آکلینڈ: تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دے دی۔
آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لئے 172 رنز کا ہدف دیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پہلے میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد کیویز کو 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن سب سے زیادہ 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کولن منرو نے بھی 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں کو وہاب ریاض نے پویلین کی راہ دکھائی۔ کین ولیمسن اور کولن منرو کے علاوہ صرف ایک کیوی کھلاڑی میٹ ہنری ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے اور انھوں نے 10 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شاہد آفریدی اور عمر گل نے 2، 2 جب کہ عماد وسیم اور ساڑھے 5 برس بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ساڑھے 5 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولرمحمد عامرنے وائڈ بال کروا کر اپنی واپسی کی جب کہ عمر گل نے بھی کئی سال آرام کے بعد کم بیک کیا۔ محمد عامرنے اپنی صلاحتیوں کا لوہا ایک بار پھرمنوایا اور جارحانہ بولنگ کی بدولت کیویز بلے بازوں کو پریشان کرتے رہے جب کہ ایک موقع پرمحمد عامر کی گیند پر کین ولیمسن نے ہوا میں گیند کو اچھالا اور گیند کپتان شاہد آفریدی کے ہاتھوں میں پہنچی لیکن وہ کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپننگ بلے بازمحمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر171 رنز بنائے۔ احمد شہزاد اورمحمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اورمحمد حفیظ نے پہلے سامنا کرتے ہوئے میٹ ہینری کے اوورمیں کوئی رنز نہ بنایا، دوسرے اوورمیں بھی دونوں کھلاڑی دباؤ کا شکار دکھائی دیئے لیکن دوسرے اوور کی پانچویں گیند پرچوکا لگا کر احمد شہزاد نے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی۔ میچ کے پانچویں اوور میں احمد شہزاد نے شاندار چھکا لگایا اوراگلی ہی گیند پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد چھٹے اوور میں محمد حفیظ نے کوری اینڈریسن کی خوب پٹائی کی اور ایک چھکا اور 3 چوکے لگا کر رن اوسط بہتر کردی۔ نئے آنے والے بلے بازصہیب مقصود بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ پر محمد حفیظ اور شعیب ملک نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلچسپ اسٹروکس لگائے اور قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 78 رنز تک پہنچا تو شعیب ملک نے چھکا لگانے کے لئے ہوا میں گیند کو اچھالا لیکن بونڈری لائن کے قریب کیچ آؤٹ ہوگئے اور وہ 20 رنز بناسکے۔ قومی ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا تو محمد حفیظ 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہد آفریدی نے کریز پرآتے ہی میٹ ہینری کے اوور میں 2 چھکے اور 2 چوکوں سے خوب تواضع کی۔ بوم بوم آفریدی کی دھواں دھار بیٹنگ سے گراؤنڈ میں موجود شائقین جھوم اٹھے، انہوں نے 8 گیندوں پر23 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے بھی کیویز بلے بازوں کی پٹائی کی اور 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ عماد وسیم 18 اور سرفراز احمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 4، مچل سینٹنر نے 2، ٹرینٹ بولڈ اور میٹ ہینری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours