Articles by "اسلام آباد"
‏اسلام آباد لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
 
لاہور:پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے موقع پر 8 خصوصی ٹرینیں چلانے کے علاوہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان ریلوے نے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے جب کہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پہلی اسپيشل ٹرين 10 ستمبر كو كراچي سٹی اسٹيشن سے دن 11 بجے روانہ ہوكر نواب شاہ ، ملتان كينٹ، فيصل آباد اور سرگودھا سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10 بجكر30 منٹ پر پشاور كينٹ پہنچے گی۔ دوسری اسپيشل ٹرين كوئٹہ سے دن 1 بجے روانہ ہو كرسكھر، ملتان اورلاہور كينٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 7 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچےگی۔

تيسری اسپیشل ٹرين 11 ستمبر كو كراچی كينٹ سے دن 11 بجے روانہ ہو كر براستہ روہڑی، خانيوال، فيصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روزلاہور پہنچے گی۔ چوتھی اسپيشل ٹرين 12 ستمبر كو راولپنڈی سے صبح 10 بجے روانہ ہو كر سہ پہر 3 بجكر 10منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ پانچويں ٹرين لاہور سے شام 7 بجكر 30 منٹ پر راولپنڈی كے لئے روانہ ہوگی اور رات 1 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

چھٹی اسپيشل ٹرين واپسی كے لئے 17ستمبر كو پشاور كينٹ سے دن 11بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی، ساتويں ٹرين راولپنڈی سے دن 11بجے كوئٹہ كے لئے روانہ ہوگی اور اسی طرح آٹھويں اور آخری عيد اسپيشل ٹرين لاہور سے رات 8 بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی۔

اسلام آباد: ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہداء کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

قوم آج یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ یوم دفاع کے موقع پر آج اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شہداء کے لیے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی ہوگی جب کہ دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات ہوں گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔ لاہور میں علامہ محمد اقبال اور کراچی میں قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی منظوری دے دی۔
میڈیا کےمطابق وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے 3 چھٹیوں کی منظوری دے دی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ پر 12 سے 15 ستمبر تک چھٹی ہوگی اور 16 ستمبر سے تمام سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی تاہم وفاقی حکومت نے عید سے ایک روز قبل چھٹی کا اعلان کیا ہے جس کے باعث سرکاری ملازمین کو صرف عید کے 2 روز کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ومتروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پرکمیشن بنانے میں عمران خان سنجیدہ نہیں ہیں، پی ٹی آئی کوہر الیکشن میں شکست ہورہی ہے وہ صرف وزیراعظم نوازشریف کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں اور7 اگست کو ان کی احتجاج کی کال بھی دھرنے کی طرح ناکام ہوگی۔

 خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدیق الفاروق نے کہا کہ میرے خیال میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع لینے میں دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ حکومت ان کی خدمات کے پیش نظر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی یا اور کوئی اہم عہدہ دے سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاناما لیکس پر وزیراعظم نوازشریف خود پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہوئے لیکن اس وقت اپوزیشن بائیکاٹ کرکے چلی گئی، اب بھی عمرا ن خان نہیں چاہتے کہ ٹی او آرز کے لیے کمیشن بنے اور انکوائری ہو کیونکہ وہ خودآف شور کمپنی بناچکے ہیں اوران کے خاص بندے بھی اس کی زد میں آتے ہیں، وہ صرف وزیراعظم نواز شریف کوبلیک میل کرناچاہتے ہیں لیکن ان کو پتہ نہیں کہ ملک کے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں، عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے، پہلے انھوں نے دھرنے دے کر ملک کو نقصان پہنچایا اب پھراحتجاج کی کال دے رہے ہیں۔

چیرمین متروکہ املاک بورڈ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں ان کی کوئی عزت نفس نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، پیپلزپارٹی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے، حکومت کے خاتمے کی تمام افواہیں جھوٹی ہیں، نوازشریف اورشہباز شریف میں کوئی اختلاف نہیں۔
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور آخری حد تک ان کا پیچھا کریں گے جب کہ دیرپا امن اور سیکیورٹی کے لیے تمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی مجموعی اندرونی اوربیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ کانفرنس میں موجودہ جیو اسٹریٹجک حالات اور پاکستان پراسکےاثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو سیکیورٹی خطرات پر بریفنگ بھی دی گئی جب کہ کورکمانڈرز نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پراطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت پرمکمل اطمینان کااظہار کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والےجوانوں ، افسروں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔ آرمی چیف نے ملک میں دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑنے پرسیکیورٹی ایجنسیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن اور سیکیورٹی کے لیے تمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ساتھ ہی نتائج کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے جس میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی 50 یونین کونسلوں میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا،حلقے میں پولنگ شروع ہوتے ہی انتہائی جوش و خروش دیکھا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشن کی جانب رخ کیا۔ پولنگ کے روز وزارت داخلہ نےعام تعطیل کا تو اعلان نہیں کیا تاہم تعلیمی اداروں میں مکمل جب کہ سرکاری دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی رہی اور سرکاری ملازمین نے دوپہر 2 بجے کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
اسلام آباد میں پرامن اندازمیں انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور8 ہزارسے زائد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 625 فوجی جوان اور رینجرزکے 700 اہلکار بھی کوئیک رسپانس فورس کے طورپرالرٹ رہے۔ پولیس، ایف سی، اسپیشل برانچ اور پاک فوج کے جوانوں کو خصوصی موبائل سمیں فراہم کی گئیں جن کی مانیٹرنگ جی پی آر ایس کے ذریعے کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت کی 600 نشستوں پر 2 ہزار396 امیدواروں میں مقابلہ ہورہا ہے، چیئرمین کے لئے 255 ، جنرل نشستوں پرایک ہزار210 ، خواتین کی نشستوں پر351، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248، نوجوانوں کی نشستوں پر230 جب کہ اقلیتی نشستوں پر102 امید وارمدمقابل ہیں۔

مکہ المکرمہ: سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر نے حرم شریف میں کرین حادثے میں 6 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ عرب ٹی وی نے حادثے میں 15 پاکستانیوں کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر منظور الحق نے حرم شریف میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں 6پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 36 پاکستانی عازمیں حج مکہ کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے کرین حادثے میں شہید ہونے والوں کے نام بھی جاری کر دیئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں مہمند ایجنسی کے نیاز محمد، لاہور کے علی رضا اقبال، مردان کی عنبربہادر شاہ، امِ نیاز، گل عبدالمنان اور دیر کے احمد فیض شامل ہیں۔

پاکستانی سفیر منظور الحق نے 3 اسپتالوں کا دورہ کرتے ہوئے ہم وطنوں کی عیادت کی اور میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی النور اسپیشلسٹ اسپتال، شاہ فیصل الشیشہ اسپتال اور الظاہر اسپتال میں مکمل دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

دوسری جانب عرب ٹی وی نے حرم شریف میں کرین گرنے کے حادثے میں 15 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ حادثے میں 25 بنگلا دیشی، 25 ایرانی اور10 بھارتی شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔

خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان نے حرم شریف میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی جب کہ اس موقع پر شاہ سلمان نے انتظامیہ کو ہدایت کی نمازیوں اور عازمین کے ہر طرح کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حرم شریف میں کرین گرنے کے نتیجے میں 107 افراد ہلاک اور 238 کے قریب زخمی ہوگئے تھے جب کہ زخمیوں میں 50 کے قریب پاکستانی بھی شامل ہیں۔

بھارت کو 1965 کی جنگ میں عبرتناک شکست سے دوچار کرنے پر ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع شایان شان طریقے سے منایا گیا۔

پچاسویں یوم دفاع کے موقع پر دن کے آغاز میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور دفاع اور 65 کی جنگ کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جب کہ وفاقی دار الحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا جب کہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نیوی کے دستے نے تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور خالد پرویز کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان ایئرفورس کے چاک و چوبند دستے نے مزار قائد کی سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے، مزار کی سیکیورٹی پاک فضائیہ کے 75 کیڈٹس نے سنبھالی جس میں 6 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھے۔ ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بریگیڈئیر بلال جاوید نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بریگیڈئیر بلال جاوید نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے جب کہ رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر سلامی پیش کی۔

وزیراعظم نے بھی لاہور میں میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور کور کمانڈر لاہور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کوئٹہ اور پشاور میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، کوئٹہ میں کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل ناصر جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ پشاور میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں قاسم آرمی بیس دھنیال میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

یوم دفاع کے موقع پر کراچی سی ویو میں پاک بحریہ کی جوش وجذبے سے بھرپور تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیوی کے ہیلی کاپٹرز، اسپیشل سروز گروپ، پاک مرینز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا جب کہ پاکستان نیول ایوی ایشن کا فلائی پاسٹ، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کی دلکش مشقیں اور پیرا جمپ، فراگ مین اٹیک، بیچ اسالٹ اور فائرورکس کے بھی شاندار مظاہرے کیے۔

یوم دفاع کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب نے شہریوں کا لہو گرما دیا، واہگہ بارڈر کی تقریب میں جوش و ولولے سےسرشار لاہور کے شہریوں کا جمِ غفیر واہگہ بارڈرپرموجود رہا اس دوران ان کا جوش وخروش بھی عروج پر تھا جب کہ شہریوں کے پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعروں میں پرچم اتارنے کی تقریب ہوئی۔
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک میں امن و امان اور سرحدوں کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال اورا فغان امن عمل پر غور کیا گیا، ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف کو امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس اور جرمن وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور انہیں نقل مکانی کرنیوالوں کی دوبارہ آبادکاری سے متعلق بھی بتایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور اس بارت پر اتفاق کیا گیا کہ بھتہ خوروں اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں نوازشریف مقابلے پر آجائیں تو خود ان کا مقابلہ کروں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 122 کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن میں نواز شریف مقابلے میں آجائیں تو میں خود ان کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا خوشی ہے کہ (ن) لیگ والے خود چیلنج دے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ الیکشن میں ان کا امپائر کھڑا ہوگا لیکن مسلم لیگ (ن)الیکشن میں کسی صورت نہیں جیت سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقابلے سے پتہ چلے گا کہ لاہور تحریک انصاف کا ہے یا نہیں۔

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے این اے 122 اور این اے 154 میں بھرپور طریقے سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، جس میں الیکشن ٹریبونل کی جانب سے این اے 122 اور این اے 154 میں انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواستوں پر فیصلوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے بجائے دونوں حلقوں پر دوبارہ ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ سردار ایاز صادق اور صدیق بلوچ کے خلاف فیصلے پر عوامی عدالت میں حاضر ہوں گے اور عوام دیگر ضمنی انتخاب کی طرح اس بار بھی ہمیں قبولیت کی مہر ثبت کرے گی کیونکہ انتخابات میں جب بھی ڈبے کھلتے ہیں تو شیر ہی نکلتا ہے اور ماضی کی طرح اس بار بھی ضمنی انتخابات میں عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان صرف سازش اور انارکی پھیلا سکتے ہیں، جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو عمران خان اس میں خلل ڈالنے لگ جاتے ہیں، عمران خان ایاز صادق کے حلقے سے الیکشن سے فرار حاصل کررہےہیں اور جہانگیرترین بھی انتخاب لڑنے سے بچ رہے ہیں، ہم انتخابات کے لئے تیار ہیں اور ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، اب الیکشن کمیشن کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا، عمران خان اور جہانگیرترین ضمنی الیکشن میں اپنی سچائی ثابت کریں، این اے 122 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق ہی ہوں گے تاہم این اے 154 پر صدیق بلوچ کی ڈگری جعلی قرار دیئے جانے کی وجہ سے وہاں معاملہ دوسرا ہے۔ سعد رفیق اس وقت بیرون ملک ہیں اس لئے ان کی وطن واپسی پر ان کے کیس کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، ان کے نجانے کتنےتھرڈ امپائر ہیں،لیکن ہمارا تھرڈ امپائر صرف عوام ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) 2018 تک کامیاب ہو گئی تو انہیں 2013 سے زیادہ عبرتناک شکست ہو گی۔ ہم ملک میں شفافیت پر یقین رکھتے ہیں انتقامی کاروائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔

اسلام آباد......سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور عدالت سے ریمانڈ لئے جانے کے بعد آصف زرداری نے پارٹی قائدین سے ٹیلیفون رابطے کئے ہیں،ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں پربھرپوراحتجاج اورٹھوس حکمت عملی اپنانےکی ہدایا ت دی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے،کیا کرپشن صرف کراچی میں ہورہی ہے،ڈاکٹر عاصم کا قصور پیپلزپارٹی سے تعلق ہے،جس کی انہیں سزا دی جا رہی ہے،جیلیں اور ہتھکڑیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور اس کے بعد کی صورت حال پرپیپلزپارٹی کی سینئرنائب صدرشیری رحمان آج شام 6 بجےپریس کانفرنس کریں گی جس پیپلزپارٹی قائدین زرداری کی ہدایت پر آج شام اپنا موقف بیان کریں گے۔

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے نام پر آصف زرداری پر براہ راست ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ کی ابتدا ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ’’را‘‘ سندھ اوربلوچستان میں گھس چکی ہے، بندوق کے زور پر کچھ نہیں ہوتا، سندھ میں جو لاوا پک رہا ہے صرف سندھی روک سکتے ہیں، آرمی چیف کو سندھ میں امن و امان کی صورت حال پر وزیراعلیٰ کو اعتماد میں لینا چاہیے، اداروں کے سربراہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربتائیں کہ کیا سب کچھ سندھ میں ہی ہورہا ہے، کیا خیبرپختونخوا، بلوچستان اورپنجاب میں کرپشن ختم ہوگئی ہے لیکن ایک صوبے کو ٹارگٹ کرکے تباہ کیا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ہمارے لوگوں میں کیا خرابی ہے۔ بھارت اس لئے طاقتور ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسے کام نہیں کرتیں،مسلم لیگ (ن) کوسمجھنا چاہیے کہ سیاسی جماعتیں ہی ان کی دست وبازوں ہیں۔ قاسم ضیاء کوہتھکڑی لگانےپرشرم آنی چاہیے، ڈاکٹر عاصم سے پہلے تفتیش کی جانی چاہیے جو کہ مہذب معاشرے والا سلوک ہوتا ہے۔ یہ پکڑدھکڑ ختم کی جائے اگر آصف زرداری پر براہ راست ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ کی ابتدا ہو گی۔

خورشید شاہ کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کےارکان میں غیرت ہےتوانہیں گھرچلےجانا چاہیے، اس معاملے پر پی ٹی آئی کے دھرنے میں شامل نہیں ہوں گے تاہم الیکشن کمیشن ممبران کے معاملے پرآصف زرداری سے مشاورت کے بعد پالیسی کا اعلان کریں گے، تمام تر مشکلات کے باوجود ہم پارلیمنٹ کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، جبر کا سامنا پارلیمنٹ کے اند رہ کر کریں گے۔


اسلام آباد: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران افغان انٹیلی جنسی ایجنسی کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت کا اعتراف بھی کیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران 2 افغان انٹیلی جنس کے اہلکاروں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت کرنے کا اعتراف کیا ہے جب کہ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گزشتہ 5 روز سے جی نائن سیکٹر میں سرچ آپریشن جاری ہے اس دوران 40 افغان باشندوں کوبھی گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر ملک میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہیں جب کہ کچھ گرفتار افراد میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے جعلی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی بنا رکھی ہیں۔