کراچی: پاکستان کے عظیم آل راؤنڈر اور نامور سیاست دان عمران خان نے اسپاٹ فکسنگ کی سزا پوری کرنے کے بعد عالمی کرکٹ میں واپسی کیلئے کوشاں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی حمایت کر دی۔

عمران نے اے آر وائی سے گفتگو میں ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوان عامر کی حمایت کریں۔

پابندی ختم ہونے کے بعد قومی تربیتی کیمپ میں شامل ہونے والے 23 سالہ عامر کی وجہ سے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ اور ون ڈے کے موجودہ کپتان اظہر علی نے جمعہ کو کیمپ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

عمران کہتے ہیں کہ عامر نے عدالت کے سامنے اپنا جرم تسلیم کیا لہذا انہیں دوسرا موقع ملنا چاہیے۔

’ایک انیس سالہ لڑکے نے غلطی کی اور پھر عدالت میں جھوٹ نہ بولتے ہوئے جرم تسلیم کیا اور سزا پوری کی، لہذا اسے دوبارہ کھیلنا چاہیئے‘۔

عمران نے کہا کہ عامر سب سے معافی مانگ چکے ہیں، لہذا وہ ان کی واپسی کے مخالفوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسا کرنا چھوڑ دیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران نے انٹرویو کے دوران ملک کی سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’مجرم ملک چلا رہے ہیں، ایسے میں سزا پوری کر کے واپس آنے والے کی مخالفت ٹھیک نہیں‘۔

یاد رہے کہ عامر پر پابندی سے قبل عمران نے انہیں عالمی کرکٹ کا اسٹار قرار دیا تھا جب کہ لینجڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ عامر 18 سال کی عمر میں ان سے کہیں بہتر باؤلر تھے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours