کینبرا: اسٹوڈینٹ ویزا پر آسٹریلیا جانے والا پاکستانی نوجوان اچانک بستر مرگ پر لیٹ گیا جس کی آخری خواہش آسٹریلوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے پوری کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 25 سالہ پاکستانی نوجوان حسن آصف اسٹوڈینٹ ویزا پر آسٹریلیا گیا تھا جہاں دوران علاج اس میں کینسر کی تشخیص ہوئی جب کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حسن آصف مزید چند ہفتے سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکتا اور جب اس حوالے سے حسن کے والدین کو علم ہوا تو انہوں نے آسٹریلین ویزے کے لئے درخواست دی لیکن انہیں ویزہ دینے سے صاف انکارکردیا گیا۔ حسن نے اپنی آخری خواہش کا اظہار کیا کہ وہ آخری مرتبہ اپنی والدہ اوربھائی سے ملنا چاہتا ہے لیکن اسلام آباد میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے یہ کہہ کران کی والدہ اور بھائی کی درخواست مسترد کردی کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ خاندان پاکستان واپس نہیں آئے گا۔
دوسری جانب حسن آصف کی والدہ کو ویزہ جاری نہ کرنے پر پناہ گزینوں کی تنظیم میلبرن سٹی مشن نے امیگریشن وزیر پیٹرڈٹن سے اپیل کی کہ وہ اس غیرمعمولی حالات میں حسن آصف کو رعایت دیں جب کہ اس حوالے سے تنظیم نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ پیٹر ڈٹن حسن آصف سے اہلخانہ کی آخری ملاقات کرانے کے لئے خود مداخلت کریں اورغیرمعمولی حالات کو مدنظررکھتے ہوئے حسن کی والدہ اور بھائی کا ویزہ جاری کریں۔ اسی طرح اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی نے بھی امیگریشن وزیرسے درخواست کی کہ وہ بیوروکریٹک مسئلے کو جلد حل کریں۔
امیگریشن وزیر نے اس حوالے سے آج پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کہا کہ اسلام آباد سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں حسن آصف کی والدہ اوربھائی کو ویزہ جاری نہیں کیا جاسکتا تھا تاہم اس میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے اسلام آباد حکام کو کیس کی نوعیت کے بارے میں آگاہ کیا اورمتاثرہ نوجوان کے اہلخانہ کے حوالے سے مزیدمعلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی اور اب حسن آصف کی والدہ اور بھائی کو ویزہ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے بعد پرامید ہیں کہ وہ جلد آسٹریلیا آئیں گے اور اپنے بیٹے سے ملاقات کریں گے۔
ادھراسپتال میں زیرعلاج حسن آصف اس قابل نہیں کہ وہ پاکستان کا سفرکرسکیں اس لئے انہوں نے زندگی کی آخری خواہش ماں سے ملاقات کی تھی اورجب یہ خبرانہیں دی گئی کہ حکام نے ان کی والدہ کو آسٹریلیا آنے کی اجازت دے دی تواسپتال عملے سمیت ان کی آنکھوں میں آنسو بھرآئے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours