کئی بیماریاں ایسی ہوتی ہیں جنہیں عام طور پر نظر انداز کردیا جاتا ہے اور گھریلو نسخوں اور ٹوٹکوں سے کام چلانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کچھ ایسی بیماریاں ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنا بیماری اتنی خطرناک ہوجاتی ہے جو کبھی کبھی زندگی بھر کا روگ بھی بن جاتا ہے۔
غیر متوقع وزن میں کمی: کچھ لوگوں کا وزن تیزی سےکم ہونا شروع ہوجاتا ہے جو خطرے کی علامت ہے۔ ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ اس طرح اچانک وزن کا کم ہوجانا خطرے کا الارم ہے۔ یہ ممکن ہے کہ تھائی رائیڈ گلینڈ ضرورت سے زیادہ سرگرم ہوگئے ہیں یا پھر پیٹ کی کوئی خطرناک بیماری بڑھ رہی ہے اس لیے فوری طور پر ڈاکتڑ کے پاس جا کر اس کا علاج کرانا چاہیے۔
مسوڑوں کی خرابی: عام طور پر مسوڑوں کی بیماری دانت کے انفکیشن کی وجہ سے سامنے آتی ہے لیکن یہ ضروری نہیں بلکہ کبھی کبھار تو بدہضمی کی وجہ سے گلے میں تیزابیت پیدا ہوتی ہے جس سے مسوڑے درد کرتے ہیں یا پھر دل میں آکسیجن کی کمی بھی مسوڑوں یا سینے کے درد کا باعث بنتی ہے تو فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس معائنے کے لیے جائیں۔
پیٹ کی سوجن: 40 سال سے کم افراد میں پیٹ میں سوجن کی وجہ پریشانی، غیر صحت مند غذائیں اور آنتوں کی خرابی ہوتی ہے، ڈاکٹرزکے مطابق عام طور پر قبض اور ہیضے کے دوران بھی انسان کو پیٹ پھولا ہوا محسوس ہوتا ہے لیکن اگر ان میں سے کوئی بھی علامت نہ ہوتو اور پھر بھی پیٹ میں سوجن ہو تو یہ خطرے کی علامت ہے اور یہ اوورین کینسر کی نشانی ہوسکتی ہے۔ اکثر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس کینسر کا عام طور پر فوری پتا نہیں چلتا اور اس کو جاننے کی ایک بڑی علامت پیٹ کا پھولا ہونا ہے۔
تھکاوٹ محسوس ہونا: اگر آپ بغیر کسی کام کے بھی اکثر تھکا ہوا محسوس کریں تو یہ خطرناک ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ تھکاوٹ آئرن کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے لیکن کبھی کبھی یہ پھیپھڑوں اور دل کی بیماریوں کی وجہ سے بھی رونما ہوتی ہے کیوں کہ جسم کے مختلف اعضا آکسیجن کی مطلوبہ مقدار حاصل نہیں کرپاتے اس لیے جسم معمول کے مطابق کام نہیں کرپاتا جب کہ اس کے علاوہ متلی، وٹامن کی کمی اور تھائی رائیڈ مسائل بھی اس کی وجہ ہو سکتے ہیں۔
سر کا چکرانا: اکثر لوگ سر کے چکرانے اور اونگھ کو نظر انداز کردیتے ہیں جو کہ انتہائی نقصان دہ ہے۔ سر چکرانا سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ ہوتو دل کی بیماری کی علامت ہے یا پھر یہ گردن کی ہڈی میں تکلیف بھی اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں فوری ڈاکٹر سے معائنہ ضروری ہے۔
جسم کے مختلف حصوں پر سوجن: عام طور پر لوگ اسے نظر اندا کردیتے ہیں جب کہ اس کی وجہ عام طور پر جسم کے مزاحمتی نظام کی خرابی یا پھر شوگر کی بیماریاں ہوتی ہیں جو جسم میں خون کی سپلائی کو متاثر کرتی ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر آپ شوگر یا پھر وزن کی زیادتی کا شکار ہیں اور جسم پر سوجن بالخصوص پاؤں پرسوجن کم نہیں ہو رہی تو ایسی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ تاخیر کی صورت میں پاؤں سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔
قبض کا دیر تک رہنا: بہت سے لوگ قبض کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے میں شرم محسوس کرتے ہیں اور اپنے طور پر ادویات کا استعمال کر لیتے ہیں جب کہ قبض کی بڑی وجہ لائف اسٹائل اور کھانے پینے کی غلط عادات اور اوقات ہیں لیکن کچھ کیسز میں اس کی وجہ کولون کینسر بھی ہو سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ اپنے فیملی ڈاکٹر سے مشورہ کرلیا جائے۔
ناخن میں تبدیلی: آنکھوں کی طرح ناخن بھی انسانی صحت، غذا، وراثتی اور کچھ یقینی بیماریوں سے متعلق آگاہ کرتے ہیں اور یہ جسم میں خون کی کمی اور دیگر بیماریوں کا بھی پتہ دیتے ہیں جیسے مڑے ہوئے ناخن پھیپھپڑوں کی بیماریاں، ناخن کے نیچے خون کے دھبوں کا ہونا خون کے انفیکشن، ناخن پر کالے یا براؤن نشان جلدی کینسر کی علامت ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours