لاہور: قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور تجربے کار بلے باز محمد حفیظ کے بعد مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے بھی اسپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
عمر اکمل نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مجھے ٹیم سے ڈراپ کر دیا جا تا ہے لیکن اسپاٹ فکسر کو آنکھوں پر بٹھایا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ چیر مین پی سی بی شہریار خان بھی آج اظہر علی اور محمد حفیظ سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں کھلاڑیوں کو منانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی اور محمد حفیظ اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ عامر کے ساتھ تربیتی کیمپ میں ہرگز شرکت نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اظہر علی اور محمد حفیظ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو اپنے تحفظات سے اس حوالے سے باقاعدہ آگاہ کردیا تھا کہ وہ عامر کے ساتھ تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کرسکتے۔ مصباح الحق نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ عامر کی ٹیم میں واپسی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے کیونکہ یہ دیکھنا ہو گا کہ عامر کی واپسی سے مستقبل میں ٹیم پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours