سان فرانسسكو: اب فیس بک پر دوستوں کو سالگرہ کی مبارک باد کا سادہ ٹیکسٹ بھیجنے کے ساتھ ساتھ انہیں ویڈیو کے ذریعے ’’ہیپی برتھ ڈے‘‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔
فیس بک اگلے چند روز میں ’’برتھ ڈے کیم‘‘ متعارف کرارہا ہے جس پر آپ اپنے دوستوں کے لیے 15 سیکنڈ کی تہنیتی ویڈیو ریکارڈ کرکے اپنے دوست کو جنم دن کی مبارک باد دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپشن میں بنے بنائے فریمز ، ٹیکسٹ اور پس منظر موجود ہیں جنہیں ویڈیو میں شامل کرکے انہیں مزید دلچسپ بنایا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پیغام کے لیے جب آپ سالگرہ کے نوٹیفکیشن پر ٹیپ یا کلک کریں گے تو میسج باکس کھل جائے گا لیکن اس کے نیچے نیلے رنگ میں لکھا ہوگا ‘Record a birthday video’ اس پر کلک کرتے ہی اسمارٹ فون کا کیمرہ کھل جائے گا اور ریکارڈنگ شروع ہوجائے گی۔ ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنے کے بعد آپ سوائپ کرکے بہت سے فریمز، کلر اسکیم اور رنگا رنگ اشیا سے ویڈیو کو مزید خوبصورت بناسکتے ہیں۔ اسی طرح سالگرہ کے پیغام میں فیس فرنٹ آپشن کے ذریعے دیگر بہت سے لوگوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں ری ٹیک کرکے دوبارہ ریکارڈ کرنے کا آپشن بھی موجود ہے ۔ ویڈیو تیار ہونے کے بعد آپ اسے اپ لوڈ کرسکتے ہیں جنہیں آپ کا دوست دیکھ لے گا۔
فیس بک کے مطابق صارفین اپنے دوستوں کو بہت مختصرا پیغام لکھتے ہیں جس کی ایک مثال HBD بھی ہے اور اسی بنا پر یہ ویڈیو آپشن شروع کیا گیا ہے تاکہ لوگ بھرپور انداز میں دوستوں کو مبارک باد دے سکیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours