بھارت میں حکام نے پاکستانی نژاد گلوکار عدنام سمیع خان کو بھارتی شہریت دے دی ہے۔
عدنان سمیع نے ٹوئٹر پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہریت ملنے کی تصدیق کی ہے۔
اپنے پیغام میں عدنان نے کہا کہ وہ بھارتی شہری کے طور پر قبول کیے جانے پر وزیرِ اعظم مودی کے شکرگزار ہیں۔
انھوں نے بھارتی شہریت کو اپنے لیے ایک نئے جنم سے تعبیر کیا ہے۔
عدنان سمیع نے شہریت دلانے کے معاملے میں بھارتی وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ کی کاششوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
گذشتہ 15 برسوں سے بھارت میں رہنے والے عدنان سمیع نے دو بار بھارتی شہریت کے لیے حکومت کے سامنے درخواست دی تھی۔
پہلی درِخواست خارج ہونے کے بعد مارچ سنہ 2015 میں عدنان نے دوبارہ بھارتی شہریت کے لیے اپیل کی تھی جس پر غور کرتے ہوئے اگست 2015 میں ان کے ورک ویزا کے ختم ہونے کے بعد بھی انھیں غیر معینہ مدت تک بھارت میں رہنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
اور اب نئے سال کے آغاز پر انھیں بھارت کا شہری تسلیم کر لیا گیا ہے۔
بھارتی شہریت کے قانون کے تحت کسی غیر ملکی کو سائنس، فلسفہ، آرٹ، ادب، عالمی امن اور انسانی ترقی کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات دینے پر شہریت دی جا سکتی ہے اور عدنان موسیقی کے میدان میں ایک عرصے سے ہندوستان میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔
ان کا آخری گانا ’بھر دو جھولی‘ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں تھا اور کافی مقبول بھی ہوا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours