شارجہ: انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور صرف 11 رنز پر ہی 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، احمد شہزاد پہلے اوور کی پانچویں ہی بول پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ اگلی ہی گیند پر حفیظ اور رفعت اللہ نے رننگ میں وہی غلطی کی جو پہلے میچ میں عمر اکمل اور صہیب مقصود نے کی تھی دونوں وکٹ کے ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے یوں محمد حفیظ کو بغیر کوئی رنز بنائے واپس جانا پڑا اور تیسرے اوور میں رفعت اللہ بھی بغیر کوئی رن بنائے حفیظ کا ساتھ دینے ڈریسنگ روم پہنچ گئے۔ چوتھی وکٹ کے لیے شعیب ملک اور محمد رضوان نے 39 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن رضوان 24 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عادل رشید کا شکار بنے جب کہ عمر اکمل صرف 4 رنز بنانے میں ہی کامیاب رہے۔ شعیب ملک نے شاہد آفریدی سے ملکر چھٹی وکٹ کے لیے 63 قیمتی رنز جوڑے تاہم آفریدی اٹھارویں اوور میں 29 رنز پر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کو جیت کے لیے 2 اوورز میں 18 اور آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے لیکن شعیب ملک آخری اوور کی پانچویں گیند پر اس وقت آوٹ ہوئے جب قومی ٹیم کو صرف 2 رنز درکار تھے، شعیب ملک نے2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے جب کہ سہیل تنویر آخری گیند پر ایک رنز بنانے میں کامیاب رہے یوں میچ ٹائی ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سپر اوور ہوا۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلے 3، کرس ووکس ، عادل رشید اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سپر اوور میں پاکستان کی جانب سے کپتان آفریدی عمر اکمل کے ہمراہ بیٹنگ کے لیے آئے تاہم انگلش بالر کرس جورڈن نے ساری گیندیں یارکر ماری جو دونوں کھلاڑی کھیلنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور پاکستان نے صرف 4 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان مورگن اور جوز بٹلر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم شاہد آفریدی نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور انگلش ٹیم نے پانچویں گیند پر میچ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ جیس روئے اور جیمس وینس نے اننگ کا آغاز کیا تو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عامر یامین نے پہلی ہی گیند پر جیس روئے کو آؤٹ کردیا جب کہ دوسری وکٹ کے لیے جوئے روٹ نے وینس سے ملکر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی جسے کپتان آفریدی نے رووٹ کو 32 رنز پر آؤٹ کرکے توڑا اور اگلی ہی گیند پر معین علی کو اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین بھیجا۔ کپتان مورگن نے یونس کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 20 رنز جوڑے لیکن مورگن کو شعیب ملک نے 15 رنز پر بولڈ کردیا، اگلے ہی اوور میں محمد رضوان نے جوز بٹلر کو 2 رنز پر رن آؤٹ کرکےان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انور علی نے سیم بلنگز کو 7 رنز پر پویلین بھیجا تاہم وینس نے کرس ووکس کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 60 قیمتی رنز جوڑے، دونوں بلترتیب 46 اور 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے 2،2اور شعیب ملک اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد قومی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئی۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کا آغاز رینکنگ میں دوسری پوزیشن سے کیا مگر ابتدائی دونوں مقابلوں میں شکست کی وجہ سے سیریز ہارنے کے باعث چوتھے نمبر پر پہنچ گیا تھا اور آج کے میچ کے بعد وہ چھٹی پوزیشن پر جا پہنچا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours