ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے 15 سالہ طالب علم پرانیو دھنیوڑے نے مقامی اسکول ٹورنامنٹ میں 1009 رنز بناکر ہر قسم کی کرکٹ میں سب سے طویل اننگز کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مختلف اسکولوں کے درمیان کھیلے جانے والے بھنڈاری کپ میں کے سی گاندھی ہائی اسکول کی جانب سے 15 سالہ پرانیو دھنیوڑے نے 1009 رنز کی اننگ کھیل کر کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی اننگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ پرانیو نے 394 منٹس میں 323 گیندوں کا سامنا کیا، اس کی اننگ میں 59 چھکے اور 129 چوکے بھی شامل تھے ۔
پرانیو نے ناصرف کسی بھی قسم کی کرکٹ کی طویل ترین اننگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا بلکہ وہ ایک اننگ میں ایک ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے والےپہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل طویل ترین اننگ کا ریکارڈ اروتھ کولنس کے پاس تھا جنہوں نے 1899 میں برطانیہ میں کلارک ہاؤس کی جانب سے نارتھ ٹاؤن ہاؤس کے خلاف 628 رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ پرانیو کی ٹیم نے 1465 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ختم کرکے دنیا کی کسی بھی ٹیم کی جانب سے ایک اننگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے ، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے صوبے وکٹوریہ کے پاس تھا جو اس نے 1926 میں نیو ساؤتھ ویلز کے خلاف 1107 رنز بناکر اپنے نام کیا تھا ۔
اپنی ریکارڈ ساز اننگ پر پرانیو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ پرانیو کے والد پرشانت جو کلیان میں رکشہ ڈرائیور ہیں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اس نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔
دوسری جانب صوبائی حکومت نے پرانیو کی کرکٹ کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours