ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں مہمان پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر196 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز پرپویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کو پہلا نقصان 7 رنز پر ہوا جب محمد حفیظ 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ تیسرے اوورکی پہلی گیند پراحمد شہزاد بھی 8 زنربنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 4، شعیب ملک 14،عمراکمل 5، شاہد آفریدی 8 اورعماد وسیم بغیرکوئی رنزبنائے آؤٹ ہوئے۔ گرتی وکٹوں کو سنبھالا دینے کے لئے وکٹ کیپربلے بازسرفرازاحمد نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 92 کے مجموعی اسکورپر ہمت ہارگئے انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 41 رنزبنائے، انور علی 8 اوروہاب ریاض 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینٹ ایلیٹ نے 3، کوری اینڈریسن اور ایڈم ملنے نے 2،2 جب کہ ٹرینٹ بولڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز اوپنرز نے ایک بارپھرجارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 57 رنزکا آغاز فراہم کیا۔ چھٹا اوور کرانے شاہد آفریدی آئے اور پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا، انھوں نے 19 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ساتویں اوور میں 62 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو محمد رضوان کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ گیارہویں اوور میں وہاب ریاض نے کیوی قائد کین ولیمسن کو 33 رنز پر آؤٹ کردیا، شعیب ملک نے ان کا کیچ تھاما۔ روس ٹیلر 6 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ کورے اینڈرسن نے 27 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔ گرانٹ ایلیٹ 14 گیندوں پر 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ لیوک رونچی اپنا کھاتا کھولے بغیر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے لیکن ایک طرف سے کورے اینڈرسن نے شاندار بلے جاری رکھی اور 42 گیندوں پر 82 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، 2 کیوی بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔