پاکستان ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ محمد عامر کے ٹیم میں شامل کیے جانے کے حق میں رہے ہیں تاہم ان کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں شامل دیگر دونوں کھلاڑی قومی ٹیم میں شمولیت کا حق کھو چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے لگنے والے تربیتی کیمپ کے اختتام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’محمد عامر نے عدالت میں بھی سچ بولا، اپنی سزا پوری کی اور اب وہ خاموشی سے کرکٹ بھی کھیل رہے ہیں اس لیے عامر کے لیے میرے دل میں ہمیشہ سے جگہ رہی ہے۔‘

شاہد آفریدی سے سپاٹ فکسنگ میں ملوث دیگر دو کھلاڑیوں محمد آصف اور سلمان بٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ جس طرح سے ان کا رویہ رہا ہے پہلے تو سلمان بٹ اور محمد آصف دو تین سال تک جھوٹ بولتے رہے پھر بعد میں وہ ٹی وی چینلز پر قومی ٹیم پر تنقید کرتے رہے۔ پہلے انسان اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں تو زیادہ بہتر ہے۔‘

خیال رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے محمد عامر کو پاکستانی ٹی 20 اور ایک روزہ میچوں کے لیے قومی ٹیم میں ویزا ملنے کی شرط پر شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے بارے میں کہنا تھا کہ ’پاکستان ٹیم کا گروپ ہے تو مشکل لیکن کرکٹ کھیلنے کا مزہ بھی وہیں آئےگا اور انھیں کے خلاف آئےگا ساتھ میں یہ بھی معلوم ہو جائےگا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔‘

اپنے بارے میں پوچھےگئے سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جتنی کرکٹ رہ گئی ہے اسے اچھی طرح کھیلیں اور جاتے ہوئے ایک اچھی ٹیم چھوڑ کے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم میں جو ٹیلنٹ موجود ہے اسے دیکھ کر ورلڈ ٹی20 میں انھیں بہت امید ہے اور وہ فائنل کھیلنے کے لیے بھی کافی پرامید ہیں۔

تاہم شاہد آفریدی نے یہ ضرور کہا کہ جیسی غلطیاں ہم کلب کرکٹ میں کرتے رہیں یا ماضی میں کر چکے ہیں اگر ایسی غلطیاں دہراتے ہیں تو پھر بڑی ٹیموں کے خلاف ہمیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

’جو بھی ٹیم دباؤ میں بہتر کرکٹ کھیلی وہ جیت جائے گی۔‘
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours