مکھی ہوا کی رفتار ناپنے والی اہم ’پیٹوٹ‘ ٹیوب کے اندر پھنس گئی تھی
انڈونیشیا میں ایک مکھی کی وجہ سے مقامی فضائی کمپنی کی پرواز چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔
گرودا نامی فضائی کمپنی کی یہ پرواز جزیرہ سماٹرا سے جکارتہ جا رہی تھی کہ پرواز سے قبل معمول کی چیکنگ کے دوران بوئنگ 737 کے پائلٹ کو الیکٹرونک انجن کنٹرول میں گڑبڑ کا احساس ہوا۔
اس خرابی کی بنا پر پائلٹ نے طیارہ اڑانے سے انکار کر دیا اور فوری طور پر اس خرابی کی وجہ جاننے کے لیے جائزے کا عمل شروع کیا گیا۔
فضائی کمپنی کے مطابق دو گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہنے والی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہوا کی رفتار ناپنے والی اہم ’پیٹوٹ‘ ٹیوب کے اندر ایک مکھی پھنس گئی تھی۔
جہاز کے اس پرزے میں سے مکھی نکالے جانے کے بعد آخر کار جہاز نے اڑان بھری اور باحفاظت جکارتہ کے ہوائی اڈے پر لینڈ کرگیا۔
ہوائی کمپنی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس واقعے کو روکنا ہوائی کمپنی کی دسترس سے باہر تھا پھر بھی گرودا 156 مسافروں کو معاوضہ ادا کرے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ مکھی کی وجہ سے کسی طیارے کی پرواز میں تاخیر ہوئی ہو۔
گذشتہ جون میں برطانوی بجٹ ایئرلائن فلائی بی کی ایک پرواز اس وقت منسوخ کرنا پڑی تھی جب مکھی انسٹرومنٹ پینل میں داخل ہوگئی تھی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours