حکام نے کہا ہے کہ امریکہ میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی لاٹری کے تین فاتح ٹکٹ سامنے آئے ہیں۔
’پاور بال‘ جیک پاٹ جیتنے والے ٹکٹ کیلیفورنیا، ٹینسی اور فلوریڈا کی ریاستوں میں فروخت کیے گئے تھے۔
اس تازہ ترین لاٹری سے پہلے گذشتہ 19 ڈراز منعقد کیے گئے تھے جن میں کوئی بھی ٹکٹ نہیں جیت پایا تھا۔
جیک پاٹ جیتنے کے لیے ڈرا جیتنے والے تمام چھ نمبر ملنے چاہییں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دیگر فاتح ٹکٹوں کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ابھی کچھ گھنٹے لگیں گے۔
جیک پاٹ جیتنے والوں کے نام اب تک سامنے نہیں آئے۔ بدھ کو ہزاروں لوگوں نے ملک بھر میں دکانوں کے باہر لاٹری جینتے کی امید میں لمبی قطاریں بنا لیں۔ تاہم کسی ایک شخص کے لیے اسے جیتنے کا امکان 29 کروڑ 22 لاکھ میں سے ایک ہے۔
’کیلیفورنیا لاٹری‘ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ریاست میں جیتنے والا ٹکٹ ’چینو ہلز‘ کے علاقے میں ایک سیون ایلیون سٹور میں فروخت کیا گیا تھا۔
لاٹری کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد کئی لوگ خوشیاں مناتے ہوئے اُس دکان کے باہر جمع ہو گئے، جہاں سے جیتنے والا ٹکٹ فروخت کیا گیا تھا۔
لاٹری کے فاتحین ایک ارب 58 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی رقم میں شراکت داری کریں گے۔
وہ اپنے پیسے یا تو 29 سالوں کے لیے سالانہ طور پر قسطوں میں وصول کر سکتے ہیں یا پھر 93 کروڑ دس لاکھ ڈالر کی رقم ایک ہی قسط میں حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
البتہ اس رقم پر 39.6 فیصد وفاقی انکم ٹیکس لاگو کر کے امریکی حکومت بھی اس رقم میں شراکت دار بن جائے گی۔
50 امریکی ریاستوں میں سے چھ اس لاٹری میں حصہ نہیں لیتیں جس کی وجہ سے کچھ رہائشی ٹکٹ خریدنے کے لیے گاڑی پر گھنٹوں کا سفر طے کرتے ہیں۔
الباما، مسی سپی اور یوٹا کی ریاستیں اس لاٹری میں مذہبی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے حصہ نہیں لیتیں، جبکہ الاسکا کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس لیے لاٹری میں حصہ نہیں لیتی کیونکہ اتنی کم آبادی والی ریاست میں اس قسم کی لاٹری اقتصادی طور پر فائدہ مند نہیں ہو گی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours