دبئی: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے لئے ان پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔
کرک انفو کو اپنے انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے دوستوں اور فیملی کی جانب سے بہت زیادہ دباؤ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے قریبی حلقوں کی خواہش ہے کہ میں اس وقت تک پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلوں جب تک قومی ٹیم کو حقیقی ٹیلنٹ نہیں مل جاتا جو میری جگہ لے سکے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ریٹائر ہونے کے حوالے سے مجھ پر بہت زیادہ ہے لیکن فی الحال میری تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر ہے جو میرے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے تو یہ دیکھوں گا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کہاں کھڑی ہے اور میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے قومی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہوں، جہاں تک میری فٹنس کا تعلق ہے تو وہ اس وقت زبردست ہے، ابھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں کیونکہ بہت پرجوش بھی ہوں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہی میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکوں گا۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی 90 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جب کہ محدود اوورز کے فارمیٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 91 ہے۔ آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے تمام 5 ورلڈکپ کھیل چکے ہیں اور 2009 کے ورلڈکپ کے دوران سیمی فائنل اور فائنل میں نصف سنچریاں اسکور کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours