کراچی:شارع فیصل پر سول سوسائٹی کے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا جب کہ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی میں شارع فیصل پر سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے اسٹارگیٹ پر دھرنا دیا جس کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گھنٹوں سے جاری رہنے والے شدید ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور اس دوران کئی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔
پولیس نے شارع فیصل کو کلیئر کرانے کے لیے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور ان پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے جب کہ اس دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
فیصل واوڈا کو کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے حراست میں لے کر ایئرپورٹ تھانے منتقل کردیا جب کہ شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے بحال بھی کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ فیصل کی مہم سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، فیصل واوڈا نے عوام کو اذیت میں رکھا جس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر عوام پریشان ہوئے جس پر معذرت کرتا ہوں اور اس حرکت پر فیصل واوڈا کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours