پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید ہونے والے کیپٹن کے جسد خاکی کو کاندھا بھی دیا۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ پشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کی۔
اس موقع پرجنرل راحیل شریف کو شوال میں جاری آپریشن میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکارجوانوں کے حوصلے اورعزم کو سراہا اورکہا کہ دہشت گردوں کو شوال سے فرارنہیں ہونے دیں گے اور پاکستان سے ہر کونے سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں کیپٹن عمیر عباسی سمیت پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے تھے جب کہ افغانستان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 19 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours