کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
میڈیا کے مطابق پولیس نے وزیراعلی ہاؤس کے باہر کچرا پھینکنے والے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر کو ہتھکڑیاں لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کلیم اللہ کلہوڑو کی عدالت میں پیش کیا جب کہ شہریوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ملزم کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی استدعا کی جس کے بعد عدالت نے 5،5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ملزم عالمگیر اور ان کے ڈرائیور سیف اللہ کی ضمانت منظورکرلی۔
عدالت سے درخواست ضمانت منظوری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عالمگیرخان کا کہنا تھا کہ کل ہونے والا واقعہ تحریک کی ابتدا ہے اور اب وزیراعلی سید قائم عالی شاہ کا امتحان شروع ہوگیا، میرا جرم یہ تھا کہ میں نے پاکستانیوں کی خدمت کی اورعلامتی احتجاج کے طور پر وزیراعلی ہاؤس کے قریب کوڑا دان میں کچرا ڈالا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس کوڑا دان میں کچرا ڈالیں تاکہ کچرے کی بدبو اور بیماریوں کا احساس وزیراعلیٰ کو بھی ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو کل تھانے کے باہر آئے اور انہوں نے فکس اٹ کا ساتھ دیا، اب تمام جماعتیں کراچی کے لئے سوچیں اور انسان کی پوجا چھوڑدیں۔
عالمگیرخان نے کہا کہ جھوٹے مقدمات فکس اٹ کو نہیں روک سکتے، مقدمے کا سامنا کروں گا اور انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کراؤں گا، میرے پیچھے صرف اللہ کی طاقت ہے اور کسی کی نہیں، حکومت کو پہلے ہی کہا تھا کہ مجھے کچرا پھینکنے کی جگہ بتائی جائے، فکس اٹ کے رضاکار انتظامیہ کی طرح سڑکوں کے کناروں اور سمندر میں کچرا نہیں پھیک سکتے اس لئے حکومت نے کچرا ٹھکانے لگانے کی مناسب جگہ کے بارے میں نہ بتایا تو ہماری ٹیم کے پاس بہت منصوبے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours