راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کردہ خوف کی فضا کم ہو گئی ہے لہٰذا امن کے لیے ہماری کوششوں کو منطقی انجام تک پہنچنے کے لیے پوری قوم کا ساتھ رہنا اہم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے49 ویں کنوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں پوسٹ گریجوایٹ میڈ یکل ایجوکیشن اور ملک میں ہیلتھ کیئر سروسز کیلئے کالج کی لیڈر شپ کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی طرف سے پیدا کردہ خوف کی فضا کم ہو گئی ہے لہٰذا امن کے لیے ہماری کوششوں کو منطقی انجام تک پہنچنے کے لیے پوری قوم کا ساتھ رہنا اہم ہے۔
آرمی چیف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کامیابیوں کی طرف گامزن کرنے کے لیے ہمیں اپنے مستقبل کی نسل پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے اس مقصد کے حصول کے لیے ہرایک کو بالخصوص تعلیم یافتہ پروفیشنلز کی اہم ذمہ داریاں ہیں۔
اس موقع پر کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سی پی ایس پی فیلو شپ ایوارڈ دیا گیا جو 26 سال کے وقفے کےبعد کسی شخصیت کو دیا گیا ہے جب کہ اس سے قبل یہ ایوارڈ سابق صدر ایوب خان، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور پرنس کریم آغا خان کو دیا جاچکا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours