اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں مارچ میں ہونے والی مردم شماری کرانے کا فیصلہ موخر کردیا۔
میڈیا کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت تقریباً 11 ماہ بعد مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سرفہرست مردم شماری کا ایجنڈا تھا جس پر تمام صوبوں کی رضامندی کے بعد اسے موخرکرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ مردم شماری موخر کرنے کی وجہ آپریشن ضرب عضب اور سیکیورٹی اداروں کی مصروفیت بتائی جاتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں مردم شماری کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا، مردم شماری کے لئے پاک فوج کے جوان دستیاب نہیں اس لئے مارچ میں مردم شماری نہیں کرائی جا سکتی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ مردم شماری کے لئے بلوچستان میں سب سے زیادہ فوج کی ضروت ہے اس لئے ان سے مشاورت کے بعد تاریخ کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ایل پی جی، ایل این جی کی درآمد اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران کچھی کینال میں بے قاعدگیوں کا نوٹس بھی لیا گیا جس پر وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جب کہ مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو ہوگا جس میں نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بحث کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں آخری مرتبہ 1998 میں مردم شماری ہوئی تھی اور موجودہ حکومت نے تقریباً 16 برس بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن تیاریاں مکمل نہ ہونے پر صوبوں کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours