ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صعنا میں اس کے سفارت خانے پر بمباری کی ہے۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ صعنا میں سفارت خانے پر میزائل داغے گئے جس میں عملے کے متعدد ارکان زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی اتحاد کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ انھوں نے باغیوں کے میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا ہے اور باغی خالی سفارت خانوں کو اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
یمنی دارالحکومت کے رہائیشیوں کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح سعودی اتحادیوں نےدرجنوں فضائی حملے کیے ہیں۔
یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
سعودی عرب میں شیعہ عالم شیخ نمر النمر کو موت کی سزا دینے کے بعد سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں جس میں سعودی عرب اور اس کے دیگر اتحادیوں سے ایران سے اپنے سفارت تعلقات ختم کر دیے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours