ہالی ووڈ کے نامور اداکار شون پن نے میکسیکو کےمنشیات فروشوں کے گروہ کے سربراہ جوکوئین ’ال چیپو‘ گزمین کے جیل سے فرار ہونے کے بعد ان کا انٹرویو کیا تھا۔

سنیچر کو رولنگ سٹون میگزین میں شائع ہونے والا یہ انٹرویو گذشتہ برس اکتوبر میں میکسیکو کے ایک جنگل میں کیا گیا تھا۔

گزمین گذشتہ جولائی میں جیل سے ڈیڑھ کلو میٹر لمبی سرنگ کے ذریعے فرار ہو گئے تھے۔

میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ گزمین تک پہنچنے میں ان کی مدد شون پن کی اس خفیہ ملاقات نے بھی کی ہے۔

جمعے کو ملک کے اٹارنی جنرل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’گزمین کی گرفتاری کی ایک وجہ ان کی اپنے بارے میں فلم بنوانے کی خواہش بھی تھی۔ انھوں نے اس سلسلے میں فلم سازوں اور اداکاروں سے رابطے کیے تھے، ہم نے اس بارے میں بھی تحقیقات کی تھیں۔‘

رولنگ سٹون میگزین کے مطابق شون پن اور گزمین میں ہونے والی سات گھنٹے طویل ملاقات میں منشیات کی سمگلنگ سمیت مختلف موضوعات پر بات کی گئی تھی۔

58 سالہ گزمین کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ اگر منشیات کی طلب نہیں ہوگی تو منشیات فروشی خود بخود ختم ہو جائے گی۔‘

گزمین کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر میں نہ بھی رہا تو منشیات فروشی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔‘

خبر رساں ادارے اے پی کو حکام نے بتایا ہے کہ گزمین اور شون پین کی ملاقات بظاہر میکسیکو کی اداکارہ کیٹ ڈل کاسٹیلو نے کروائی تھی اور یہ ملک کے ایک دور افتادہ علاقے میں ہوئی تھی۔

میگزین میں چھپنے والی تصویر جس میں شون اور گزمین کو ہاتھ ملاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے پر دو اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے حکام شون پن اور اداکارہ کاسٹیلو کے خلاف تحقیقات کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ چھ ماہ تک مفرور رہنے والے گزمین کو جمعے کو ان کی آبائی ریاست سنالوا کے ساحلی شہر لاس موچس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کا شمار دنیا کے مطلوب ترین منشیات فروشوں میں ہوتا ہے اور ان کا گروہ کوکین، بھنگ، چرس اور دیگر منشیات امریکہ میں جہاز، زمین اور سمندر کے راستے سمگل کرتا رہا ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours