دبئی: پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ صوبے میں نیا وزیراعلیٰ لانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پارٹی قیادت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دبئی میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اورشریک چیرمین آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، رحمان ملک اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب سمیت صوبائی حکومت کی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
پارٹی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے سمیت سندھ کابینہ میں بھی ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا جس پر پارٹی چیرمین بلاول بھٹو سندھ کی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کے بعد اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو رینجرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی جس کے بعد رینجرز سندھ میں ایک سال مزید قیام کرے گی اور رینجرز کے خصوصی اختیارات میں بھی 3 ماہ کی توسیع کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ سید قائم علی شاہ 8 سال سے سندھ کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائض ہیں جب کہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے سید مراد علی شاہ سب سے زیادہ مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں جب کہ اس ڈور میں منظور وسان اور نثار کھوڑو بھی شامل ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours