لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نیب نے پنجاب میں کارروائی کی تو حکومت کو ترمیم کا خیال آ گیا اور یہی نیب سندھ میں کارروائی کرے تو وہ ٹھیک لیکن پنجاب میں کرنا حکمرانوں کو غلط محسوس ہوتا ہے حالانکہ پنجاب میں بیٹھے سب لوگ دودھ کےدھلے نہیں ۔
لاہور میں ایوانِ اقبال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکمران غریب عوام کو اپنے اقتدار کی بے ساکھی بنا کر انہی کے گلے کاٹتے ہیں لیکن اب عوام کی اکثریت حکومتی کارکردگی کے باعث جمہوریت سے مایوس ہوچکی ہے اس لیے عوام سیاسی جماعتوں سے تنگ آکر آزاد امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مک مکا کی سیاست سے ملک کی خدمت نہیں ہوگی جب کہ کمزور پارلیمنٹ سے کمزور جمہوریت جنم لیتی ہے اور اس وقت بھی کوئی بھرپور پارلیمنٹ نہیں ہے، وہاں تو صرف ملتے ہیں ، باتیں ہوتی ہیں اور پھر واپس گھروں کو چلے جاتے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعتیں تباہ ہورہی ہیں اور پنجاب میں مزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں، کسانوں کے مسائل کوحل کیا جانا چاہیے لیکن حکومت تو میٹرو بنانے میں مصروف ہے، مجھے زیادہ خوشی ہوتی کہ میٹرو کے ساتھ ساتھ چھوٹے علاقوں میں اسکول اور عالمی معیار کے اسپتال بھی بنتے۔ چھوٹے صوبے چیختے رہتے ہیں لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا جب کہ لوٹنے والے مگرمچھوں کو دیکھنے کا بہت پہلے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے پنجاب میں کارروائی کی تو حکومت کو ترمیم کا خیال آ گیا، یہی نیب سندھ میں کارروائی کرے تو وہ ٹھیک لیکن پنجاب میں کرنا حکمرانوں کو غلط محسوس ہوتا ہے حالانکہ پنجاب میں بیٹھے سب لوگ دودھ کےدھلے نہیں ۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکمران تنقید برداشت کریں تو ملک بھی ترقی کرے گا جب کہ ہم عدالتوں میں گھسیٹے جاتے ہیں تب بھی لڑتے ہیں اور وزارت عظمیٰ سے مستعفیٰ ہونے پر بھی احتجاج نہیں کرتے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours