ستمبر 2016
بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت بہت مہنگی پڑی ہے

لاہور: پاک فوج نے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا کرارا جواب دے کر ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کے دعوےکی قلعی کھول دی ہے۔

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر اپنی روایتی اشتعال انگیزی کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دے کر اپنے میڈیا اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ بھارت نے اپنے عوام کو نہ تو دعوے کے ثبوت کے طور پر اورنہ ہی مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی اور نا ہی اس کارروائی میں ہلاکتوں سے متعلق کوئی آگاہی دی لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو یہ جارحیت بہت مہنگی پڑی۔

ایکسپریس نیوز کی جانب سے حاصل فوٹیج میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کے جواب میں پاکستان نے کس طرح کرارا جواب دے کر بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرنے کے ساتھ ان کی چوکیوں کو کس طرح تباہ کیا جب کہ دوسری جانب بھارت اپنی شرمندگی مٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول کے علاقے میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کررہا ہے۔

لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر 20 ستمبرکو سر پر سہرا سجائیں گے جب کہ ولیمہ اور دیگر تقریبات لاہور میں ہی ہوں گی

میڈیا کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کی زندگی میں خوشیاں دوبارہ لوٹ آئی ہیں آئی سی سی کی جانب سے ان پر عائد پابندی کے ختم ہونے کے بعد وہ قومی ٹیم میں اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھانے میں مصروف ہیں اور اب محمد عامر زندگی کی حقیقی اننگز کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر کی شادی کی تقریبات کا آغاز عیدالاضحیٰ کے بعد شروع ہوجائے گا۔ شادی کی تمام تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ محمد عامر کی رسم حنا کی تقریب کا انعقاد 19 ستمبر کو ہوگا اور 20 ستمبر کو بارات ہوگی جب کہ ولیمہ کی تقریب 21 ستمبر کو ڈی ایچ اے لاہور کے نجی میرج ہال میں منعقد ہوگی۔ جس کے لئے خوبصورت دعوت نامے بھی پرنٹ ہوگئے ہیں۔ اور تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ محمد عامر کا 2 سال قبل بنگلا دیشی نژاد برطانوی خاتون نرجس سے نکاح ہوا تھا ۔

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہناہے کہ رائے ونڈ مارچ ضرور ہوگا اور اس کے کےلئے تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کیا جائےگا اوراگر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو پورا شہر بند کردیں گے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھارہی ہے جس پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہو اس کا ریفرنس نہیں بھیجا جاتا حکمران اپنی کرپشن چھپا رہے ہیں اور ہم قوم کو ان کے خلاف اکٹھا کرر ہے ہیں، رائے ونڈ کا گھیراؤ کرنے کے لئے ابھی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا تاہم محرم سے پہلے رائے ونڈ مارچ ہوگا اوروہاں جلسہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے اور مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی شرکت کی اپیل کی جائے گی اور اگر کوئی نہ بھی آیا تو اکیلے ہی جلسے کو کامیاب بنائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم کسی کی دھمکی سے گھبرا جائیں گے تو ان کی بھول ہے، احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، ہم کسی کے گھر نہیں جائیں گے اور نہ ہی پہلے کسی کے گھر کا گھیراؤ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے عسکری ونگ پنجاب پولیس کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں بےگناہ افراد کو مارا لیکن اب اگر دوبارہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ ہوا اور ہمیں ہمارے جمہوری حق سے روکا گیا تواس کےنتائج انتہائی خراب ہوں گے، ہم شہر بند کردیں گے اور پھر ہمارے ردعمل کو حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔

چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں کو کمزور کررہے ہیں، نوازشریف پارلیمنٹ کوکوئی اہمیت نہیں دیتے تمام جمہوری اداروں کو حکومت اپنی گرفت میں لے چکی ہے، پاناما لیکس نیب کے لئے سب سے بڑا کیس تھا لیکن نیب کی جانب سے صرف چھوٹے چوروں کو پکڑا جاتا ہے، جمہوریت میں ادارے آزادانہ کام کرتے ہیں لیکن حکمرانوں نے جمہوری اداروں کومضبوط کرنےکےبجائےانہیں اورکمزورکردیا۔

ہیلسنکی، فن لیند:طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ نئی زبانیں سیکھنے سے دماغی لچک میں اضافہ ہوتا ہے اور دماغ میں نئے سرکٹ بننے کے ساتھ اس میں نئی معلومات جذب کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔


سائنٹفک رپورٹس میں شائع ہونے والی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لوگ جتنی زیادہ زبانیں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اس سے دماغی سرکٹ کو نئی معلومات کو کوڈ کرنے والا حصہ اتنا ہی تیزی سے متحرک ہوتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ انسانی زبان سیکھنے کے عمل کو سمجھنے سے فالج اور حادثات کے بعد لوگوں کو دوبارہ بولنے کے قابل بنانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ماہرین پیچیدہ دماغی سرکٹ کو سمجھنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ یہ تحقیق اس عمل کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق نئی زبان سیکھنے کے بہت سے ذہنی اور دماغی فوائد ہوتے ہیں۔ اس سے ڈیٹا پروسیسنگ اور معلومات کو جذب کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ تجرباتی طور پر ماہرین نے اوسط 24 سال کی عمر کے 10 مرد اور 12 خواتین کو بھرتی کیا اور زبانیں سیکھنے کے دوران ان کی دماغی کیفیت کو ای ای جے کے ذریعے نوٹ کیا۔ لیکن یہ نئے الفاظ سیکھنے کی مشقیں تھیں۔

تمام رضاکار صرف فن لینڈ کی زبان ہی جانتے تھے اور جیسے ہی رضاکار اجنبی یا جانے ہوئے لفظ سے واقف ہوا اس کی دماغی سرگرمی میں تبدیلی واقع ہوئی۔ رپورٹ کے سینیئر محقق کے مطابق نتائج سے ظاہر ہے کہ نئی زبان سیکھنا ہر عمر کے دماغ کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق مطابق پاکستان کا تعلیمی نظام نئے دور کے تقاضوں سے 60 سال پیچھے ہے۔

پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہےکہ پاکستان میں نہ صرف شرح خواندگی کی کمی ہے بلکہ پاکستان کا تعلیمی نظام بھی موجودہ دور کے تعلیمی تقاضوں کے معیار سے 60 سال پیچھے ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا تعلیمی نظام دنیا بھر میں پرائمری سطح پر دی جانے والی تعلیم کے مقابلے میں 50 سال جب کہ سیکنڈری سطح پر دی جانے والی تعلیم نئے تقاضوں کے معیار سے 60 سال پیچھے ہے تاہم یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ دیگر کئی ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 56 لاکھ ایسے بچےہیں جو اسکول جاتے ہی نہیں جب کہ ایک کروڑ 4 لاکھ ایسےبچے ہیں جو سیکنڈری اسکول سے آگے نہیں جاتے، صرف یہی نہیں بلکہ شہروں اور دیہات میں بسنے والے بسنے والے افراد کے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے میں بھی بہت فرق ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کا محض 11.3 فیصد تعلیم پر خرچ کرتی ہے جب کہ دیگر وجوہات میں ملک میں جاری دہشت گردی کی کارروائیاں بھی ہیں جن میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

نئی دلی:پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی میں تقریب میں شرکت نہ کرنے دینے پر بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے شکایت کی گئی تاہم عبدالباسط سے بھارتی مؤقف کو مسترد کردیا۔

نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کرکے حکام نے شکایت کی کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی کی تقریب میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کی شکایت رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھی پاکستانی ہائی کمشنر کی دعوتوں کو منسوخ کرنا معمول ہے اور ایسی تمام دعوتوں کی منسوخی بھارتی حکومت کے دباؤ پر کی جاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کی کئی تقریبات نہیں ہونے دیں جب کہ پاکستانی ہائی کمشنر کوکئی بار دی گئی دعوت بھارتی میزبانوں نے دباؤ میں آکر واپس لی۔ ادھر بھارت نے اپنے شہریوں کو پاکستانی ہائی کمشنر کو تقریبات میں مدعو نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی دفترخارجہ طلبی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہائی کمشنر کو چیمبر آف کامرس مدعو نہ کرنے پر احتجاج کیا جب کہ واقعہ سے متعلق معلومات لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت دینے سے متعلق کراچی چیمبر آزاد ادارہ ہے۔

مانچسٹر:انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز 1-4 سے گنوانے والی ٹیم سرفراز احمد کی زیر قیادت نئے دور کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔

اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات ساڑھے 10 بجے شروع ہوگا، ون ڈے سیریز میں 1-4 سے شکست کھانے والی پاکستان ٹیم واحد ٹوئنٹی 20میچ جیت کر طویل اور مشکل ٹور کا فتح کے ساتھ اختتام کرنے کی خواہاں ہے جب کہ مختصر فارمیٹ کیلیے نئی کمک پاکستان سے پہنچ چکی ہے، اظہر علی کی جگہ کمان بھی سرفراز احمد کے ہاتھوں میں آگئی، ون ڈے سیریز میں اچھے اسٹرائیک ریٹ سے ٹاپ اسکورر کے طور پر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین قیادت سونپے جانے کے بعد پہلے امتحان سے گزریں گے، مہمان ٹیم کو ناقابل اعتبار نظر آنے والے شرجیل خان کے ساتھ خالد لطیف سے بھی اچھے آغاز کی امیدیں وابستہ ہونگی، کپتان بیٹنگ آرڈر میں اوپنر آنے کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں۔

مڈل آرڈر کو مستحکم کرنے کیلیے بابراعظم کو بھی پلیئنگ الیون میں جگہ دینے کا آپشن موجود ہوگا، آخری ون ڈے میں فارم کی جھلک دکھانے والے تجربہ کار شعیب ملک کے ساتھ محمد رضوان بھی تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عماد وسیم نے ایک روزہ میچز میں گیند اور بیٹ دونوں سے پرفارم کیا، اس بار بھی ان سے اچھی کارکردگی کی توقعات ہیں، محمد نواز کیلیے بھی بطور آل راؤنڈر صلاحیتیں منوانے کا موقع ہوگا، پیس بیٹری میں محمد عامر کا ساتھ دینے کیلیے حسن علی فیورٹ ہیں، انھوں نے اب تک انگلینڈ میں اپنی ورائٹی سے متاثرکیا ہے، محمد عرفان کے ان فٹ ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے متبادل کے طور پر ان کی خدمات حاصل کرنے کو ترجیح دی تھی، عماد بٹ کو ڈیبیو کا موقع دیے جانے کا امکان ہے، پیسر اچھی بولنگ کے ساتھ پاور ہٹنگ کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں،اگر تجربے پر انحصار کیا گیا تو سہیل تنویر کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

دونوں ٹیموں میں سب سے بڑا فرق یہ نظر آیا کہ پاکستان وائٹ بال سے کرکٹ کی رفتار پکڑنے کی کوشش میں ہے، دوسری جانب انگلینڈ کو پاور ہٹرز اور رنز روکنے میں مہارت اور ورائٹی رکھنے والے پُراعتماد کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، کپتان ایون مورگن بھی سرفراز احمد سے زیادہ تجربہ کار ہیں، میزبان ٹیم نے مختلف وجوہات پر سری لنکا کیخلاف جون میں کھیلے جانے واحد ٹوئنٹی 20 میچ کا حصہ نہ بننے والے کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، اوپنرز ایلکس ہیلز اور جیسن روئے فارم میں ہیں، جوئے روٹ ون ڈے میچز میں مین آف دی سیریز تھے، کپتان کے بعد جوز بٹلر اور بین اسٹوکس جیسے جارح مزاج بیٹسمین میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ معین علی کو مشکل وقت میں اچھی بیٹنگ اور صورتحال کے مطابق بولنگ کی شہرت حاصل ہے، اسپن کے شعبے میں ان کا ساتھ دینے کیلیے عادل رشید کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہوگا۔

پیسرز ڈیوڈ ویلی، لیام پلنکٹ اور کرس جورڈن مقامی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، یہ تینوں جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، بین اسٹوکس بولنگ کیلیے آئے تو ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل کے آخری اوور میں کارلوس بریتھ ویٹ کے مسلسل 4 چھکوں کی تلخ یادیں ضرور ستائیں گی۔ منگل کو مانچسٹر میں موسم خشک اور گرم رہا، میچ کے روز بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اولڈ ٹریفورڈ کی خشک پچ سے اسپنرز کو مدد مل سکتی ہے۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ملکی ٹیم کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے،پہلے میچ کیلیے پُرجوش ہوں، آخری ون ڈے میں بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب سے حوصلے جوان ہوگئے۔

کراچی:شارع فیصل پر سول سوسائٹی کے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا جب کہ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو حراست میں لے لیا گیا۔

کراچی میں شارع فیصل پر سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے اسٹارگیٹ پر دھرنا دیا جس کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گھنٹوں سے جاری رہنے والے شدید ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور اس دوران کئی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔

پولیس نے شارع فیصل کو کلیئر کرانے کے لیے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور ان پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے جب کہ اس دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

فیصل واوڈا کو کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے حراست میں لے کر ایئرپورٹ تھانے منتقل کردیا جب کہ شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے بحال بھی کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ فیصل کی مہم سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، فیصل واوڈا نے عوام کو اذیت میں رکھا جس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر عوام پریشان ہوئے جس پر معذرت کرتا ہوں اور اس حرکت پر فیصل واوڈا کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

نئی دلی:مشیر سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور را کے سابق سربراہ اے ایس دولت کا کہنا ہے کہ نئی دلی سرکار کے پاس مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے بات کرنےکے علاوہ کوئی چارہ ہی نہیں اور اسے ہر صورت اسلام آباد سے مذاکرات کرنا ہی پڑیں گے۔

جرمنی کے نشریاتی ادارے کو دیئے گئےانٹرویو میں اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو بہت ہی خراب طریقے سے نبردآزما ہوئی ہے، جس کی وجہ سے وہاں بہت غم و غصہ پایا جاتا ہے، اس وقت مقبوضہ وادی کی صورت حال 2008 اور 2010 سے بھی زیادہ بدتر ہے، کشمیری گزشتہ برس مارچ میں مفتی محمد سعید کے وزیر اعلیٰ بننے پر خاصے برہم تھے اور برہان وانی کی ہلاکت نے اس کو باہر نکال دیا۔

اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی نوجوان نسل 1990 کی دہائی میں ہونے والی صورت حال کے سائے میں پروان چڑھی ہے، نوجوانوں کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے، بھارتی حکومت کی سری نگر میں بے جا مداخلت نے کشمیری عوام کے غیض و غضب کو مزید بھڑکایا اور محبوبہ مفتی کو اندازہ ہی نہیں کہ کیا کرنا چاہیے، ایسی صورت حال میں حالات مزید بگڑتے جارہے ہیں۔

’’را‘‘ کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیری رد عمل بے ساختہ تھا اور اس سے پاکستان کےموقف کو تقویت ملی ہے، ہمیں پاکستان سے بات چیت کرنا ہی ہوگی کیونکہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں، اسی لیے اٹل بہاری واجپائی کے دور میں انہوں نے نواز شریف کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا تھا۔

بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر اے ایس دولت نے کہا کہ بھارتی حکومت بلوچستان کے مسئلے کے حوالے سے جو چاہے کر سکتی ہے لیکن اس سے کشمیر کا بحران حل نہیں ہوگا، البتہ اس بات کو تقویت ملے گی کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے۔

لندن:برطانیہ میں پاکستانی ارب پتی نوجوان کی سونے کی کار گزشتہ ہفتے لندن پولیس نے اس وقت ضبط کرلی جب وہ اپنی کار ’مسراٹی‘ کو کنگسٹن سے گرین کیبریو لے جارہے تھے۔

کنگسٹن پولیس کا کہنا تھا کہ بورو کے علاقے میں انشورنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں اور اس پر سخت ترین جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جب کہ اس سے قبل بھی اپریل میں نوجوان پر پارکنگ ٹکٹ ادا نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

نوجوان حمزہ شیخ ریجنٹ یونیورسٹی میں بزنس کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور پراپرٹی کا کام بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے اسٹاف نے بتایا کہ پولیس ایک گھنٹے سے میری کار کو دیکھ رہی تھی۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ جب پولیس نے انہیں روکا تو اس وقت تک وہ اپنا تھیوری ٹیسٹ مکمل کرچکے تھے، میں تعلیم اور کاروبار میں مصروف رہتا ہوں اور جب انشورنس کمپنی کی جانب سے مجھے کوائف جمع کرنے کے بارے میں ایک خط بھیجا گیا تو وہ مجھے نہیں مل سکا اور غلطی کی وجہ بھی یہی ہے۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ میں ارب پتی ہوں اور میسراٹی کار چلانے سے کئی لوگ جلتے ہیں،اگر میرے پاس رقم ہے تو میں یہ کار کیوں نہ چلاؤں کیونکہ یہ اللہ کا فضل اور میری ماں کی دعا کا ثمر ہے،جلن اور حسد دماغی کینسر ہے اور جو اس میں مبتلا ہیں انہیں اپنا علاج کرانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان کا ’’ سنہرا بچہ ہوں‘‘ اسی وجہ سے میری کاریں بھی سنہری ہوتی ہیں۔
 
لاہور:پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے موقع پر 8 خصوصی ٹرینیں چلانے کے علاوہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان ریلوے نے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے جب کہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پہلی اسپيشل ٹرين 10 ستمبر كو كراچي سٹی اسٹيشن سے دن 11 بجے روانہ ہوكر نواب شاہ ، ملتان كينٹ، فيصل آباد اور سرگودھا سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10 بجكر30 منٹ پر پشاور كينٹ پہنچے گی۔ دوسری اسپيشل ٹرين كوئٹہ سے دن 1 بجے روانہ ہو كرسكھر، ملتان اورلاہور كينٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 7 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچےگی۔

تيسری اسپیشل ٹرين 11 ستمبر كو كراچی كينٹ سے دن 11 بجے روانہ ہو كر براستہ روہڑی، خانيوال، فيصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روزلاہور پہنچے گی۔ چوتھی اسپيشل ٹرين 12 ستمبر كو راولپنڈی سے صبح 10 بجے روانہ ہو كر سہ پہر 3 بجكر 10منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ پانچويں ٹرين لاہور سے شام 7 بجكر 30 منٹ پر راولپنڈی كے لئے روانہ ہوگی اور رات 1 بجكر30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

چھٹی اسپيشل ٹرين واپسی كے لئے 17ستمبر كو پشاور كينٹ سے دن 11بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی، ساتويں ٹرين راولپنڈی سے دن 11بجے كوئٹہ كے لئے روانہ ہوگی اور اسی طرح آٹھويں اور آخری عيد اسپيشل ٹرين لاہور سے رات 8 بجے كراچی كينٹ كے لئے روانہ ہوگی۔

اسلام آباد: ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہداء کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

قوم آج یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ یوم دفاع کے موقع پر آج اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شہداء کے لیے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی ہوگی جب کہ دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات ہوں گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔ لاہور میں علامہ محمد اقبال اور کراچی میں قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

لندن: اگر آپ بلڈ پریشر کا شکار ہیں اور اس کا علاج کرانا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ کافی پینا ترک کردیں کیونکہ اس میں موجود اجزا دوا کی تاثیر کو زائل کرسکتے ہیں۔ 

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبادی کا ایک بڑا حصہ بلڈ پریشر کے باعث مختلف امراض کا شکار ہے اور وہ کافی بھی پیتا ہے۔ مطالعوں سے معلوم ہوا ہے کہ کیفین والی کافی بلڈ پریشر بڑھا سکتی ہے لیکن کیفین سے پاک یعنی ڈی کیفینیٹیڈ کافی سے یہ اثرات نہیں ہوتے۔

بین الاقوامی طبی جریدے امریکن جرنل آف ہائپرٹینشن میں لندن کی ویسٹرن یونیورسٹی اور کینیڈا کے لاسن ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی مشترکہ تحقیق شائع کی گئی ہے، ماہرین نے اپنی تحقیق کے لیے ایسے لوگوں کاانتخاب کیا جو باقاعدگی سے یا پھر کبھی کبھار کافی پیتے تھے۔

ماہرین نےااپنی تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جو لوگ کبھی کبھار کافی پیتے ہیں، اگر وہ دو کپ کافی پی لیں تو ایک گھنٹے کے اندر اندر ان کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح سے بلڈ پریشر کے ٹیسٹ متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر شوقیہ بھی کبھی کبھار کافی پی لی جائے تو اس سے بلڈ پریشر کی دوا کی تاثیر متاثر ہوسکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ باقاعدگی سے کافی پینے والے افراد میں یہ اثرات رونما نہیں ہوتے کیونکہ ان کا جسم اس کے خلاف مزاحمت پیدا کرلیتا ہے اور وہ کیفین کو برداشت کرنے لگتا ہے تاہم کبھی کبھی کافی پینے والوں کے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ فلموں میں ان کے کردار میں حقیقی رنگ نظر آتا ہے جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کوبھارت ہی نہیں دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے جس کے باعث دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی جسے انہوں نے فوراً ٹھکرادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے ہالی ووڈ کی متعددفلموں میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی ہے لیکن اسکرپٹ کمزور ہونے اور اپنا کردار جاندار نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی فلم میں کام کرنے کی حامی نہیں بھری تاہم اگر کسی اچھی اسکرپٹ والی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تواس میں کام کرنے کے حوالے سے ضرورسوچوں گا۔

واضح رہے کہ اداکار عامر خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

دبئی:آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیون کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہوسکا تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 21 درجے کی چھلانگ لگاکر 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور آخری میچ میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد رینکنگ میں 21 درجے ترقی پاکر 40 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی 15 درجے ترقی پاکر 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی بلے باز جگہ نہ بنا سکا، جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز بدستور سرفہرست ہیں جب کہ بھارت کے تین کھلاڑی ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ 10 بہترین بولرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی جگہ نہ بنا سکا تاہم محمد عرفان کا گیارہواں نمبر ہے جب کہ آل راؤنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پوری سیریز میں صرف سرفراز احمد ہی وہ واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 300 رنز بنائے۔

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی منظوری دے دی۔
میڈیا کےمطابق وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے 3 چھٹیوں کی منظوری دے دی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ پر 12 سے 15 ستمبر تک چھٹی ہوگی اور 16 ستمبر سے تمام سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی تاہم وفاقی حکومت نے عید سے ایک روز قبل چھٹی کا اعلان کیا ہے جس کے باعث سرکاری ملازمین کو صرف عید کے 2 روز کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق تمام ریفرنس مسترد کردیئے جب کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی سے متعلق ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بجھوا دیئے ہیں۔

میڈیا کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان تحریک انصاف اور سابق ایم این اے عمر فاروق کی جانب سے دائر تمام ریفرنس مسترد کر دیئے ہیں جب کہ اسپیکر نے محمود خان اچکزئی کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس بھی مسترد کردیا ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی جانب سےعمران خان کی نا اہلی سے متعلق دائر کیا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا جب کہ جہانگیرترین کی بھی نااہلی سے متعلق ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوادیا گیا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو درخواستیں فائل ہوئیں ان کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، 8 ریفرنسز کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کیا گیا، 2 ریفرنسز میں نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے اس لیے جن درخواستوں پر لگا کہ نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے وہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیں اور جن پر ایسا نہیں لگا انہیں مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جج نہیں ہوں، جو کاغذات درخواستوں میں لگائے گئے انہی پر فیصلہ کرتے ہوئے دیگر ریفرنس بھی الیکشن کمیشن بھجوادیئے ہیں جن پر رولنگ کے بعد کمیشن نے 90 روز میں فیصلہ کرنا ہے۔

دریں اثنا ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 4 ریفرنس دائر کئے گئے جس میں سے 2 تحریک انصاف، ایک شیخ رشید اور ایک سابق ممبر قومی اسمبلی سردارعمر فاروق کی جانب سے دائر کیا گیا۔ فدا محمد کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے لیے بھی ایک ریفرنس موصول ہوا۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین اور محمود اچکزئی کے خلاف بھی ایک ریفرنس دائر کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس 30 روز کے اندر کسی بھی ریفرنس کو سماعت کے لئے منظور یا مسترد کرنے کا آئینی اختیار ہوتا ہے، اگر اسپیکر 30 روز کے اندر کسی ریفرنس کو منظور یا مسترد نہیں کرتا تو پھر وہ آئینی لحاظ سے الیکشن کمیشن کو منتقل ہو جاتا ہے۔