آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی ميچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر صفر کے مقابلے دو میچوں سے سیریز جیت لی ہے۔
اس طرح سری لنکا کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں طرح کی کرکٹ میچوں کی سیریز میں شکست کا سامنا رہا۔
سری لنکا نے نیوزی لینے کو جیتنے کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا جسے نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر صرف دس اوورز میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر مارٹن گپٹل نے 25 گیندوں چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے۔
ان کی جگہ کریز پر آنے والے کھلاڑی کولن منرو نے محض 14 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور اسی کے ساتھ جیت بھی حاصل کی۔ انھوں نے سات چھکے لگائے۔
منرو نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے تیز اور دنیا بھر میں دوسری سب سے تیز نصف سنچری سکور کی۔ پہلے نمبر پر بھارت کے یووراج سنگھ ہیں جنھوں نے 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
خیال رہے کہ اسی میچ میں پہلے گپٹل نے 19 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے تیز نصف سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا جو صرف 20 منٹ تک قائم رہ سکا۔
اس سے قبل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لنکا کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں اینجلو میتھیوز کے 81 رنز ناٹ آؤٹ قابل ذکر ہیں۔
میتھیوز کی اننگز میں سات چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ اوپنر دلشان نے 28 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دو ہندسے میں نہ پہنچ سکا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے چار جبکہ ملنے اور سانٹر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours