بھارت میں ایک پانچ مہینے قبل قائم ہونے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ بدھ کو ایک ایسا سمارٹ فون متعارف کروا رہی ہے جس کی قیمت صرف 251 روپے ہوگی۔
اگر یہ فون واقعی مارکیٹ میں آتا ہے تو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے سستا سمارٹ فون ہوگا۔
کمپنی کا نام رنگنگ بیلز پرائیویٹ لمیٹڈ ہے اور اس نے بدھ کو ملک کے کئی بڑے اخبارات میں اشتہارات شائع کیے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افتتاحی تقریب میں وزیر دفاع منوہر پاریکر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی بھی شرکت کریں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کمپنی اتنی کم قیمت میں سمارٹ فون کیسے بیچے گی، یہ فون کہاں بن رہے اور کمپنی کا بزنس ماڈل کیا ہے۔
لیکن اس کے اشتہار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فون جددید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوں گے اور ایک سال کی وارنٹی کے ساتھ بیچے جائیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس سمارٹ کو ’فریڈم 251‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس میں چار انچ کی سکرین ہوگی، اینڈرائڈ کا لالی پاپ آپریٹنگ سسٹم ہوگا، دو سم کارڈ استعمال کیے جاسکیں گے اور یہ فون 3جی نیٹورک پر بھی چلے گا۔
بھارتی حکومت بڑی شدت سے ’میک ان انڈیا‘ پروگرام کو فروغ دے رہی ہے جس کے تحت وہ ملک میں صنعتی پیداوار کو فروغ دینا چاہتی ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس پروگرام سے رنگنگ بیلز کا کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
کمپنی کے مطابق بکنگ جمعرات کو صبح چھ بجے شروع ہوگی اور فون صرف کمپنی کی ویب سائٹ سے آن لائن ہی بیچے جائیں گے۔
اس دعویٰ کے سامنے آنے کے بعد سے ذرائع ابلاغ اور خاص طور پر کاروبار پر نگاہ رکھنے والے اداروں میں تجسس ہے کہ ڈھائی سو روپے میں فون کیسے بیچا جاسکتا ہے؟
انگریزی کے اخبار اکنامک ایکسپریس کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’ڈیجیٹل انڈیا‘ پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے جس کے تحت حکومت ہر شہری کو انٹرنیٹ کی دنیا میں شامل کرنا چاہتی ہے۔
کمپنی کی ویب سائٹ پر جو فون نمبر دیے گئے ہیں وہ یا تو مسلسل مصروف ہیں یا فی الحال بند ہیں۔
ادھر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بکنگ تین دن تک جاری رہے گی اور تمام آرڈر 30 جون تک پورے کر دیے جائیں گے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours