اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔
میڈیا کے مطابق حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور ہوگئے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی اور شیڈول کے مطابق اپنے پول میچز کلکتہ، دھرم شالا اور موہالی میں کھیلے گی، دوسرے راؤنڈ میں رسائی کی صورت میں پاکستان کا میچ نئی دلی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ چھٹا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 8 مارچ سے بھارت میں شروع ہورہا ہے، سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی کپ میں شرکت کا این او سی فوری طور پر جاری نہیں کیا گیا تھا اور چیئرمین پی سی بی نے اس حوالے سے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا ۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours