ازمیر، ترکی: ملک سے وفاداری کی ایک عجیب اور نئی مثال قائم کرتے ہوئے ترکی کے شوہر نے ملک کے صدر کی توہین کرنے پر اپنی ہی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

ترکی کے رہائشی ٹرک ڈرائیورعلی دنکے نے بتایا کہ جب بھی ٹی وی پر صدر طیب اوردوان کی تصویر نمودار ہوتی تو ان کی اہلیہ گوئلکن انہین برا بھلا کہنا شروع کردیتی جب کہ ان کی اہلیہ جانتی تھی کہ وہ صدر سے عقیدت رکھتے ہیں اور ان کی برائی سے انہیں غصہ آتا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے زبان بند نہ کی۔

مقدمے سے چند روز قبل علی کی بیگم نے ٹی وی پر تقریر کرنے والے صدر اردوان کا دوبارہ مذاق اڑایا اور چینل بدلنے کی کوشش کی جس پر علی کو شدید طیش آگیا۔ اس کے بعد جب اگلی دفعہ اس کی اہلیہ نے ترک صدر کو گالیاں دیں تو شوہر نے اسےریکارڈ کرکے عدالت میں اس کی شکایت کردی۔

شوہر نے عدالت میں کہا کہ اگر اس کے والد بھی ترک صدر کے خلاف ہوتے تووہ اسے بھی معاف نہیں کرتے اور اس کی شکایت ضرور کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی بے عزتی بھی برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے صدر کی توہین برداشت نہیں کیونکہ ان کے صدر اچھے آدمی ہیں جنہوں نے ترکی کے لیے بہت اچھے کام کیے جب کہ شوہر کی جانب سے مقدمے پر اس کے جواب میں اہلیہ نے طلاق کی درخواست دائر کردی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours