اسلام آباد:تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہناہے کہ رائے ونڈ مارچ ضرور ہوگا اور اس کے کےلئے تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کیا جائےگا اوراگر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو پورا شہر بند کردیں گے۔
بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھارہی ہے جس پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہو اس کا ریفرنس نہیں بھیجا جاتا حکمران اپنی کرپشن چھپا رہے ہیں اور ہم قوم کو ان کے خلاف اکٹھا کرر ہے ہیں، رائے ونڈ کا گھیراؤ کرنے کے لئے ابھی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا تاہم محرم سے پہلے رائے ونڈ مارچ ہوگا اوروہاں جلسہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے اور مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی شرکت کی اپیل کی جائے گی اور اگر کوئی نہ بھی آیا تو اکیلے ہی جلسے کو کامیاب بنائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم کسی کی دھمکی سے گھبرا جائیں گے تو ان کی بھول ہے، احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، ہم کسی کے گھر نہیں جائیں گے اور نہ ہی پہلے کسی کے گھر کا گھیراؤ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے عسکری ونگ پنجاب پولیس کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں بےگناہ افراد کو مارا لیکن اب اگر دوبارہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ ہوا اور ہمیں ہمارے جمہوری حق سے روکا گیا تواس کےنتائج انتہائی خراب ہوں گے، ہم شہر بند کردیں گے اور پھر ہمارے ردعمل کو حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔
چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں کو کمزور کررہے ہیں، نوازشریف پارلیمنٹ کوکوئی اہمیت نہیں دیتے تمام جمہوری اداروں کو حکومت اپنی گرفت میں لے چکی ہے، پاناما لیکس نیب کے لئے سب سے بڑا کیس تھا لیکن نیب کی جانب سے صرف چھوٹے چوروں کو پکڑا جاتا ہے، جمہوریت میں ادارے آزادانہ کام کرتے ہیں لیکن حکمرانوں نے جمہوری اداروں کومضبوط کرنےکےبجائےانہیں اورکمزورکردیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours