دبئی: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک اہم میچ میں پشاور زلمی کے کھلاڑی بریڈ ہوج نے کراچی کنگز کے ہاتھوں سے میچ چھین کر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔ پشاور زلمی نے 153 رنز کا ہدف اٹھارہ اعشاریہ تین اوور میں مکمل کیا۔ بریڈ ہوج نے صرف پینتالیس گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کے 153 رنز کے ہدف کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور ڈی جے ملان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابھی سکور 4 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ محمد حفیظ ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ محمد عامر کی گیند پر ویسیلز نے ان کا آسان کیچ لیا۔ پشاور زلمی کو دوسرا نقصان ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 8 رنز بنا سکے۔ بلاول بھٹی کی گیند پر سیف اللہ بنگش نے ان کا کیچ پکڑا۔ اس کے بعد جے ایلن بائے 33 جبکہ شاہد آفریدی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ میچ کا سولہواں اوور پشاور زلمی کیلئے انتہائی کامیاب ثابت ہوا۔ بریڈ ہوج نے لگاتار تین چھکے مار کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ اسامہ میر کے اس اوور میں 23 رنز بنے۔ تاہم اوور کی آخری گیند پر دو رنز لینے کی کوشش میں کامران اکمل رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔ اس کے بعد بھی بریڈ ہوج کا بلا رنز اگلتا رہا۔ پشاور زلمی نے انیسویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بلاول بھٹی کامیاب بولر رہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز کی جانب سے سیمنز اور شاہ زیب حسن نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ٹیم کا سکور ابھی 41 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ شاہ زیب حسن وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شاہ زیب حسن نے 18 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے سیمنز کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سینتیس گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ایم ایچ ویسیلز 3، کپتان شعیب ملک 15، شکیب الحسن 11، روی بوپارا 23، سہیل خان 7 بنا سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی، عامر یامین، حسن علی، عمران خان اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours