فروری 2016
لندن: کیا آپ بھی ان لاکھوں لوگوں میں شامل ہیں جو نماز کی ادائیگی کے دوران اچانک موبائل فون بج اٹھنے سے پریشان ہیں تو آپ کے لئے خوشخبری ہے کہ اس سلسلے میں ایک نئی موبائل ایپ تیار ہوچکی ہے۔

بھاگتی دوڑتی زندگی میں موبائل فون کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیونکہ موبائل فون آپ کا ہر وقت کا ساتھی بن چکا ہے، یہاں تک کہ مسجد میں بھی اور اگر آپ نے لشکارے مارتی رنگیلی رنگ ٹون سیٹ کررکھی ہو اور نماز کی ادائیگی کے دوران آپ کا موبائل بج اٹھے تو شرمندگی بھی اسی قدر ہوتی ہے کیونکہ یہ ناصرف آپ بلکہ دوسروں کی عبادت میں بھی مخل ہوتی ہے۔

نماز کی ادائیگی کے دوران عام طور پر لوگ اپنے موبائل فون یا تو بند کردیتے ہیں یا پھر سائلنٹ لیکن کبھی کبھا لوگ اسے اس احتیاطی تدبیر کو اختیار کرنا بھول جاتے ہیں۔ ایسے لوگ جو اپنا موبائل فون سائلٹ یا بند کرنا بھول جاتے ہیں ان کے لئے خوش خبری یہ ہے کہ اب ان کا موبائل فون خود بخود سائلنٹ موڈ پر چلا جائے گا، بس اس کے لئے آپ کو اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون پر ’’صلاتی‘‘ کو ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا۔ اس ایپلی کیشن کو فعال کئے جانے کے بعد دوران نماز آپ کا موبائل خوبخود ہی سائلنٹ موڈ پر چلا جائے گا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں تحریک انصاف نظریاتی  کے نام سے نئی جماعت بن گئی ہے۔
میڈیا کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعد پاکستان تحریک انصاف (ن) بھی میدان میں کود پڑی، شیخوپورہ سے تحریک انصاف کے سابق رہنما اختر اقبال ڈار نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے پارٹی بنائی ہے جس کو الیکشن کمیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ بھی کرالیا گیا ہے جب کہ اختر اقبال ڈار پارٹی کے سربراہ ہوں گے۔
اختر اقبال ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نوجوانوں کو دھوکا دے رہے ہیں، انہوں نے جس تبدیلی کا نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا وہ اس راستے سے ہٹ چکے ہیں جب کہ تحریک انصاف اب کچھ لوگوں کے گرد گھوم رہی ہے لہذا نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا تا کہ تحریک انصاف جس مقصد کے لیے بنائی گئی تھی وہ برقرار رہے۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جو ایک کٹا ہوا سر اٹھا کر جا رہی تھی۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ خاتون اس بچے کی آیا تھی جسے مبینہ طور پر اس نے قتل کیا اور پھر اس فلیٹ کو آگ لگا دی جہاں وہ رہتا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حجاب پہنے ہوئے خاتون ایک کٹا ہوا سر ہاتھ میں اٹھائے ایک میٹرو سٹیشن کے قریب چلتے ہوئے دیکھی گئی۔

ایک پولیس آفیسر نے اسے روکا اور زمین پر گرا دیا۔

ماسکو انویسٹیگیٹو کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خاتون کو نفسیاتی معائنے کے سینٹر بھیج دیا گیا ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ کیا اسے احساس ہے کہ اس نے کیا کیا ہے۔

تین سے چار سال کے بچے کی سربریدہ لاش ملنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کی آیا کا تعلق وسطی ایشیا سے ہے اور وہ 1977 میں پیدا ہوئی تھی۔ آیا نے پہلے بچے کے ماں باپ کے فلیٹ سے چلے جانے کا انتظار کیا اور اس کے بعد نامعلوم وجوہات کی بنا پر بچے کو قتل کر کے فلیٹ کو آگ لگا دی۔
اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں مارچ میں ہونے والی مردم شماری کرانے کا فیصلہ موخر کردیا۔
میڈیا کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت تقریباً 11 ماہ بعد مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سرفہرست مردم شماری کا ایجنڈا تھا جس پر تمام صوبوں کی رضامندی کے بعد اسے موخرکرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ مردم شماری موخر کرنے کی وجہ آپریشن ضرب عضب اور سیکیورٹی اداروں کی مصروفیت بتائی جاتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں مردم شماری کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا، مردم شماری کے لئے پاک فوج کے جوان دستیاب نہیں اس لئے مارچ میں مردم شماری نہیں کرائی جا سکتی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ مردم شماری کے لئے بلوچستان میں سب سے زیادہ فوج کی ضروت ہے اس لئے ان سے مشاورت کے بعد تاریخ کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ایل پی جی، ایل این جی کی درآمد اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران کچھی کینال میں بے قاعدگیوں کا نوٹس بھی لیا گیا جس پر وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جب کہ مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو ہوگا جس میں  نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بحث کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں آخری مرتبہ 1998 میں مردم شماری ہوئی تھی اور موجودہ حکومت نے تقریباً 16 برس بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن تیاریاں مکمل نہ ہونے پر صوبوں کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔
لاس اینجلس: شرمین عبید چنائے کی مختصر دورانئے کی دستاویزی فلم ’آ گرل ان دا ریور‘ نے آسکر اکیڈمی ایوارڈ جیت لیا۔

شرمین عبید چنائے دوسری مرتبہ پاکستان کے لئے آسکر ایوارڈ جیتنے والی پہلی شخصیت بن گئی ہیں، شرمین عبید کی مختصر دورانئے کی دستاویزی فلم اے گرل ان دا ریور نے 88 ویں آسکر اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین ڈاکو مینٹری فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

شرمین عبید چنائے کی فلم اے گرل ان دا ریور ایک 19 سالہ لڑکی صبا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس نے اسے غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اس موقع پر شرمین عبید چنائے کا کہنا تھا کہ پرعزم خواتین کی محنت کا صلہ کامیابی کی صورت میں ملتا ہے، ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنھوں نے یہ فلم بنانے میں ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے غیرت کے نام پر قتل کے قانون میں ترمیم کا وعدہ کیا ہے، یہ فلم کی طاقت ہی ہے کہ حکمرانوں نے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے آسکر ایوارڈ جیتنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دی اور کہا کہ شرمین عبید چنائے نے دیار غیر میں پاکستان کا نام بلند کیا، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل غیرت نہیں اور نہ ہی اسلام اس کی اجازت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ شرمین عبید چنائے نے اس سے قبل 2012 میں بھی اپنی ڈاکومینٹری فلم سیونگ فیس پر آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔
راولپنڈی: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں ممتاز قادری کو پھانسی دے دی گئی۔
 ممتاز قادری کو علی الصبح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، اس موقع پر جیل کے اندر  اور اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔ ممتاز قادری کو پھانسی دینے سے قبل ان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی اور موت کی تصدیق کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں اسکول اور پٹرول پمپس بند کرا دیئے گئے جب کہ نمائش چورنگی پر احتجاج بھی کیا گیا۔ لاہور میں شاہدرہ موٹر پر مظاہرین نے ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور ٹائر جلا سڑک بلاک کردی جس کے باعث میٹرو بس کا روٹ محدود کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں بھی مظاہرین ممتاز قادری کو سزائے موت کے خلاف میٹرو بس کے ٹریک پر آ گئے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدر آباد میں مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیئے اور اسکول بند کروا دیئے۔
واضح رہے کہ ممتاز قادری نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ممتاز قادری کے خلاف پہلے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم دیا پھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا اور پھر گزشتہ برس دسمبر میں سپریم کورٹ نے بھی ممتاز قادری کی درخواست مسترد کردی۔ صدر ممنون حسین نے بھی چند روز قبل ممتاز قادری کی رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی۔
پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید ہونے والے کیپٹن کے جسد خاکی کو کاندھا بھی دیا۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ پشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کی۔
اس موقع پرجنرل راحیل شریف کو شوال میں جاری آپریشن میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکارجوانوں کے حوصلے اورعزم کو سراہا اورکہا کہ دہشت گردوں کو شوال سے فرارنہیں ہونے دیں گے اور پاکستان سے ہر کونے سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں کیپٹن عمیر عباسی سمیت پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے تھے جب کہ افغانستان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 19 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
آپ نے چاروں طرف سے شیشے میں بند گیم دیکھیں ہوں گے جس میں کھلونے بھرے ہوتے ہیں اور انہیں سکہ ڈالنے پر چلنے والے پنجہ نما چمٹے سے گرفت میں کیا جاتا ہے جس میں چین کا ایک شخص اتنا ماہر ہوگیا ہے کہ وہ ہر دفعہ کوئی نہ کوئی کھلونا شکنجے سے پکڑ لیتا ہے اور اپنی مہارت سے 3 ہزار کھلونے جیت چکا ہے جس سے دکان کے مالکان بھی پریشان ہیں۔
چینی شہری چین زیٹونگ شکنجے سے کھلونے اٹھانے والی آرکیڈ مشینوں کے ماہر ہیں اور گزشتہ 6 ماہ کےدوران وہ 3 ہزار کھلونے جیت چکے ہیں۔ وہ چین کے شہر ژیامین کے جیانگو شاپنگ سینٹر میں اپنے فن کے ماہر تصور کیے جاتے ہیں اور ان کی مہارت سے خود مشینوں کے مالکان پریشان ہیں جو انہیں کھانا اور مشروب پیش کرتے ہیں تاکہ وہ کچھ دیر کھیلنے اور کھلونے جیتنے سے باز رہیں۔
چین زیٹونگ کے مطابق انہوں نے مسلسل مشق کے بعد یہ مہارت حاصل کی ہے، شروع میں انہیں ناکامی ہوئی لیکن ایک ماہ کے بعد وہ کلو مشین کے ماہر ہوگئے، جب جب وہ مشین کے سامنے آتے ہیں لوگ ان کے اردگرد جمع ہوکر ان کی مہارت سے محظوظ ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی وہ مشین سے سارے کھلونے جیت کر مشین خالی کردیتےہیں۔ اب یہ حال ہے کہ 3 ہزار جیتے گئے کھلونے ان کے باورچی خانے، بیڈروم اور گھر کے راستوں میں بھی بکھرے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے ایک وقت میں ایک  مشین سے 100 گڑیا نکال کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جب کہ ان کی مہارت سے مشین مالکان بہت افسردہ ہیں۔
کراچی: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پنجاب میں تحریک تحفظ شوہراں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ نسواں قانون کے خلاف عدالت جانے والے کی حمایت کریں گے۔

کراچی میں جے یو آئی (ف) کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق قانون سازی کا محور پارلیمنٹ ہے، ملک کی پالیسیاں طے کرنے کا حق پارلیمنٹ اور حکومت وقت کو ہے، قانون سازی کے وقت ہر معاملے میں قران و سنت سے رہنمائی حاصل کرنا ہوتی ہے، جب ہم ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی بات کرتے ہیں تو پھر ہمیں تنگ نظر کیوں کہا جاتا ہے، شرعی معاملات کے حل کا اختیار جب اسلامی نظریاتی کونسل کودیا گیا ہے تو پھر اس کے ارکان یا چئیرمین کو بلاجواز تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے برخلاف کوئی قانون نہیں بنائیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مری معاہدہ قائم کیا، جس کی پاسداری نہ کرنے پر انہوں نے احتجاج کیا اور اب وہ کیوں معاہدے کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی چھت میں اللہ کے 99 نام لکھے ہیں، ان ناموں کے نیچے اللہ کے قانون کے خلاف قانون بنا ڈالا، پنجاب میں نئے قانون کے مطابق ایک عورت اپنے شوہر کے خلاف تھانے میں رپورٹ درج کرائے گی ۔ اس کے بعد شوہر کے ہاتھ میں سم لگائی جائے گی جس سے اس کی حرکات کا پتہ چلایا جا سکے گا، قتل کے مقدمے کی بھی وڈیو نہیں بنائی جاسکتی لیکن پنجاب میں منظور کئے گئے نئے قانون کے تحت میاں بیو ی کے جھگڑے کی عدالتی رکارڈنگ کی جائے گی، قرآن انسان کو احترام بخشتا ہے لیکن یہاں انسان کی تذلیل کی جارہی ہے۔ آج ماڈرن ازم اور لبرل ازم کے نام پر معیارات تبدیل ہوگئے ہیں، برطانیہ کی نقل کرنے کے لئے انہوں نے اپنے خاندانی نظام کو نہیں دیکھا، تحفظ نسواں قانون کے تحت خاندانی نظام کو بکھیر دیا، جب خاندان ٹوٹ جائیں گے تو گھر کے فرد در بدر ہوجائیں گے۔ ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر نظریات پر سودے بازی نہیں کریں گے اور تحفظ نسواں ایکٹ کو چیلنج کرنے والوں کی مکمل حمایت کریں گے۔
ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد ایران میں ہونے والے انتخابات میں صدر روحانی کے اصلاح پسند اتحادیوں کو تہران میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

جمعے کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ابتدائی نتائج کے مطابق اصلاح پسندوں کو دارالحکومت تہران میں تمام 30 نشستوں پر کامیابی حاصل ہو ئی ہے۔

کنزرویٹو امیدوار غلام علی حدید عادل 31ویں پوزیشن پر ہیں۔

پارلیمانی انتخابات کے تحت 290 ارکان پارلیمان اور مجلسِ رہبری کے لیے علما کے انتخاب کے لیے جمعے کو لاکھوں افراد نے ووٹ ڈالے۔

مجلسِ رہبری کے 88 ارکان ایران کے رہبر اعلیٰ کا انتخاب کرتے ہیں اور امکان ہے کہ وہ آیت اللہ خامنہ ای جن کی عمر 76 سال ہو گئی ہے اور وہ بیمار بھی ہیں کے جانشین کا انتخاب بھی کر لیں گے۔

اس سے قبل ابتدائی نتائج کے مطابق صدر حسن روحانی اور سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی کو ایران کے رہبر اعلی کا انتخاب کرنے والی ماہرین کی اسمبلی میں برتری حاصل تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تہران میں پارلیمانی نتائج انتہائی اہم ہیں کیونکہ دارالحکومت میں قانون بنانے والے عام طور پر ایوان کی سیاسی سمت کا تعین کرتے ہیں۔

تاہم داراحکومت سے باہر کے علاقوں میں ایسا لگتا ہے کہ اصلاح پسندوں نے کم کامیابی حاصل کی ہے۔

عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری توانائی پر ہونے والے معاہدے کے بعد یہ ملک کے پہلے انتخابات ہیں۔

سامنے آنے والے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسن روحانی سنہ 2017 میں دوبارہ ایران کے صدر منتخب ہو سکتے ہیں۔

اس سے قبل ملک کے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج نے حکومت کو مزید اعتبار اور اثر و رسوخ عطا کیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ان کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’اب مقابلہ ختم ہو گیا ہے۔ اب ایران کی اندرونی صلاحیتوں اور مواقع کے مطابق اقتصادی ترقی میں نیا باب شروع کرنے کا وقت ہے۔ ‘

’لوگوں نے ایک بار پھر اپنی طاقت ظاہر کی ہے اور اپنی منتخب حکومت کو مزید طاقت اور اعتبار دیا ہے۔‘

اصلاح پسند اور اعتدال پسندوں کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ دے رہے ہیں جس سے روزگار بڑھنے کے امکانات پیدا ہوں گے۔

لیکن قدامت پسند خیالات کے حامیوں کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی اندرونی طور پر پیداوار بڑھانے سے ہوگی۔
امریکی ریاست ورجینیا میں ایک خاتون پولیس اہلکار کو ملازمت کے پہلے دن ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ایشلے گوئنڈن نامی خاتون پولیس اہلکار کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ امریکی ریاست ورجینیا میں ووڈ برج نامی علاقے میں ایک مقامی تنازع کی اطلاعات ملنے پر وہاں پہنچیں۔

ان کے علاوہ دو دیگر پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جو اس وقت ہسپتال میں ہیں۔ ان کی حالت کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

مشتبہ شخص جو کے فوج کے سروس مین ہیں کو کوئی نقصان نہیں ہوا اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔

پولیس حکام نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ مشتبہ شخص نے پہلے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر پولیس کے وہاں پہنچنے پر اہلکاروں پر فارئرنگ کر دی۔

ان کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت گھر میں ایک بچہ بھی موجود تھا۔

ایشلے گوئنڈن کے محکمے کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ پرنس ولیم کاؤنٹی پولیس کی خاتون اہلکار ایشلے گوئنڈن جو کہ آج شام فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئی ہیں۔‘

اس سے قبل پرنس ولیم کاؤنٹی پولیس نے گوئنڈن کے پولیس میں شامل ہونے کی تصویر ٹوئٹر ہر شائع کی تھی۔ اس موقع پر ان کی اور ان کے ساتھ بھرتی ہونے والے نئے ساتھیوں کی حفاظت پر زور دیا گیا تھا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی جانب سے کیس میں سابق وزیراعظم اور چیف جسٹس کو شامل تفتیش کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کی جانب سے کیس میں دیگر ملزمان کو شریک کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ اور خصوصی عدالت کو کسی ملزم کو شامل تفتیش کرنے کا اختیار نہیں کیونکہ یہ اختیار صرف وفاقی حکومت کے پاس ہے۔ سپریم کورٹ کا اپنے فیصلے میں مزید کہنا تھا کہ توقع ہے خصوصی عدالت سابق صدر کے خلاف غداری کیس کا فیصلہ بلا تاخیر سنائے گی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پرویز مشرف نے 2007 میں سپرم کورٹ کے ججز کے ساتھ جو کچھ کیا وہ کیس کے فیصلے پر اثرانداز نہیں ہوگا اور آئین کے مطابق سابق آمر کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انھوں نے 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 14 رکنی بنچ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب اعلیٰ عدلیہ کیس میں سابق صدر کو ملزم ٹھہرا چکی ہے تو پھر دیگر افراد کو کیس میں گواہان کے طور پر شامل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

جسٹس کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ خصوصی عدالت نے کس بنیاد پر سابق وزیراعظم اور چیف جسٹس کا نام غداری کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ دیا، حالانکہ اسلام آباد ہائی کورٹ بھی فیصلہ سنا چکی ہے کہ ملزمان کے نام متعلقہ کیس میں تفتیش کے لئے شامل نہیں کئے جا سکتے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر، سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور اس وقت کے وفاقی وزیر زائد حامد کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی۔
کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

میڈیا کے مطابق پولیس نے وزیراعلی ہاؤس کے باہر کچرا پھینکنے والے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر کو ہتھکڑیاں لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کلیم اللہ کلہوڑو کی عدالت میں پیش کیا جب کہ شہریوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ملزم کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی استدعا کی جس کے بعد عدالت نے 5،5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ملزم عالمگیر اور ان کے ڈرائیور سیف اللہ کی ضمانت منظورکرلی۔

عدالت سے درخواست ضمانت منظوری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عالمگیرخان کا کہنا تھا کہ کل ہونے والا واقعہ تحریک کی ابتدا ہے اور اب وزیراعلی سید قائم عالی شاہ کا امتحان شروع ہوگیا، میرا جرم یہ تھا کہ میں نے پاکستانیوں کی خدمت کی اورعلامتی احتجاج کے طور پر وزیراعلی ہاؤس کے قریب کوڑا دان میں کچرا ڈالا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس کوڑا دان میں کچرا ڈالیں تاکہ کچرے کی بدبو اور بیماریوں کا احساس وزیراعلیٰ کو بھی ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو کل تھانے کے باہر آئے اور انہوں نے فکس اٹ کا ساتھ دیا، اب تمام جماعتیں کراچی کے لئے سوچیں اور انسان کی پوجا چھوڑدیں۔

عالمگیرخان نے کہا کہ جھوٹے مقدمات فکس اٹ کو نہیں روک سکتے، مقدمے کا سامنا کروں گا اور انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کراؤں گا، میرے پیچھے صرف اللہ کی طاقت ہے اور کسی کی نہیں، حکومت کو پہلے ہی کہا تھا کہ مجھے کچرا پھینکنے کی جگہ بتائی جائے، فکس اٹ کے رضاکار انتظامیہ کی طرح سڑکوں کے کناروں اور سمندر میں کچرا نہیں پھیک سکتے اس لئے حکومت نے کچرا ٹھکانے لگانے کی مناسب جگہ کے بارے میں نہ بتایا تو ہماری ٹیم کے پاس بہت منصوبے ہیں۔
ازمیر، ترکی: ملک سے وفاداری کی ایک عجیب اور نئی مثال قائم کرتے ہوئے ترکی کے شوہر نے ملک کے صدر کی توہین کرنے پر اپنی ہی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

ترکی کے رہائشی ٹرک ڈرائیورعلی دنکے نے بتایا کہ جب بھی ٹی وی پر صدر طیب اوردوان کی تصویر نمودار ہوتی تو ان کی اہلیہ گوئلکن انہین برا بھلا کہنا شروع کردیتی جب کہ ان کی اہلیہ جانتی تھی کہ وہ صدر سے عقیدت رکھتے ہیں اور ان کی برائی سے انہیں غصہ آتا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے زبان بند نہ کی۔

مقدمے سے چند روز قبل علی کی بیگم نے ٹی وی پر تقریر کرنے والے صدر اردوان کا دوبارہ مذاق اڑایا اور چینل بدلنے کی کوشش کی جس پر علی کو شدید طیش آگیا۔ اس کے بعد جب اگلی دفعہ اس کی اہلیہ نے ترک صدر کو گالیاں دیں تو شوہر نے اسےریکارڈ کرکے عدالت میں اس کی شکایت کردی۔

شوہر نے عدالت میں کہا کہ اگر اس کے والد بھی ترک صدر کے خلاف ہوتے تووہ اسے بھی معاف نہیں کرتے اور اس کی شکایت ضرور کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی بے عزتی بھی برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے صدر کی توہین برداشت نہیں کیونکہ ان کے صدر اچھے آدمی ہیں جنہوں نے ترکی کے لیے بہت اچھے کام کیے جب کہ شوہر کی جانب سے مقدمے پر اس کے جواب میں اہلیہ نے طلاق کی درخواست دائر کردی۔
ڈھاکا: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں کل بہت بڑا پاک بھارت ٹاکرا ہوگا جس کے لئے تیار ہیں۔

ڈھاکا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی بیٹسمین فارم میں ہیں تو پاکستان کی بولنگ لائن بھی مضبوط ہے اور خاص طور پر لیفٹ آرم آف اسپنر محمد نواز سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور کوشش کر رہا ہوں کہ خود بھی اصل بوم بوم بن کر دکھاؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں نہیں بلکہ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت سے دوستی کے لئے ہمیشہ پاکستان نے قدم بڑھایا اس لئے کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیئے، شائقین کی جانب سے پاک بھارت میچ کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اس لئے کھیل میں سیاست لانے سے شائقین کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
افغان خاتون رضا گل جس کے شوہر نے گزشتہ ماہ اس کا ناک کاٹ دیا تھا، ترکی میں آپریشن کے بعد صحت یاب ہو رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد افغانستان میں گھریلو تشدد نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔

بیس سالہ رضا گل اور اس کا شوہر شمالی صوبہ فریاب کے ضلع غورماچ میں رہتے تھے۔

رضا گل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس کی کم عمری میں زبردستی شادی ہوئی اور اسے چھ سال تک گھریلو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

’’وہ سارا دن مجھے مارتا تھا۔ کوئی مجھے نہیں بچاتا تھا۔‘‘

جنوری میں رضا گل کی اس کے شوہر سے اس وقت لڑائی ہوئی جب شوہر نے یہ اعلان کیا کہ اس نے اپنے ایک چچا کی سات سالہ بیٹی سے منگنی کر لی ہے۔

رضا گل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی چھوٹی بچی کے ساتھ رات کو گھر چھوڑ کر اپنے والد کے ہاں چلی گئی۔

رضا گل بادلنخواستہ اس وقت شوہر کے گھر واپس جانے پر راضی ہو گئی جب اس کے سسرال نے اس کے اہل خانہ اور گاؤں کے بڑوں سے رابطہ کیا اور ان سے ثالثی کا کہا۔ جب وہ اپنے گھر واپس جارہی تھی تو اس کے شوہر نے اس کا ناک کاٹ دیا۔

رضا گل کے بقول اس کے شوہر نے چھری ہاتھ میں لے کر اس سے پوچھا کہ ’’میں تمہیں قتل کروں یا تمہارا ناک کاٹوں؟‘‘

رضا گل نے جواب دیا کہ ’’میرا ناک کاٹنے کی بجائے مجھے قتل کر دو۔‘‘

مبینہ طور پر اس کے شوہر نے اسے گولی مارنے کی کوشش کی مگر اس کا پستول نہیں چلا جس کے بعد اس نے رضا گل کا ناک کاٹ دیا۔

اس واقعے کے بعد، رضا گل کو غورماچ میں مقامی صحت کے مرکز لے جایا گیا اور بعد میں فریاب کے پبلک اسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ زیادہ خون بہنے سے اس کی حالت بہت نازک ہے۔ بعد میں اسے کابل کے اسپتال لے جایا گیا جہاں سے علاج کے لیے ترکی بھیج دیا گیا۔

رضا کا کہنا تھا کہ وہ ترکی میں اپنے علاج سے مطمئین ہے جہاں اس کے کئی آپریشن ہوئے۔

اس نے اپنے شوہر سے صلح کے امکان کو مسترد کر دیا ہے اور اس کا شوہر اب بھی مفرور ہے۔

رضا نے تمام افغان عوام سے کہا ہے کہ وہ اس کی صحت کے لیے دعا کریں۔

اسے امید ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی اچھی پرورش کرے گی اور دوبارہ شادی کر سکے گی۔
کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے شہرقائد میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

میڈیا کے مطابق گرین لائن بس منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب انوبھائی پارک میں منقعد ہوئی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلی سید قائم علی شاہ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ گرین لائن میٹرو ٹرانزٹ منصوبہ کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کا روٹ 22 کلو میٹر طویل ہوگا، منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا جس پر کل 16 ارب روپے لاگت آئے گی، منصوبے کے تمام تر اخراجاب وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا روٹ سرجانی ٹاؤن سے شروع ہوگا جو ناگن چورنگی، ناظم آباد چورنگی، لسبیلہ اور گرومندر سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ پر اختتام پزیر ہوگا۔ گرین لائن منصوبے کے ذریعے روزانہ 3 لاکھ شہری مستفید ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ 1976 میں وزارت ریلوے نے کراچی کے لئے ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تجویز پیش کی تھی تاہم حتمی طور پر 1985میں بشریٰ زیدی المناک ٹریفک حادثے کے عدالتی کمیشن نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کو ناگزیر قراردیا، شہریوں اور ابلاغ عامہ نے منی بس کو زرد شیطان قرار دیا اور بلاآخر نئی منی بسوں کی آمد پر پابندی عائد کردی گئی، شہر میں بسوں ومنی بسوں کے ٹریفک حادثات میں مشتعل شہری بسوں کو نذرآتش کردیتے جس سے لسانی کشیدگی میں اضافہ ہوتا گیا مگر متعلقہ اداروں نے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر چلانے کے بجائے کوچز متعارف کرادیں اور ٹرانسپورٹ مافیا کی بھرپور سرپرستی کی۔
اس ناقص حکمت عملی اور مخصوص مفادات کے باعث کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور کراچی سرکلر ریلوے بھی بند ہوگئی،2005 کے نئے شہری نظام کے تحت جاپان کے ادارے جائیکا اور دیگرسرکاری ونجی اداروں نے بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم، کراچی سرکلر ریلوے کے احیا اور 4ہزار نئی سی این جی بسوں کے منصوبے بنائے تاہم عملدرآمد نہ ہوسکا، اس دوران کراچی کا فرسودہ ٹرانسپورٹ کا نظام بھی دم توڑنے لگا۔
اس وقت کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈھائی سو سے زائد روٹ بند ہوگئے اور صرف چار ہزار پبلک ٹرانسپورٹ چل رہی ہیں، شہری بالخصوص بزرگ، خواتین ، طلبا پبلک ٹرانسپورٹ کی قلت کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہیں، بالخصوص رات دس بجے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کا ملنا محال ہوگیا ہے۔
شہریوں نے وفاقی حکومت کے گرین لائن منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف حکومت نے لاہور میں میٹرو بس منصوبہ تعمیر کیا جب کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں ان منصوبوں پر تعمیراتی کام ہورہا ہے، لہٰذااس بار کراچی کے شہریوں کو بھی نواز حکومت جدید ٹرانسپورٹ کے نظام کا تحفہ ضرور دے گی جسے مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے گا۔
بہاولپور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بہاولپور کور کی جانب سے جاری جنگی مشقوں کا جائزہ لیا اور دشمن کے خلاف پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، پاک فوج روایتی جنگ کے حوالے سے پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے پاک فوج کو دنیا کی بہترین فوج ثابت کردیا۔
اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 8 روپے 48 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردہ سمری میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 48 پیسے کمی کی سفارش کی گئی جس کے بعد سمری منظور ہونے کی صورت میں پیٹرول فی لیٹر 62 روپے 77 پیسے میں دستیاب ہوگا جب کہ لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے97 پیسے، ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اوکٹین کی قیمت 72 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

اوگرا کی سمری میں ڈیزل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 67 پیسے اور ایچ او بی سی 2 روپے 98 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا کی سمری میں صرف مٹی کے تیل میں اضافے کی سفارش کی گئی جو کہ ایک روپیہ 66 پیسے فی لیٹر ہے اور سمری کی منظوری کے بعد مٹی کا تیل 44 روپے 91 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نیب نے پنجاب میں کارروائی کی تو حکومت کو ترمیم کا خیال آ گیا اور یہی نیب سندھ میں کارروائی کرے تو وہ ٹھیک لیکن پنجاب میں کرنا حکمرانوں کو غلط محسوس ہوتا ہے حالانکہ پنجاب میں بیٹھے سب لوگ دودھ کےدھلے نہیں ۔

لاہور میں ایوانِ اقبال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکمران غریب عوام کو اپنے اقتدار کی بے ساکھی بنا کر انہی کے گلے کاٹتے ہیں لیکن اب عوام کی اکثریت حکومتی کارکردگی کے باعث جمہوریت سے مایوس ہوچکی ہے اس لیے عوام سیاسی جماعتوں سے تنگ آکر آزاد امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مک مکا کی سیاست سے ملک کی خدمت نہیں ہوگی جب کہ کمزور پارلیمنٹ سے کمزور جمہوریت جنم لیتی ہے اور اس وقت بھی کوئی بھرپور پارلیمنٹ نہیں ہے، وہاں تو صرف ملتے ہیں ، باتیں ہوتی ہیں اور پھر واپس گھروں کو چلے جاتے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعتیں تباہ ہورہی ہیں اور پنجاب میں مزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں، کسانوں کے مسائل کوحل کیا جانا چاہیے لیکن حکومت تو میٹرو بنانے میں مصروف ہے، مجھے زیادہ خوشی ہوتی کہ میٹرو کے ساتھ ساتھ چھوٹے علاقوں میں اسکول اور عالمی معیار کے اسپتال بھی بنتے۔ چھوٹے صوبے چیختے رہتے ہیں لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا جب کہ لوٹنے والے مگرمچھوں کو دیکھنے کا بہت پہلے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے پنجاب میں کارروائی کی تو حکومت کو ترمیم کا خیال آ گیا، یہی نیب سندھ میں کارروائی کرے تو وہ ٹھیک لیکن پنجاب میں کرنا حکمرانوں کو غلط محسوس ہوتا ہے حالانکہ پنجاب میں بیٹھے سب لوگ دودھ کےدھلے نہیں ۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکمران تنقید برداشت کریں تو ملک بھی ترقی کرے گا جب کہ ہم عدالتوں میں گھسیٹے جاتے ہیں تب بھی لڑتے ہیں اور وزارت عظمیٰ سے مستعفیٰ ہونے پر بھی احتجاج نہیں کرتے۔
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ جب سیاستدان الیکشن ہارتے ہیں تو ان کی بیویاں بھی بدل جاتی ہیں اور لوگوں کو زخموں پر نمک چھڑکنے میں مزہ آتا ہے۔

پشاور یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے لئے دھرنا ضروری تھا۔ انسان دنیا میں عدل و انصاف کے نظام کے قیام کے لئے آئے ہیں، انسان میں انسانیت نہ ہو تو وہ عقل مند جانور ہوجاتا ہے، افسوس ہے کہ ہمیں کہاں کھڑا ہونا تھا اور ہم کہاں کھڑے ہیں۔ میٹرو ٹرین پر پیسہ لگانے سے قومیں نہیں بنتی، ایشین ٹائیگر بننے سے پہلے انسانوں پر پیسہ لگانا ضروری ہے، انسانوں پر دولت خرچ کرنے سے قومیں بنتیں ہیں، قوموں پر پیسا لگائیں وہ خود اورنج لائن منصوبے چلا لیں گے۔ خیبرپختونخوا نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر لگایا، تعلیم پر بجٹ مزید بڑھائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو کرکٹ کپتان بننا چاہئے تھا غلطی سے وزیراعظم بن گئے،انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ وہ پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک میں رہیں گے، اسی لیے ان کی تمام دولت پاکستان میں ہی ہے۔ یہ سب لوگ ان کے مداح تھے، انہیں کوئی ضرورت نہیں کہ کرپٹ اور بےشرم لوگوں کو برا بھلا کہیں اور پھر ان کی گالیاں بھی سنیں۔ جب سیاستدان الیکشن ہارتے ہیں تو ان کی بیویاں بھی بدل جاتی ہیں اور لوگوں کو زخموں پر نمک چھڑکنے میں مزہ آتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں کہ بڑا لیڈر پیسے والا بھی ہو، لیڈر بننے کیلئے بڑی سوچ رکھنا ضروری ہے، جتنا بڑا خواب اتنا بڑا انسان ہوتا ہے، لیڈر کو پہلے اپنی انا اور ضد ختم کرنا پڑتی ہے، جو لیڈر ’میں‘ پر فیصلے کرتا اور صرف اپنا سوچتا ہے دنیا اسے یاد نہیں کرتی۔
لاہور: سی آئی اے پولیس نے کارروائی کر کے جعلی کرنسی بنانے والے گروہ کے 7 افراد کو گرفتار کر کے 50 کروڑ سے زائد ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

میڈیا کے مطابق سی آئی اے پولیس نے لاہور میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر جعلی کرنسی بنانے والا پرنٹنگ پریس تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے مکان سے 40 لاکھ روپے کی تیار جعلی کرنسی اور ڈائیوں میں لگی کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی تحویل میں لے لی۔ پولیس کاکہنا ہے کہ برآمد کی گئی کرنسی کی مالیت 50 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، اس کے علاوہ پولیس نے جعلی کرنسی بنانے کے لئے استعال ہونے والے دیگر آلات اور پیپر بھی قبضے میں لے لئے۔

ایس پی سی آئی اے عمر ورک کے مطابق ملزمان جعلی کرنسی نہ صرف پاکستانی مارکیٹ میں پہنچاتے تھے بلکہ گروہ کے کارندے بیرون ملک بھی سرگرم تھے۔ پولیس کے مطابق اس گروہ کا سرغنہ پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے اور ایف آئی اے کی بلیک لسٹ میں شامل ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کراچی: پولیس نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کچرہ پھینکنے پر فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کو حراست میں لے لیا۔

میڈیا کے مطابق کراچی میں فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیرکچرے سے بھری بالٹی وزیراعلی ہاؤس لے گئے جہاں انہیں بالٹی میں بھرا کچرا وزیر اعلی ہاؤس کے آگے پھینکنا تھا ، لیکن پولیس کے منع کرنے پر عالمگیر نے اپنا کام جاری رکھا جس پر پولیس نے ٹرالی کے ڈرائیور سمیت انہیں گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمگیر کا کہنا تھا کہ جس کچرے سے انسانی جان کو خطرہ ہے اس سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی کچرے کو ری سائیکل کیا جارہا ہے لیکن یہاں نہیں ہورہا ہے،وزیر اعلی ہاؤس کی پوری سیکیورٹی میرے آنے سے پہلے الرٹ کردی گئی تاکہ میں نہ جاسکوں،انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی ہاؤس کا تقدس اور آئین کی حیثیت سے اہمیت جانتے ہیں لیکن وہ عام آدمی ہیں جو لوگوں کے لیے اپنی آواز اٹھاتے ہیں اور اٹھاتے بھی رہیں گے کیونکہ انتظامیہ نا اہل ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل کراچی کے عالمگیرنے کھلے گٹروں کے حوالے سے سوشل میڈیا پرفکس اٹ مہم شروع کی تھی جس کا وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس تو لیا تھا لیکن اس کے باوجود شہر میں گٹروں کے ڈھکن لگانے کا کام تاحال شروع نہ ہو سکا۔
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

میڈیا کے مطابق حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور ہوگئے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی اور شیڈول کے مطابق اپنے پول میچز کلکتہ، دھرم شالا اور موہالی میں کھیلے گی، دوسرے راؤنڈ میں رسائی کی صورت میں پاکستان کا میچ نئی دلی میں ہوگا۔

واضح رہے کہ چھٹا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 8 مارچ سے بھارت میں شروع ہورہا ہے، سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی کپ میں شرکت کا این او سی فوری طور پر جاری نہیں کیا گیا تھا اور چیئرمین پی سی بی نے اس حوالے سے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا ۔
سان فرانسسكو: اب فیس بک پر دوستوں کو سالگرہ کی مبارک باد کا سادہ ٹیکسٹ بھیجنے کے ساتھ ساتھ انہیں ویڈیو کے ذریعے ’’ہیپی برتھ ڈے‘‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔

فیس بک اگلے چند روز میں ’’برتھ ڈے کیم‘‘ متعارف کرارہا ہے جس پر آپ اپنے دوستوں کے لیے 15 سیکنڈ کی تہنیتی ویڈیو ریکارڈ کرکے اپنے دوست کو جنم دن کی مبارک باد دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپشن میں بنے بنائے فریمز ، ٹیکسٹ اور پس منظر موجود ہیں جنہیں ویڈیو میں شامل کرکے انہیں مزید دلچسپ بنایا جاسکتا ہے۔

ویڈیو پیغام کے لیے جب آپ سالگرہ کے نوٹیفکیشن پر ٹیپ یا کلک کریں گے تو میسج باکس کھل جائے گا لیکن اس کے نیچے نیلے رنگ میں لکھا ہوگا ‘Record a birthday video’ اس پر کلک کرتے ہی اسمارٹ فون کا کیمرہ کھل جائے گا اور ریکارڈنگ شروع ہوجائے گی۔ ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنے کے بعد آپ سوائپ کرکے بہت سے فریمز، کلر اسکیم اور رنگا رنگ اشیا سے ویڈیو کو مزید خوبصورت بناسکتے ہیں۔ اسی طرح سالگرہ کے پیغام میں فیس فرنٹ آپشن کے ذریعے دیگر بہت سے لوگوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں ری ٹیک کرکے دوبارہ ریکارڈ کرنے کا آپشن بھی موجود ہے ۔ ویڈیو تیار ہونے کے بعد آپ اسے اپ لوڈ کرسکتے ہیں جنہیں آپ کا دوست دیکھ لے گا۔

فیس بک کے مطابق صارفین اپنے دوستوں کو بہت مختصرا پیغام لکھتے ہیں جس کی ایک مثال HBD بھی ہے اور اسی بنا پر یہ ویڈیو آپشن شروع کیا گیا ہے تاکہ لوگ بھرپور انداز میں دوستوں کو مبارک باد دے سکیں۔
ممبئی: ناجائز اسلحہ رکھنے پر سزا کاٹنے والے سنجے دت جیل سے رہا ہونے کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت پونا کی يرواڈا جیل میں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد رہا کردیئے گئے۔ رہائی کے موقع پر انہیں لینے ان کی بیوی مانیتا، ان کے بچے، بہنیں اور قریبی دوست راج کمار ہیرانی سمیت کئی افراد پہنچے تھے۔

رہائی کے بعد میڈیا سے اپنی مختصر بات چیت میں سنجے دت نے کہا کہ وہ آج بہت خوش ہیں کیونکہ وہ آزاد ہوگئے ہیں لیکن آزادی کا یہ سفر بہت مشکل تھا۔ یہ میرے گھر والوں اور مداحوں ہی کی بدولت ہے کہ وہ آج یہاں ہیں۔ سنجے دت اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ہمراہ خصوصی پرواز سے ممبئی پہنچے ہیں، وہ آج اپنی والدہ نرگس کی قبر پر حاضری بھی دیں گے۔

بھارتی فلم نگری سے تعلق رکھنے والے ان کے دوستوں نے سنجے دت کے لئے نیک خواہشوں کا اظہار کیا ہے، ہدایت کار سبھہاش گھئی کا کہنا ہے کہ وہ سنجے دت کو ’’فلم ودھاتا‘‘ اور ’’کھل نائیک‘‘ سے جانتے ہیں کیونکہ ہر انہوں نے پہلے سے بہترین انداز میں واپسی کی ہے۔

مہیش بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ سنجے دت جیل سے مزید مضبوط انسان بن کر واپس آیا ہے۔
ماضی کے نامور پاکستانی اداکار حبیب کئی روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کو انتقال کر گئے۔

فالج کے حملے کے ساتھ فلمی سٹار حبیب کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی انہیں ماڈل ٹاون لاہور کے اتفاق ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

وہ کئی روز تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج رہے۔

صحافی ناصر خان کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ ان کے پھیپھڑوں میں بھی پانی بھر گیا تھا جس کے باعث سانس لینے میں بھی مشکل تھی جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر لگایا گیا تھا۔

اداکار حبیب کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے خوبصورت اور ورسٹائل فنکاروں میں ہوتا تھا۔

پنجاب کے صنعتی شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعیلم یافتہ اداکار حبیب نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 1958 میں اردو فلم لخت جگر سے کیا تھا۔

جس کے بعد انھوں نے اردو اور پنجابی کی شہرہ آفاق فلموں زہرعشق، ایاز، اولاد، خاندان، آشیانہ، دل کے ٹکڑے، ہارگیا انسان، سپیرن، ماں کے آنسو، بابل دا ویہڑہ، دنیا پیسے دی، سجن بے پروا، ذیلدار، مکھڑا چن ورگا، ات خدا دا ویر، شیرخان اور بشریا میں بےمثال اداکاری کی۔

اداکار حبیب کا اصلی نام حبیب الرحمان تھا۔ انھوں نے اداکاری کے ساتھ بطور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی کئی فلمیں پروڈیوس کیں۔

انھیں 1958 میں فلم آدمی اور 1961 میں فلم سریا میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈ سے نواز گیا جبکہ 2002 میں اداکار حبیب کو نگار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

اداکار حبیب بھارتی ریاست پٹیالہ میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے موقع ان کا خاندان پاکستان پنجاب کے شہر گوجرانوالہ منتقل ہوگیا تھا۔

انھوں نے دو شادیاں کی تھیں دوسری شادی ماضی کی نامور اداکارہ نغمہ سے کی تھی تاہم یہ شادی زیادہ عرصے تک نہیں چل سکی۔ نغمہ سے حبیب کی ایک بیٹی ہیں، جبکہ پہلی بیوی سے ان کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں پیدا ہوئیں۔
افغانستان کے ایک لڑکے کو آن لائن پر لفافے کی بنی ہوئی ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی مشہور نمبر 10 شرٹ پہننے کے بعد بالاآخر میسی کی اصل شرٹ ملی ہی گئی۔

افغانستان کے مرتضیٰ احمدی کو یہ شرٹ لیونل میسی نے خود بھیجی ہے۔

بی بی سی ٹرینڈنگ نے پانچ سالہ مرتضیٰ احمدی جسے ’میسی کا سب سے بڑا مداح‘ بھی کہا جاتا ہے کو ڈھونڈنے میں مدد کی۔

مرتضیٰ احمدی کا تعلق افغانستان کے صوبے غزنی کے مشرقی ضلع جگہوری سے ہے۔

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر میسی کی مینیجمنٹ ٹیم نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میسی نے سائن کی ہوئی شرٹ مرتضیٰ احمدی کو بھیجی ہے۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے مرتضیٰ احمدی کا اس بارے میں کہنا ہے ’میں میسی کو پیار کرتا ہوں اور میری شرٹ کہتی ہے کہ میسی مجھ سے پیار کرتے ہیں۔‘

مرتضیٰ احمدی کو آن لائن کے ذریعے ڈھونڈنے کی کوشش اس وقت وائرل ہو گئی جب انھوں نے پلاسٹک کی بنی نیلے رنگ کی میسی کی شرٹ نمبر 10 پہنی تھی۔

اس شرٹ کو پہننے والے لڑکے کے بارے میں ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ وہ ایک عراقی کرد ہیں اور جب انٹرنیٹ پر ان کی تصویر وائرل ہوئی تو لیونل میسی نے انھیں ڈھونڈنے اور اپنے نوجوان مداح کو اپنی اصلی شرٹ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مرتضیٰ احمدی کو آسٹریلیا میں مقیم ان کے چچا عظیم احمدی نے پہچانا جس کے بعد بی بی سی ٹرینڈنگ نے مرتضیٰ احمدی کے بھائی عارف سے رابطہ کیا۔

غزنی کے رہائشی مرتضیٰ احمدی کے والد ایک کسان ہیں اور انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ میسی کی شرٹ پہن کر دنیا کی توجہ حاصل کرنے والے ان کے بیٹے مرتضیٰ احمدی ہیں۔

مرتضیٰ کے والد کا اس بارے میں کہنا ہے کہ میسی کی اصل شرٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے بیٹے ’بہت زیادہ خوش ہیں۔‘

خیال رہے کہ لیونل میسی اقوامِ متحدہ کے ادارے برائے اطفال کے ایمرجنسی فنڈ کے خیر سگالی وزیر ہیں اور اس ادارے نے فیس بک کے صفحے پر مرتضیٰ احمدی کی شرٹ پوسٹ کی تھی۔
نیویارک: امریکی ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ سیلفی لینے والے دراصل ایک قسم کی ذہنی بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔
امریکا میں کی گئی تحقیق میں کہا گیا کہ سیلفی لینے والے افراد ذہنی بیماری کا شکار ہوتے ہیں اور ایسے لوگ ہر چیز کو اپنے اوپر حاوی کر لیتے ہیں۔ طبی ماہرین نے اس بیماری کو (سیلفیٹس) کا نام دیا ہے جس کی تین اقسام بتائی گئی ہیں، جس میں پہلے نمبر پر بارڈر لائن سیلفیٹس ہے۔ اس بیماری کا شکار افراد دن میں 3 بار اپنی تصویریں لیتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتے جبکہ دوسرے نمبر پر وہ افراد آتے ہیں جو دن میں 3 بار اپنی تصاویر لے کر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کرتے ہیں جبکہ آخری دلچسپ قسم کرونک سیلفیٹس ہے۔ ان میں وہ افراد شامل ہوتے ہیں جو دن بھر اپنی تصاویر لے کر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اس عادت سے جان چھڑانے کا فی الحال کوئی طریقہ نہیں تاہم اس سے بچنے کے لئے اس عادت میں مبتلا افراد کاگنیٹو بیہیوریل تھراپی کرا سکتے ہیں جس سے اس ذہنی بیماری پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
کراچی: سابق صدراورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کو ایک مرتبہ پھر حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

میڈیا کے مطابق کراچی میں سابق صدرپرویزمشرف کی ایک پھرحالت بگڑ گئی، پی این ایس شفا کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے پرویزمشرف کا گھرپرمعائنہ کیا، جس کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال میں ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پران کے چند ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا اور علاج و معالجے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
کوٹلی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی دھاندلی روک لی تو تحریک انصاف انتخابات جیت جائے گی۔

کوٹلی میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم کرپشن پر قابو نہیں پائیں گے ملک کا کوئی مستقبل نہیں، بے ایمانی سے الیکشن جیتنے والے اسمبلی میں ایمانداری نہیں کرسکتے، باربارجیتنے والوں نے صرف پیسہ بنایا، جو پیسا عوام کی تعلیم پر لگنا چاہیے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، کشمیر سے بیرون ملک جانے والوں کے بچے واپس آنا پسند نہیں کرتے، کشمیریوں کے لئے فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، اللہ نے کشمیریوں کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف نیب میں کرپشن کے 12 کیسز ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر وہ اقتدار میں نہ رہے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ نئے خیبرپختونخوا کی طرح نیا آزادکشمیر بھی بنائیں گے، مسلم لیگ (ن) کو دھاندلی کی عادت ہے، عوام کو دھاندلی روکنے کے لئے ہر پولنگ اسٹیشن پر نظر رکھنی ہے، اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کی دھاندلی روک لی تو تحریک انصاف انتخابات جیت جائے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں اداروں کو پہلے کرپشن کرکے تباہ کیا جاتاہے پھراس کی نجکاری کردی جاتی ہے، وفاقی حکومت اداروں کو پرائیویٹائز کرنے کے بجائے ان کی انتظامیہ کو ٹھیک کرے، ہم نے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں کی نجکاری نہیں کی بلکہ ان کی انتظامیہ کو ٹھیک کیا ہے۔ ہم نے کرپشن پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہے۔ آئین میں صوبوں کے اختیارات کے لئے 18ویں ترمیم منظور کی گئی لیکن اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے گئے۔ ہم نے مالیاتی اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو دے دیئے ہیں، صرف ایک سال میں 44 ارب روپے بلدیاتی نمائندوں کو ملے ہیں۔
لاہور: پیپلز پارٹی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن خرم وٹو کی جانب قرارداد جمع کرائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی خدمات قابل تحسین ہیں، اس لئے قومی مفاد اور ملکی سلامتی کی خاطرجنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے۔

خرم وٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف تمام حالات کا دلیری سے مقابلہ کررہےہیں،وقت کا تقاضا ہےکہ راحیل شریف اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کریں، ان کی جاب سے جمع کرائی گئی یہ قرارداد آصف علی زرداری کے بیان کی توثیق کےساتھ ساتھ عوام کےدل کی بھی آواز ہے۔
کراچی: بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت حاصل کرنے والے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو 90 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ رینجرز کے کرنل شاہد کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت یافتہ 3 گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جنھوں نے دوران تفتیش بہت سے انکشافات کیے ہیں جس کے بعد مزید تحقیق کے لئے عدالت سے ان کا 90 روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

کرنل شاہد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں فہیم، ریاض اور ناصر شامل ہیں جنہوں نے دوران تفتیش بھارت میں ہتھیار چلانے اور جسمانی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم فہیم نے کراچی میں بال بم دھماکوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد کے قتل کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ ملزم نے 7 سے 8 راکٹ فائر کرنے کا بھی اعتراف کیا جس سے سندھ سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کو نقصان پہنچا اور شہر میں خوف و ہراس پھیلا۔

کرنل شاہد نے کہا کہ ملزم فہیم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن پر بھی راکٹ لانچر سے حملہ کیا۔ اس کے علاوہ ملزم 2011 میں سینٹرل جیل توڑنے کی منصوبہ بندی میں بھی شامل رہا جب کہ فہیم نے چائنا کٹنگ اور زمینوں کی غیر قانونی ہیرا پھیری میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ملزم ناصر عرف ہجی کا تعلق بھی ایک سیاسی جماعت کے یونٹ 32 لیاری سیکٹر سے ہے اور اس نے 4 لوگوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے جن میں مخالف پارٹی کے کارکنان اور اپنی جماعت کا ایک ساتھی بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ ملزم نے جبراً کھالیں چھیننے اور بھتہ خوری کا بھی اعتراف کیا ہے۔

کرنل شاہد کا کہنا تھا کہ ریاض عرض لکڑ کا تعلق بھی سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے یونٹ 31 لیاری سیکٹر سے ہے، ملزم ریاض نے بھی ایک درجن سے زائد قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا، مخالف پارٹی، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور لسانی بنیادوں پر اغوا کے بعد قتل کی وارداتیں شامل ہیں۔ ملزم نے 1995 میں نشتر روڈ پر گرنیڈ حملے کا بھی اعتراف کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے، ملزم نے لی مارکیٹ اور بلوچ مارکیٹ کے علاقوں میں بھی دستی بم حملے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ریاض نے ایک سیاسی جماعت کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے ہوائی فائرنگ، خوف و ہراس پھیلانے اور سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے رینجرز کی ہیلپ لائن پر تعاون کیا، شہریوں کے تعاون سے خطرناک اور مطلوب ملزمان کو پکڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا شہریوں کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ ہو گا اور جو لوگ شہر کی صورت حال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ہم ان تک پہنچیں گے اور امن و امان کی صورت حال پر قابو پائیں گے۔
کھٹمنڈو: نیپال میں نجی کمپنی کا چھوٹا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار 21 ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تارا ایئر لائنز کا چھوٹا مسافر بردار طیارہ 21 مسافروں کے ہمراہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغرب میں واقع سیاحتی مقام پوکھرا سے جومسوم کی جانب سفر کر رہا تھا کہ لینڈ کرنے سے قبل ہمالیہ کے بلند و بالا پہاڑی علاقے میں پہنچنے پر طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا۔

نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے دوران طیارے کا ملبہ ملا ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ طیارے میں 2 غیرملکی باشندے اور بچے بھی سوار تھے۔

واضح رہے کہ نیپال طیاروں کے حادثات کے حوالے سے سر فہرست ہے، نیپال میں پہلی بار 1949 میں طیارے نے لینڈ کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک وہاں 70 حادثات ہو چکے ہیں جن میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دبئی: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے لئے ان پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔

کرک انفو کو اپنے انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر نہ ہونے کے دوستوں اور فیملی کی جانب سے بہت زیادہ دباؤ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے قریبی حلقوں کی خواہش ہے کہ میں اس وقت تک پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلوں جب تک قومی ٹیم کو حقیقی ٹیلنٹ نہیں مل جاتا جو میری جگہ لے سکے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ریٹائر ہونے کے حوالے سے مجھ پر بہت زیادہ ہے لیکن فی الحال میری تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر ہے جو میرے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے تو یہ دیکھوں گا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کہاں کھڑی ہے اور میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے قومی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہوں، جہاں تک میری فٹنس کا تعلق ہے تو وہ اس وقت زبردست ہے، ابھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں کیونکہ بہت پرجوش بھی ہوں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہی میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکوں گا۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی 90 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جب کہ محدود اوورز کے فارمیٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 91 ہے۔ آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے تمام 5 ورلڈکپ کھیل چکے ہیں اور 2009 کے ورلڈکپ کے دوران سیمی فائنل اور فائنل میں نصف سنچریاں اسکور کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
لندن: بعض اوقات ایسے عجیب و غریب واقعات ہوتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر بھی یقین نہیں آتا ہی ایسا ہی کچھ ہوا برطانیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں جہاں فرائی کی گئی مچھلی کو جیسے ہی کھانے کے لیے گاہک نے کانٹا اس کی طرف کیا وہ زندہ ہوگئی جسے دیکھ کر لوگ حیرت زدہ رہ گئے۔

برطانوی میڈیا کی جاری کردہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مصالحوں سے سجی فرائی مچھلی پلیٹ پر پڑی ہے اور گاہک اسے کھانے کے لیے بالکل تیار ہے اور جیسے ہی اس نے کانٹا ہاتھ میں پکڑ کر مچھلی کی طرف بڑھایا تو اس میں حرکت پیدا ہوگئی اور اس کے گلپھڑے سانس سے پھولنے لگے لیکن اسی دوران دوسرے شخص نے مچھلی کو زندہ دیکھ کر اس کے منہ میں پانی ڈالا جسے پی کر مچھلی کی سانسیں جیسے بحال ہو گئی ہوں جب کہ اس سے بھی دلچسپ بات یہ تھی کہ مچھلی نے پانی پینے کے بعد منہ دوبارہ سختی سے بند کرلیا۔

اس دلچسپ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے اور اب تک اسے ایک لاکھ 30 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے تاہم اس فوٹیج میں یہ بات واضح نہیں ہورہی کہ مچھلی اتنی دیر تک پانی سے باہر رہی اور پھر اسے فرائی بھی کیا گیا تو وہ زندہ کیسے رہی۔
کیلی فورنیا: خوشی اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے روایتی طور پر یہی بتایا جاتا ہے کہ خوب محنت کی جائے اور کامیابیاں سمیٹی جائیں لیکن ماہرین نے نئے تقاضوں کے تحت اس سے اختلاف کرتے ہوئے کچھ نئے اصول بنائے ہیں۔
اسٹینفرڈ یونیورسٹی کی ماہر ین نے ’’خوشی اور سائنسی اصول‘‘ پر اپنی نئی کتاب میں وہ 6 اہم اصول بیان کیے ہیں جن پر عمل کرکے کامیابی اور خوشی حاصل کی جاسکتی ہے۔
ہر لمحہ جیئیں:
آج کی تیزرفتار دنیا کا تقاضہ ہے کہ ہم بغیر رکے کام کرتے رہیں تاکہ اپنے ساتھیوں سے آگے نکلا جاسکے۔ ہم روزانہ اپنے امور اور کاموں کی فہرست نوٹ کرتے رہتے ہیں لیکن تحقیق بتاتی ہے کہ اگر حال اور ہر ہر لمحے میں بھرپور انداز میں کام کیا جائے تو کام کا بہترین نتیجہ برآمد ہوتا ہے۔
ماہر نفسیات کے مطابق اپنے کام پر پوری توجہ اور ہر کام پر مرکوز کرنے سے ایک طرح کا مستقل سلسلہ بنتا جاتا ہے۔ ماہرین کی تحقیق بتاتی ہے کہ خواہ آپ اولمپک کی دوڑ میں ہوں یا ریاضی کے مسائل حل کررہے ہوں توجہ کا مستقل سلسلہ اور بہاؤ ہی کامیابی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
ثابت قدم رہیں: 
ہم ہفتے میں 6 روز تک مسلسل محنت کرتے ہیں اور اس سے دباؤ بڑھنا شروع ہوجاتا ہے اور اس کا اثر ہمارے نفسیاتی نظام پر پڑنا شروع ہوجاتا ہے اور ایک وقت آتا ہے کہ یاتو ہم کھڑے رہتے یا پھر فرار ہوجاتے ہیں۔ مطالعے سے ظاہر ہے کہ کچھ دیر کا تناؤ آپ کے لیے بہتر ثابت ہوسکتا ہے لیکن دباؤمسلسل جاری رہے تو یہ صحت پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔
اب اس موقع پر انسانی عزم اور ڈٹ جانے کی قوت ہی مددگارہوتی ہے۔ زندگی کے اتار چڑھاؤ اور پریشانیوں میں ثابت قدم رہیں اور عمل نہ چھوڑیں اوراس کا فوری فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ واپس عملی زندگی اور کامیابی کی جانب پلٹتے ہیں اور اس کا اظہار 2004 کے ایک سروے سے بھی عیاں ہے۔ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ  تناؤ اور مشکلات میں چٹان ثابت ہوتے ہیں وہ بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے بھی جلد صحت یاب ہوکر نارمل ہوجاتے ہیں۔
اطمینان رکھیں اور آگے بڑھتے رہیں:
مسلسل مصروفیت اور پیشہ ورانہ امور کو سلجھاتے سلجھاتے ایک وقت آتا ہے کہ ساری توانائی ختم ہوجاتی ہے اور پوری دنیا کے لوگوں میں اس کی جھلک دیکھی گئی ہے۔ بس اسی موقع پر کچھ دیر کے لیے خاموش رہ کر پرسکون انداز میں رہیں اور اپنی توانائیاں دوبارہ جمع کریں۔
2014 میں 21 امریکی فوجیوں پر جنگ کے دباؤ اور اس سے ہونے والے امراض یا پوسٹ ٹرامیٹک ڈس آرڈر ( پی ٹی ایس ڈی) پر تحقیق کی گئی۔ ان میں آدھے فوجیوں کو سانس اور مراقبے کی مشق کرائی گئی اور بقیہ نصف فوجیوں کو اس طرح کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ ان میں سے جن فوجیوں نے کچھ وقت کے لیے مشقیں اور مراقبہ کیا تھا ان میں جنگ کے تناؤ اور ذہنی کوفت کی کیفیت کئی ماہ بلکہ سال تک دوبارہ لوٹ کر نہیں آئی۔ اسی لیے زندگی میں خصوصاً سانس کی مشقوں پر ضرور عمل کیا جائے ۔
کچھ نہ کرنے کا تخلیقی عمل:
دنیا کا طریقہ ہے کہ کچھ نہ کچھ کرتے رہیں تاکہ نئے خیالات اور راہیں سامنے آتی رہیں۔ لیکن تحقیق بتاتی ہے کہ ہماری تخلیقی صلاحیتیں اس وقت عروج پر ہوتی ہیں جب ہم فارغ بیٹھے ہوتے ہیں۔
ایک سروے میں 428 طالب علموں کو سوالنامے دے کر پوچھا گیا کہ کیا وہ صبح سویرے اٹھ کر کام کرنا پسند کرتے ہیں یا پھر شام کو ان کی صلاحیتیں بیدار ہوتی ہیں۔ دیکھا گیا کہ صبح بیدار ہونے والوں کی صلاحیتیں دوپہر میں عروج پر ہوتی ہیں۔ اسی طرح شام کو کام کرنے والوں نے صبح کے وقت بہترین صلاحیتیں ظاہر کیں۔ یعنی ثابت ہوا جو کام کا سب سے سرگرم وقت تھا ضروری نہیں کہ وہ ذہنی لحاظ سے بھی مفید ترین لمحہ ہو۔ خلاصہ یہ کہ انسانی ذہن اس وقت بہترین کیفیت میں ہوتا ہے جب وہ بہت چوکنا اور مستعد نہ ہو۔
خود سے اچھا برتاؤ کریں:
تحقیق بتاتی ہے کہ ناکامی کا خوف ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور یہ جذبہ انسان کو بے عمل بنادیتا ہے۔ اسی سے برے فیصلے سامنے آتے ہیں مثلاً امتحان میں نقل کرنا اور شارٹ کٹ اختیار کرنا وغیرہ۔ یہ ردِ عمل کیریئر میں ناکامی کی بڑی وجہ بنتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خود پر رحم کریں کیونکہ ہر کوئی غلطی کرتا ہے۔ دور رہ کر اپنے منفی خیالات پر غور کریں اور اس پر قابو پانے کی کوشش کریں۔
دوسروں سے رحم دلی کا اظہار:
آخر میں ایک اور اہم نکتہ یہ ہے کہ دوسروں کی مدد اور تائید کرکے جو خوشی ملتی ہے وہ آپ کو مضبوط بناتی ہے۔ اس سے بننے والے تعلقات زندگی کو بھرپور بناتے ہیں۔ اگر آپ کے دفتراور کام کی جگہ پر آپ اپنے باس اور دوستوں سے حسن سلوک اور اچھا رویہ رکھتے ہیں تو یہ وفاداری کام کی جگہ پر ایک بہترین ماحول بناتی ہے جس سے ادارے کی کارکردگی اچھی ہوسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ کا رویہ دوسروں سے اچھا ہوگا تو وہ خود آپ کو نفسیاتی طور پر مضبوط بناتا ہے اور مشکلات جھیلنے کے لیے تیار کرتا ہے۔ تو اچھا رویہ اختیار کرنا خود آپ کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔