کیونکہ وہ خودآف شور کمپنی بناچکے ہیں اوران کے خاص بندے بھی اس کی زد میں آتے ہیں، وہ صرف وزیراعظم نواز شریف کوبلیک میل کرناچاہتے ہیں لیکن ان کو پتہ نہیں کہ ملک کے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں، عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے، پہلے انھوں نے دھرنے دے کر ملک کو نقصان پہنچایا اب پھراحتجاج کی کال دے رہے ہیں۔

چیرمین متروکہ املاک بورڈ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں ان کی کوئی عزت نفس نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، پیپلزپارٹی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے، حکومت کے خاتمے کی تمام افواہیں جھوٹی ہیں، نوازشریف اورشہباز شریف میں کوئی اختلاف نہیں۔

اسلام آباد: پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ شہید مریم مختار پر بننے والی مختصر فلم کی پہلی تصویر منظر عام پر آگئی۔

فلم پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بنائی جارہی ہے جو 2015میں تربیتی پرواز کے دوران طیارہ گرنے کے باعث شہید ہو گئیں تھی۔

فلم نامور ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بنے گی جب کہ ڈرامے کی مصنف عمیرہ احمد ہیں۔ فلم میں مرکزی کرداراداکارہ صنم بلوچ ادا کر رہی ہیں۔

دبئی: پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ صوبے میں نیا وزیراعلیٰ لانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پارٹی قیادت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ 

دبئی میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اورشریک چیرمین آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، رحمان ملک اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب سمیت صوبائی حکومت کی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

پارٹی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے سمیت سندھ کابینہ میں بھی ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا جس پر پارٹی چیرمین بلاول بھٹو سندھ کی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کے بعد اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو رینجرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی جس کے بعد رینجرز سندھ میں ایک سال مزید قیام کرے گی اور رینجرز کے خصوصی اختیارات میں بھی 3 ماہ کی توسیع کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سید قائم علی شاہ 8 سال سے سندھ کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائض ہیں جب کہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے سید مراد علی شاہ سب سے زیادہ مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں جب کہ اس ڈور میں منظور وسان اور نثار کھوڑو بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں تحریک انصاف نظریاتی  کے نام سے نئی جماعت بن گئی ہے۔
میڈیا کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعد پاکستان تحریک انصاف (ن) بھی میدان میں کود پڑی، شیخوپورہ سے تحریک انصاف کے سابق رہنما اختر اقبال ڈار نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے پارٹی بنائی ہے جس کو الیکشن کمیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ بھی کرالیا گیا ہے جب کہ اختر اقبال ڈار پارٹی کے سربراہ ہوں گے۔
اختر اقبال ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نوجوانوں کو دھوکا دے رہے ہیں، انہوں نے جس تبدیلی کا نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا وہ اس راستے سے ہٹ چکے ہیں جب کہ تحریک انصاف اب کچھ لوگوں کے گرد گھوم رہی ہے لہذا نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا تا کہ تحریک انصاف جس مقصد کے لیے بنائی گئی تھی وہ برقرار رہے۔
اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں مارچ میں ہونے والی مردم شماری کرانے کا فیصلہ موخر کردیا۔
میڈیا کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت تقریباً 11 ماہ بعد مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سرفہرست مردم شماری کا ایجنڈا تھا جس پر تمام صوبوں کی رضامندی کے بعد اسے موخرکرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ مردم شماری موخر کرنے کی وجہ آپریشن ضرب عضب اور سیکیورٹی اداروں کی مصروفیت بتائی جاتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں مردم شماری کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا، مردم شماری کے لئے پاک فوج کے جوان دستیاب نہیں اس لئے مارچ میں مردم شماری نہیں کرائی جا سکتی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ مردم شماری کے لئے بلوچستان میں سب سے زیادہ فوج کی ضروت ہے اس لئے ان سے مشاورت کے بعد تاریخ کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ایل پی جی، ایل این جی کی درآمد اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران کچھی کینال میں بے قاعدگیوں کا نوٹس بھی لیا گیا جس پر وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جب کہ مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو ہوگا جس میں  نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بحث کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں آخری مرتبہ 1998 میں مردم شماری ہوئی تھی اور موجودہ حکومت نے تقریباً 16 برس بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن تیاریاں مکمل نہ ہونے پر صوبوں کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔
راولپنڈی: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں ممتاز قادری کو پھانسی دے دی گئی۔
 ممتاز قادری کو علی الصبح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، اس موقع پر جیل کے اندر  اور اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔ ممتاز قادری کو پھانسی دینے سے قبل ان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی اور موت کی تصدیق کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں اسکول اور پٹرول پمپس بند کرا دیئے گئے جب کہ نمائش چورنگی پر احتجاج بھی کیا گیا۔ لاہور میں شاہدرہ موٹر پر مظاہرین نے ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور ٹائر جلا سڑک بلاک کردی جس کے باعث میٹرو بس کا روٹ محدود کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں بھی مظاہرین ممتاز قادری کو سزائے موت کے خلاف میٹرو بس کے ٹریک پر آ گئے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدر آباد میں مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیئے اور اسکول بند کروا دیئے۔
واضح رہے کہ ممتاز قادری نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ممتاز قادری کے خلاف پہلے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم دیا پھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا اور پھر گزشتہ برس دسمبر میں سپریم کورٹ نے بھی ممتاز قادری کی درخواست مسترد کردی۔ صدر ممنون حسین نے بھی چند روز قبل ممتاز قادری کی رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی۔
پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید ہونے والے کیپٹن کے جسد خاکی کو کاندھا بھی دیا۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ پشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کی۔
اس موقع پرجنرل راحیل شریف کو شوال میں جاری آپریشن میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکارجوانوں کے حوصلے اورعزم کو سراہا اورکہا کہ دہشت گردوں کو شوال سے فرارنہیں ہونے دیں گے اور پاکستان سے ہر کونے سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں کیپٹن عمیر عباسی سمیت پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے تھے جب کہ افغانستان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 19 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
کراچی: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پنجاب میں تحریک تحفظ شوہراں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ نسواں قانون کے خلاف عدالت جانے والے کی حمایت کریں گے۔

کراچی میں جے یو آئی (ف) کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق قانون سازی کا محور پارلیمنٹ ہے، ملک کی پالیسیاں طے کرنے کا حق پارلیمنٹ اور حکومت وقت کو ہے، قانون سازی کے وقت ہر معاملے میں قران و سنت سے رہنمائی حاصل کرنا ہوتی ہے، جب ہم ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی بات کرتے ہیں تو پھر ہمیں تنگ نظر کیوں کہا جاتا ہے، شرعی معاملات کے حل کا اختیار جب اسلامی نظریاتی کونسل کودیا گیا ہے تو پھر اس کے ارکان یا چئیرمین کو بلاجواز تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے برخلاف کوئی قانون نہیں بنائیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مری معاہدہ قائم کیا، جس کی پاسداری نہ کرنے پر انہوں نے احتجاج کیا اور اب وہ کیوں معاہدے کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی چھت میں اللہ کے 99 نام لکھے ہیں، ان ناموں کے نیچے اللہ کے قانون کے خلاف قانون بنا ڈالا، پنجاب میں نئے قانون کے مطابق ایک عورت اپنے شوہر کے خلاف تھانے میں رپورٹ درج کرائے گی ۔ اس کے بعد شوہر کے ہاتھ میں سم لگائی جائے گی جس سے اس کی حرکات کا پتہ چلایا جا سکے گا، قتل کے مقدمے کی بھی وڈیو نہیں بنائی جاسکتی لیکن پنجاب میں منظور کئے گئے نئے قانون کے تحت میاں بیو ی کے جھگڑے کی عدالتی رکارڈنگ کی جائے گی، قرآن انسان کو احترام بخشتا ہے لیکن یہاں انسان کی تذلیل کی جارہی ہے۔ آج ماڈرن ازم اور لبرل ازم کے نام پر معیارات تبدیل ہوگئے ہیں، برطانیہ کی نقل کرنے کے لئے انہوں نے اپنے خاندانی نظام کو نہیں دیکھا، تحفظ نسواں قانون کے تحت خاندانی نظام کو بکھیر دیا، جب خاندان ٹوٹ جائیں گے تو گھر کے فرد در بدر ہوجائیں گے۔ ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر نظریات پر سودے بازی نہیں کریں گے اور تحفظ نسواں ایکٹ کو چیلنج کرنے والوں کی مکمل حمایت کریں گے۔