مردان: نادرا آفس پر خود کش حملے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جب کہ 28 زخمی ہوگئے۔
مردان میں نادرا آفس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جب کہ 28 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مردان کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جس وقت خودکش دھماکا ہوا اس وقت 40 سے زائد افراد شناختی کارڈ کے حصول کےلئے قطار میں اپنا انتظارکررہے تھے اور نادرا آفس کے گیٹ پر دھماکا سنا گیا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں نادرا کے 2 سیکیورٹی گارڈزبھی شامل ہیں جب کہ مردان میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پرسوارخودکش بمبارنے نادرا آفس کے اندر جانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی پرمامورنجی گارڈ نے روکنے کی کوشش کی جس پربمبارنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ گارڈ نے اپنی جان دے کر کئی قیمتیں جانیں بھی بچائیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش بمبار نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی جس میں 8 کلو گرام دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا جب کہ حملہ آورکی عمر 22 سے 30 سال کے درمیان تھی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours