راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر نے جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پرتبادلہ بھی بات چیت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے خطے میں امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔
سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر 17 رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جب کہ عادل الجبیر کی مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل تھی تاہم اسلام آباد تاخیر سے پہنچنے پراب مشیر خارجہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ہی شرکت کریں گے جب کہ سرتاج عزیز اور مہمان وزیرخارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ پاکستانی حکام کے ساتھ داعش کے خلاف اسلامی ممالک کے بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردارکے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ سعودی وزیرخارجہ خطے میں امن و امان کی صورت حال اور دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours