ستمبر 2015

مکہ المکرمہ: منی میں رمی جمرات کے دوران بھگڈر مچنے سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 453 ہو گئی ہے جب کہ 719 سے زائد افراد حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مکہ المکرمہ سے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان علما کونسل کے چیرمین مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے لاکھوں حاجی بڑے شیطان جمرات العقبہ کو کنکریاں مار رہے تھے کہ بھگڈر مچنے سے متعدد حجاج کرام شہید جب کہ سیکڑوں زخمی ہو گئے۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق رمی جمرات کے دوران بھگڈر مچنے سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 453 جب کہ زخمیوں کی تعداد 719 ہو گئی ہے۔ حادثہ اسٹریٹ نمبر 204 میں مکتب نمبر 93 کے قریب پیش آیا جہاں زیادہ تر الجزائر اور مصری شہری موجود تھے۔ سعودی سول ڈیفنس کے حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو منیٰ کے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

سعودی حکومت اور رضا کاروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں تا کہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز بھی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئے ہیں جب کہ وزیراعظم پاکستان نے افسوسناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ حج پر موجود پاکستانیوں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جائیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارکار منظور الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی سفارتکار کو ہدایت کی کہ سعودی عرب میں موجود تمام خدام اور رضاکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں۔ پاکستانی حج مشن ٹیم بھی ملکی حاجیوں کی تفصیلات جمع کرنے کے لئے منی پہنچ گئی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے نے ملکی حاجیوں کی تفصیلات جاننے کے لئے 2 ہیلپ نائن نمبرز 00966125277537 اور 00966125458000 جاری کر دیئے ہیں جس پر اپنے پیاروں سے متعلق تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب منیٰ حادثے میں 2 پاکستانیوں خلیل اور حاجی عارف کے شہید ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مسجد الحرام میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین شہید جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ 2006 میں بھی منیٰ کے قریب بھگڈر مچنے سے 346 جب کہ 2004 میں رمی جمرات کے دوران 251 حجاج نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

دہی کا استعمال صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اس میں موجود معدنیات اور وٹامن ایک بھر پور اور توانا زندگی فراہم کرتی ہے۔

دہی جسے عربی میں ’’لبن‘‘ فارسی میں ’’ماست‘‘ اور انگریزی میں یوگرٹ (Yogurt) کہتے ہیں صدیوں سے انسانی خوراک کا حصّہ ہے۔ قدیم زمانے سے انسان گائے، بکری، بھینس، اونٹ اور بھیڑ کے دودھ کو بطورغذا استعمال کرتا آرہا ہے جب کہ دودھ سے بننے والا دہی بھی نہ صرف کھانوں کو لذت بخشتا ہے بلکہ غذائیت بھی فراہم کرتا ہے اور جسم کی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے۔ طبی لحاظ سے بھی دہی نہ صرف خاصا مفید اثرات کا حامل ہے بلکہ اس کا استعمال بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے۔

ہڈیوں کے لئے اہم غذا:

دہی میں شامل کلیشیم اور وٹامن ڈی ہڈیوں کے لیے انتہائی اہم ہیں اور اس کا روز مرہ استعمال ہڈیوں کی مضبوطی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے جب کہ ہڈیوں کو بہت سی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید:

دہی کا استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے اس میں شامل پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

خوبصورت جلد کے لیے اہم غذا:

آج کے دور میں زیادہ تر خواتین اپنی جلد کے حوالے سے کافی حساس ہوتی ہیں اور اس کی خوبصورتی کے لیے کئی جتن کرتی ہیں جب کہ دہی میں موجود خصوصی آکسیڈ جلد کو بہتر نشوونما فراہم کرتے ہیں اس کے علاوہ جلد میں موجود ڈیڈ سیلز کا بھی خاتمہ کرتے ہیں۔

وزن کم کرنے میں مدد گار:

2005 میں ہونے والی ایک تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ دہی کا استعمال وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں موجود کلیشیم جسم میں موجود چربی کو پگھلاتا ہے اور وزن کو بڑھنے سے روکتی ہے۔

وٹامن سے بھر پور:

دہی وٹامن سے بھر پور غذا ہے اس کا ایک کپ روزانہ جسم میں پوٹاشیم، فاسفورس، وٹامن بی 5، آیوڈین اور زنک کی کمی کو پورا کرتا ہے اور صحت مند زندگی اور توانا زندگی دیتا ہے۔
لاہور: آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا کی اچھی کارکردگی پر فخر کے ساتھ دباؤ بھی محسوس کرتا ہوں کہ اب کچھ کرکے دکھانا پڑے گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ ہم دونوں میں فرق یہ ہے کہ میں ایک ٹیم کا رکن ہونے کے ناطے فتوحات میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، اہلیہ کا کھیل انفرادی نوعیت کا ہے، انھوں نے کہا کہ ثانیہ مرزا کا یو ایس اوپن ویمنز ڈبلزٹینس ٹائٹل پانا مثال کامیابی ہے جس پر بے حد خوش ہوں۔

شعیب ملک نے کہا کہ احمد شہزاد کی شادی میں تمام کرکٹرز شریک ہوں گے، اوپنر زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے جا رہے ہیں، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
کراچی: سام سنگ اور دیگر کمپنیاں خاص پلاسٹک کے ایسے لچکدار ڈسپلے پر کام کررہی ہیں جو سیدھا ہونے پر ٹیبلٹ اور موڑنے (فولڈ کرنے) پر اسمارٹ فون میں تبدیل ہوسکیں گے اور اگلے دو سال میں اس کے ماڈل فروخت کے لیے پیش کیے جاسکیں گے۔

سام سنگ کے اس منصوبے کو ’پروجیکٹ ویلی‘ کا نام دیا ہے۔ ٹیکنالوجی کی پیش گوئی کرنے والے کئی ماہرین اور ویب سائٹس کے مطابق سام سنگ لچکدار اسکرین کے ذریعے فیبلٹ کو ایک نئی جہت میں پہنچا کر ایپل سے سبقت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب ایل جی نے کاغذ کی طرح لپیٹے جانے والے ٹی وی اسکرین پر بھی کام شروع کردیا ہے جو اگلے برسوں میں منظرِ عام پر آسکتے ہیں۔

اس کی پہلی تصویر چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر جاری ہوئی ہے جس کے مطابق سام سنگ کے اس نئے فون میں شائد 3 جی بی ریم، ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور سنیپ ڈریگن 820 چپ استعمال کی جائے گی جس کی آزمائش کے لیے سام سنگ نے غیرمعمولی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ موبائل اسکرین کھولنے پر ٹیبلٹ بن جائے گا جب کہ سمیٹنے پر فون بن جائے گا اور اسے باآسانی جیب میں رکھا جاسکے گا۔ ایک ماہ قبل پولی ایرا نامی کمپنی نے کلائی پر لپٹ جانے والے لچکدارڈسپلے کا عملی مظاہرہ کیا تھا جس کا آرڈر 2015 میں دیا جاسکے لیکن ڈسپلے اس کے اگلے سال ملے گا۔

ماہرین کے مطابق لچکداراور مڑجانے والے ڈسپلے کے بعد ہی کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والے موبائل فون کا خواب ممکن ہوسکے گا۔
ٹیکساس: امریکی لڑکی نے کے ٹو پہاڑ پر لاپتا ہونے والے اپنے کوہ پیما والد اور بھائی کی لاشوں کو تلاش کرکے ان کی تدفین کردی۔سیکویا نامی 24 سالہ امریکی لڑکی کے والد مارٹی شمٹ اور بھائی ڈنالی 2 سال قبل جولائی 2013 میں کے ٹو کی چوٹی سرکرنے کے لیے پاکستان آئے تاکہ وہ یہ چوٹی سر کرنے والے پہلے باپ بیٹے کا اعزاز حاصل کرسکیں مگر اپنے اس مشن کے دوران وہ برطانی طوفان میں لاپتا ہوگئے تاہم رواں سال ہی ایک مہم جو مائیک ہیرون کی ویڈیو میں اپنے بھائی کی لاش دیکھ کر لڑکی کے زخم تازہ ہوگئے اور وہ اپنے پیاروں کی تلاش میں پاکستان پہنچ گئی۔امریکی لڑکی اگست میںپاکستان آئی اور 8 دن کے سفر کے بعد وہ کے ٹو کے بیس کیمپ تک جا پہنچی اور 5 گائیڈ کی مدد سے اگلے کچھ دنوں میں برف میں دبی اپنے والد اور بھائی کی لاش کو ڈھونڈ نکالا اوردستی ڈی این اے نظام سے اس کی تصدیق ہوگئی۔ سیکویا نے اپنے پیاروں کی باقیات سفید کپڑے میں لپیٹ کر انہیں پہاڑ کے دامن میں پتھروں تلے دفنادیا۔بعض افراد کے مطابق یہ لاشیں اس لڑکی کے عزیزوں کی نہں کیونکہ چند عرصے قبل 2 چینی کوہ پیما بھی پہاڑ پر پھسل کر ہلاک ہوئے تھے تاہم لڑکی کا کہنا ہے کہ خواہ یہ لاشیں کسی کی بھی ہوں انہیں دفناکر وہ سکون محسوس کررہی ہے۔واضح رہے کہ کے ٹو 8611 میٹر بلند ہے جس کی تسخیر ایک چیلنج ہے اور اب تک صرف 337 افراد ہی اس کی چوٹی تک پہنچ چکے ہیں جب کہ اس کوشش میں 80 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
برلن: بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نہ صرف ہمارے ماحول پر انتہائی منفی اثرات مرتب کررہی ہے وہی ہماری صحت اور زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس حوالے سے حال ہی میں کیے گئے ایک سروے میں جو اعدادوشمار سامنے آئے ہیں ان کےمطابق دنیا بھر میں صرف فضائی آلودگی سے سالانہ 33 لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جن میں ایک لاکھ سے زائد کی تعداد پاکستانیوں کی بھی ہے۔

جرمنی، سائپرس، سعودی عرب اور ہاورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے خطرناک اثرات کا مطالعہ کیا اور ان سے ہونے اموات کا بھی جائزہ لیا جس کی بنیاد پرکیے گئے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر سال دنیا بھر میں 33 لاکھ افراد فضائی آلودگی کا شکار ہوجاتے ہیں جب کہ اگر اس کی بہتری کے لیے کام نہ کیا گیا تو 2050 تک یہ تعداد دگنی یعنی 66 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

جرنل نیچر میں شائع ہونے والے اسے مطالعہ کے دوران ہیلتھ کا ڈیٹا اور کمپیوٹر ماڈلز کا استعمال کیا گیا، اس مطالعہ کے بانی پروفیسرجوس لیلویلڈ کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات میں سے 3 چوتھائی اسٹروک اوردل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوتی ہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا بھر کی کل اموات میں سے 6 فیصد فضائی آلودگی سے ہوتی ہیں جب کہ 10 سال قبل اس کی تعداد کہیں کم تھی اور اب اموات کی یہ شرح ایڈز اور ملیریا سے بھی زائد ہے۔

تحقیق کے مطابق فضائی آلودگی سے سب سے زیادہ ایشیائی ممالک متاثر ہوتے ہیں جس سے صرف چین میں سب سے زیادہ یعنی 14 لاکھ افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں ج بکہ بھارت میں 6 لاکھ 45 ہزار جب کہ پاکستان میں یہ تعداد ایک لاکھ 10 ہزار تک ہے اس کے علاوہ امریکا میں 54 ہزار لوگ فضائی آلودگی کا شکار ہوتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ امریکا، یورپ، روس اور جاپان میں فضائی آلودگی کی بڑی وجہ زراعت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دھویں اور دھند ہیں جب کہ دوسری بڑی وجہ گھروں میں لکڑی یا دیگر فائیوفیول سے کھانے کے دوران نکلنے والی حرارت ہے۔

تحقیق کے مطابق زراعت کے دوران کھاد میں استعمال ہونے والی اموینا اور جانوروں کا فضلہ فضائی آلودگی کی بڑی وجہ ہے کیوں کہ کوئلے سے چلنے والے توانائی کے پلانٹس میں امونیا، سلفیٹ کے ساتھ مل کردھویں کے جمے ہوئے ذرات بناتی ہے جو فضا کو زہر آلود کردیتے ہیں اور سانس کے ذریعے یہ زہر ہمارے جسم میں داخل ہوجاتا ہے۔ جوس لیلویلڈ کا کہنا ہے کہ زراعت سے ہونے والی فضائی آلودگی ٹریفک سے ہونے والی آلودگی سے بھی خطرناک ہے تاہم تھوڑی سی کوشش سے اس آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ممبئی: بالی ووڈ میں اپنی بے باک اداکاری اور بولڈ مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے مشہور اداکارہ سنی لیون کو ایونٹس اور ایوارڈز شو میں پر فارمنس کے لیے 14 کروڑ تک کی پیشکشیں ہونے لگیں۔

بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون کو انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے لیے وہ انتھک محنت کررہی ہیں تاہم انہوں نے اپنی اسٹیج پر فارمنس کے ذریعے کئی نامور اداکاراؤں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون کی ہٹ گانوں پر پرفارمنس کے بعد ان کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ وہ مختلف تقریبات اور ایوارڈز شو میں پرفارمنس کے 4 کروڑ روپے معاوضہ لیتی تھیں تاہم اب ان کی کارکردگی کے باعث مختلف تقریبات اور ایورڈز شو کے منتطمین نے انہیں پرفارمنس کے لیے 14 کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے۔
کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن سیاسی قیادت کے اتفاق رائے سے شروع کیا گیا لہٰذا اگر آپریشن سے متعلق کسی کو جائز شکایات ہیں تو انہیں دور کیا جانا چاہیے۔

لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ امن و امان کراچی کی بنیادی ضرورت ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قیام امن کے لیے بہت سی قربانیاں دیں ہیں جب کہ رینجرز شہر میں امن و امان کے اقدامات کے لیے اچھا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن سیاسی قیادت کےاتفاق رائے سےشروع کیا گیا لہٰذا اگر کسی کو آپریشن سے متعلق جائز شکایات ہیں تو انہیں دور کیا جانا چاہیے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کےعلاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

لیاری ایکسپریس وے منصوبہ کے حوالے سے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس وے کے باقی رہ جانے والے حصے پر تیزی سے کام جاری ہے کیونکہ یہ منصوبہ شہر کے لیے بہت اہم ہے جب کہ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی آبادکاری کاعمل بھی جاری ہے۔
سینٹ لوئی: دل کے دورے کے بعد مریضوں کو چقندر کا جوس پلانے سے دل کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں کیونکہ چقندر میں نائٹریٹ کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں میں ایک اہم مطالعہ کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ جوس پینے کے صرف 2 گھنٹے بعد ہی دل پر اس کے اچھے اثرات پڑنے لگتے ہیں اس سے قبل کھلاڑیوں اور دوڑنے والوں کو جب چقندر کا رس پلایا گیا تو ان کی کارکردگی میں 13 فیصد بہتری نوٹ کی گئی اس کے بعد ڈاکٹروں نے اسے ایسے مریضوں پر آزمایا گیا جو دل کا دورہ برداشت کر چکے تھے۔

مطالعہ کے مطابق اس کے لیے 9 مریضوں کو پابندی سے چقندر کا جوس پلایا گیا تو 2 گھنٹے بعد ہی ان کے دل کے پٹھوں میں فوری اور تیز کام کی کارکردگی دیکھی گئی تاہم بہت لمبے ٹیسٹ میں کارکردگی ذیادہ مؤثر نہیں تھی۔ ماہرین کے مطابق چقندر فوری طور پر بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے جب کہ یہ عمررسیدہ افراد میں یہ رس پٹھوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
کراچی: رینجرز نے قائد آباد میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران 9 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے قائدآباد میں لیاری گینگ وار کے مشتبہ ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی جس میں 9 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 4 نائن ایم ایم، 2 ٹی ٹی پستول اور ایک رائفل برآمد کی گئی ہے جب گرفتار دہشت گرد رینجرز کو مطلوب تھے۔

واضح رہے کراچی میں رینجرز کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کئی عرصے سے آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد دہشت گرد گرفتار اور کئی مارے جا چکے ہیں۔
پشاور: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے بڈھ بیر حملے میں 29 افراد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی جب کہ دہشت گرد بھی وہیں سے آئے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ بڈھ بیر میں ایئرفورس کے کیمپ میں صبح 5 بجے کے قریب 13 سے 14 دہشت گرد داخل ہوئے، دہشت گرد 2 گروپوں میں گاڑیوں میں آئے اور گیٹ کے قریب گاڑی سے اتر کر راکٹ لانچر اور فائرنگ کرتے ہوئے ایک گروپ ٹیکنیکل ایریا اور دوسرا گروپ وہیکل ایریا میں داخل ہوا تاہم گیٹ پر موجود ایئرفورس کے گارڈز نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں روک لیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حملے کے بعد 10 منٹ میں کوئیک ری ایکشن فورس بھی موقع پر پہنچ گئی اور دہشت گردوں کو پہلے 50 میٹر کے اندر روک دیا گیا اس کے بعد جو بھی لڑائی ہوئی اسی ایریا میں ہوئی لیکن اسی دوران دہشت گردوں نے مسجد کا رخ کیا جہاں موجود نمازیوں پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 دہشت گرد مسجد کی جانب گئے جنہیں کوئیک ری ایکشن فورس نے گھیر کر وہیں پر ختم کردیا جب کہ دوسرے گروپ کو بھی وہیکل ایریا سے آگے بڑھنے نہیں دیا گیا اور ان کا بھی وہیں پر خاتمہ کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران میں کوئی خود کش حملہ نہیں ہوا اورتمام دہشت گردوں کو گھیر کر مارا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے کے بعد آدھے گھنٹے میں کمانڈوز اور ایس ایس جی کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی تھی جب کہ پولیس نے بھی گیٹ کے باہر ایک گھیرا لگایا جس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ حملے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 29 افراد شہید ہوئے جن میں سے 23 کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے جب کہ واقعے میں 29 افراد زخمی ہوئے اور فورسز کی کارروائی میں تمام 13 دہشت گرد مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی اور دہشت گرد بھی وہیں سے آئے جب کہ حملے کے وقت دہشت گردوں کو افغانستان سے ہی کنٹرول کیا جاتا رہا تاہم مزید تفصیلات انٹیلی جنس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی پتا چل سکیں گی۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کا نام ثبوتوں کی بنا پر لیا گیا اور پڑوسی ملک کی طرح الزام نہیں لگایا جب کہ افغانستان کے کراسنگ پوائنٹس سیکیورٹی رسک ہیں جہاں سے 35 ہزار افراد افغان بارڈر سے روزانہ آتے ہیں اور دہشت گرد پاکستان میں آکر کھل مل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور ریاست دہشت گرد حملے میں ملوث نہیں ہوسکتی کیوں کہ ان سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں لیکن افغان مہاجرین ہمارے لیے سیکیورٹی رسک ہے۔

میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ ہم دہشتگردوں کا مقابلہ جرات اور بہادری سے کرتے رہیں گے جب کہ میں میڈیا اور عوام کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مثبت کردار ادا کیا ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتائج ہمیں مل رہے ہیں، دہشت گردوں کے سہولات کار اور مددگار رفتہ رفتہ سامنے آرہے ہیں اور ان کا صفایا ہوتا رہے گا
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج کیا جب کہ نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے شہریوں کی شہادت پر ڈی جی ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر فیصل کی جانب بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ عام شہریوں پربھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں جب کہ بھارت سیز فائر کا احترام کرتے ہوئے اشتعال انگیزی سے گریز کرے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے 2 شہری شہید ہوگئے تھے۔
اسلام آباد: صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وزیرداخلہ ، وزیردفاع اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے پشاور میں ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

 صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ ، وزیردفاع ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، گورنرپنجاب و خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے وزرائےاعلیٰ سمیت ملک کی دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین نے پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف قوم کا عزم متزلزل نہیں ہوگا، ملک سے دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا جب کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں پی اے ایف ایئربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جلد ختم کردیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، دہشتگرد اور ان کے حواریوں کو جلد انجام تک پہنچائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فورسز کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی سے متاثر ہے لیکن اب صورت حال پہلے سے کافی بہتر ہو چکی ہے، ایک آدھا واقعہ ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پشاور ایئربیس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فورسز نے ثابت کردیا کہ وہ دشمن کا دفاع کرسکتی ہے جب کہ فرض کی ادائیگی میں جان دینے والوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، شہدا کی قربانی یاد رکھی جائے گی اور ہم ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناکر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر جرات وبہادری کا مظاہرہ کیا، 18 کروڑ عوام کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جب کہ دہشتگردوں کو خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرکے دم لیں گے۔

ادھر قائم مقام گورنر کے پی کے اسد قیصر نے لیڈری ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے جواں مردی سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا جب کہ بزدلانہ حملوں سے جوانوں کے جذبے پست نہیں کیے جاسکتے۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نہیں روک سکتی جب کہ حملہ ناکام بنانے پر فورسز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔ اسفندیارولی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کسی نظریے اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے آج صبح دہشتگردوں نے پشاور میں بڈھ پیر میں ایئرفورس بیس پر حملہ کرکے 16 نمازیوں کو شہید کردیا جب کہ جوابی کارروائی میں 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے اور دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسللح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور پورے ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے کہا کہ ہماری فورسز دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہردم تیار ہیں۔

دوسری جانب ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی وزیراعظم نواز شریف کو فون کیا اور پشاور میں پی اے ایف بیس کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اسٹیل کی بہتری کے لیے اقدامات نہیں کررہی جب کہ وزیراعظم نواز شریف خود اسٹیل ملز کو ناکام بتا کر اپنے کاروبار کو ترجیح دیتے ہیں۔

چیرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر اعتزازاحسن کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اسٹیل کی بہتری کے لیے اقدامات نہیں کررہی جس سے قومی خزانے کا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر میٹرو ٹریک بنا کر اطراف میں جنگلا لگایا گیا تاکہ لوہا کھپایا جائے جب کہ اس بات کی تحقیقات بھی ہونی چاہیئے کہ کون سا خاندان اسٹیل اور فولاد کے کاروبار میں ملوث ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ اسٹیل ملز کا معاملہ وزیراعظم کے کاروباری مفاد اور پاکستان کے مفادات کے تصادم کا ہے، وزیراعظم خود اسٹیل ملز کو ناکام ظاہر کر کے اپنے کاروبار کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ اسٹیل ملز جیسے ادارے کو سبوتاژ کرنا غلط ہے۔ دوسری جانب وزیر مملکت جام کمال نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے امورماضی میں متنازع رہے جب کہ حکومت بیل آؤٹ پیکج کے تحت ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاست کے مفادات کو دیکھنا اور چیزوں کو ٹھیک کرناہے۔

چیرمین سینٹ رضا ربانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ نجکاری ایک ناکام عمل ہے جب کہ قومی اداروں کی حالت بہتر بنانے سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کا فورم موجود ہے اس کا اجلاس بلایا جائے۔

پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور دہشت گردوں کے خلاف ان کے حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ہمراہ سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور ایئرفورس کے بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے زخمیوں کے حوصلے کو سراہا اور انہیں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کا یقین دلایا۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمان نے انہیں پشاور میں ایئرفورس کی ایئر بیس پر دہشت گردوں کے حملے اور فورسز کے جوابی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ آج صبح پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16نمازی، پاک فوج کا ایک کیپٹن اور ایئرفورس کے 2 جونئیر ٹیکنیشن شہید جب کہ 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
کوٹلی: بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج پھر بھارتی فورسز نے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک طالبہ کو شہید اور 4 شہری زخمی ہوگئے ہیں۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ شہید اور 4 شہری زخمی ہو گئے۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ثوبیہ پروین، مہروز، روبینہ اور محمد رفیق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پاک فوج کی جانب بھارتی جاررحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔
کراچی: ایم کیوایم کے مستعفی رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی الیون اے میں متحدہ قومی موومنٹ کے مستعفیٰ رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیف الدین خالد کی گاڑی پر 4 گولیاں ماری گئیں۔ پولیس کے مطابق 6 حملہ آور 3 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔

واضح رہے ایم کیو کے رہنما رشید گوڈیل پر 18 اگست کو کراچی کے علاقے بہادرآباد میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ حملے میں رشید گوڈیل کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔
پشاور: بڈھ بیر ایئرفورس بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم، آرمی چیف، ایئرچیف، وزیردفاع اور وزیراطلاعات سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

 بڈھ بیر حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفند، پاک فضائیہ کے 3 جونیئر ٹیکنیشن اور 16 نمازیوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس میں وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئرچیف سہیل امان، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات پرویز رشید، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے انہیں پشاور میں ایئربیس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔

واضح رہے بڈھ بیر میں ایئرفورس بیس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کے نتیجے میں کیپٹن اسفند، پاک فضائیہ کے 3 جونیرٹیکنیشن سمیت 29 نمازی شہید ہوئے جب کہ جوابی کارروائی میں 13 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
پشاور: بڈھ بیر میں ایئرفورس بیس پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 29 افراد کو شہید اور 23 کو زخمی کردیا جب کہ کوئیک ری ایکشن فورس کی جوابی کارروائی میں 13 دہشت گرد مارے گئے جب کہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق دہشت گردوں نے علی الصبح پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں واقع ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملہ کیا، دہشت گرد 2 راستوں سے بیس کیمپ میں داخل ہوئے تاہم کوئیک ری ایکشن فورس کے جوانوں کی فوری کارروائی کے باعث دہشت گردوں کے ایک گروپ نے قریبی مسجد میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کیپٹن اور 3 ٹیکنیشن سمیت 29 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔آپریشن میں 13 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 افسران سمیت 10 جوان زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کردیا ہے جب کہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے کے 20 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جب کہ ڈاکٹرز کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کیمپ کے رہائشی علاقے اور دفاتر کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دہشت گرد بیس کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کوئیک ری ایکشن فورس کے میجر حسیب اور ایک جوان زخمی ہوا۔ دوسری جانب پاک فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ایئرفورس کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پشاور ایئر بیس کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ اس سے قبل آرمی چیف نے پشاور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے آرمی کے کیپٹن اسفندیار بخاری شہید ہوئے جب کہ ترجمان فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئربیس کے گارڈ روم تعینات 3 جونیئر ٹیکنیشنز شہید ہوئے۔وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں پی اے ایف ایئربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جلد ختم کردیا جائے گا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فورسز کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی سے متاثر ہے لیکن اب صورت حال پہلے سے کافی بہتر ہو چکی ہے، ایک آدھا واقعہ ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پشاور ایئربیس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔






آئی ایس پی آر نے واقعے میں زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئیک رسپانس فورس کے میجر حسیب سمیت دیگر اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے.

آپریشن کے دوران فوج کی کوئیک رسپانس فورس کے کیپٹن ہلاک ہوئے جن کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیپٹن اسفندیار فرنٹ لائن پر اپنے جوانوں کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے نشانہ بنے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ کیپٹن اسفند یار 14 اگست 1988 کو پیدا ہوئے تھے، کیپٹن اسفند یار کو لانگ کورس میں شمشیر سے نوازا گیا تھا۔
سرگودھا: جہاں آباد کے قریب پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ فنی خرابی کے باعث گرکر تباہ ہو گیا۔

 سرگودھا کے علاقے جہان آباد کے قریب پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ فنی خرابی کے باعث گرکر تباہ ہوگیا۔ ڈی سی او ثاقب منان کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ڈرون طیارہ تربیتی پرواز پر تھا تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

واضح ر ہے کہ 9 روز قبل مستونگ کے علاقے شیر ناپ میں بھی پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

میرانشاہ: جنوبی وزیرستان کے علاقے شرقی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے شرقی میں ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاسوس طیارے نے ایک مکان اور گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

ڈرون حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے جب کہ جاسوس طیارے نے حملے کے بعد علاقے میں نچلی پروازیں بھی کیں۔
پشاور کے بڈھ بیر ایئربیس پر حملہ کرنے والے درندوں کی لاشیں
پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے قریب انقلاب روڈ پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے بڈھ بیر کیمپ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 13 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

حملہ آور دہشت گردوں نے کیمپ میں موجود مسجد میں نماز پڑھنے والے افراد پر فائرنگ کی جس سے 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ فوج کے آپریشن میں ایک کیپٹن اسفند یار ہلاک اور 10 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

فوج کے محکمہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ پشاور کے قریب پاک فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گرد کیمپ میں دو مقامات سے داخل ہوئے، کیمپ میں داخل ہو کر وہ کئی گروپس میں تقسیم ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے مسجد میں داخل ہو کر 16 نمازی شہید کیے، تمام افراد نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گردوں کو بروقت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، بروقت کارروائی کے باعث دہشت گرد آگے نہ بڑھ سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بڈھ بیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پی اے ایف کیمپ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا.

آپریشن کے ساتھ ساتھ بڈھ بیر کیمپ کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

آئی ایس پی آر نے واقعے میں زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئیک رسپانس فورس کے میجر حسیب سمیت دیگر اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے.
پشاور: بڈھ بیر میں ایئرفورس کی بیس پر دہشگردوں نے حملہ کردیا تاہم کوئیک ری ایکشن فورس کی جوابی کارروائی میں 13 دہشت گرد ہلاک جب کہ آپریشن میں 2 افسران سمیت 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق 7 سے 10 دہشت گردوں نے علی الصبح پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں واقع ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملہ کیا تاہم کوئیک ری ایکشن فورس کے جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی کر کے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا، آپریشن میں 13 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 افسران سمیت 10 جوان زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن کلیئرنس جاری ہے، اس کے علاوہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے کے 20 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا۔

میجر جنر عاصم سلیم باجوہ کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کیمپ کے رہائشی علاقے اور دفاتر کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دہشت گرد بیس کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کوئیک ری ایکشن فورس کے میجر حسیب اور ایک جوان زخمی ہوا۔ دوسری جانب پاک فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ایئرفورس کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی پشاور کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پشاور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے، اس کے علاوہ آرمی چیف پشاور ایئربیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے جوانوں اور زخمیوں سے بھی ملیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں پی اے ایف ایئربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جلد ختم کردیا جائے گا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فورسز کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی سے متاثر ہے لیکن اب صورت حال پہلے سے کافی بہتر ہو چکی ہے، ایک آدھا واقعہ ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پشاور ایئربیس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
بڈاپسٹ: ہنگری میں داخل ہونے والے پناہ گزینوں پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹرکینن سے دھاوا بول دیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ اقوام متحدہ نے اس ہتک آمیز سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنگری کے ہورگوس روزبارڈرپر پناہ گزینوں کی بڑی تعداد نے دھاوا بول دیا اور ہنگری میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر ان کی پولیس سے جھڑپیں شروع ہوگئیں، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے ان پر شدید آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی جب کہ ساتھ ہی واٹر کینن کا بھی استعمال کیا اس دوران متعدد افرد زخمی اور کئی بے ہوش ہوگئے۔ہنگری پولیس کے مطابق پناہ گزینوں سے جھڑپ میں 14 اہلکار بھی زخمی ہوئے جب کہ ہنگری کے وزیر داخلہ نے پولیس کے ایکشن پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں نے منع کرنے کے باوجود ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر تمام کارروائی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگری کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے خواہ کوئی کتنی بھی تنقید کرے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ہنگری پولیس کے اس بے رحمانہ رویئے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہنگری پولیس کی جانب سے پناہ گزینوں کے خلاف پرتشدد کے رویئے پر سخت دھچکا لگا کیونکہ وہ لو گ پہلے ہی جنگ اور غم کے ستائے ہوئے ہیں۔
کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا جس کے مطابق ضابطہ اخلاق پردستخط کرنے والی تنظیمیں اورفلاحی ادارےہی کھالیں جمع کرسکیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا جس کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے کمشنر یا ڈپٹی کمشنر سے پیشگی تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جب کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ضابطہ اخلاق پردستخط کرنےوالی تنظیمیں اورفلاحی ادارے ہی کھالیں جمع کرسکیں گے تاہم کسی بھی فلاحی ادارے یا تنظیموں کو گھر گھر جاکر کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ ضابطے کے مطابق گاڑیوں پرلاوڈ اسپیکر، مساجد، مدارس سےاعلان کی اجازت نہیں ہوگی اور عید کے تینوں دن ڈنڈا، سلاخیں یا اسلحہ لے کرچلنے پر پابندی ہوگی جب کہ کھالوں کی منتقلی کےلیے پولیس اور ڈپٹی کمشنرکو پیشگی پلان دینا ہوگا۔
اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کی وجہ سے مطلوبہ بجلی پیدا نہیں ہوپارہی لیکن ایل این جی، گیس کی قلت دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جب کہ 2017 میں بجلی کی قلت بھی ختم ہوجائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے گیس کے ذخائر محدود ہیں جن سے ہماری طلب پوری نہیں ہوتی اور ایسی صورتحال میں ایل این جی گیس کی قلت دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جب کہ گزشتہ 10 سال سے 3 حکومتوں نے ملک میں ایل این جی ٹرمینل لانے کو کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل بی او ٹی بنیادوں پر شفاف انداز اور ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا، ہم پہلے 20 ماہ میں ایل این جی لانے میں کامیاب ہوگئے اور 6 ماہ سے کم عرصے میں 11 شپس ملک میں لائیں گے جب کہ ایل این جی کی درآمد قانونی انداز میں بولی کے ذریعے کی گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی معاہدے کے لیے مذاکرات کررہے ہیں اور توقع ہے رواں مہینے ایل این جی کی قیمت طے ہوجائے گی اس سلسلے میں قطر کے ساتھ حکومتی سطح پرمعاہدہ ہوچکا ہے تاہم اس پر پر دستخط ہونے کے بعد ہی ایل این جی کی قیمت طے ہوگی جب کہ گیس کی قلت کی وجہ سے 1800 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہوپارہی تاہم ایل این جی کےذریعے بجلی گھرچلانےسے سالانہ ایک ارب ڈالرکی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سال 30 بحری جہازوں سے ایل این جی درآمد کا ہدف ہے اور ایل این جی کے دوسرے ٹرمینل سے بجلی کی قلت دور ہوجائے گی جب کہ آئل مافیا نہیں چاہتا کہ ملک میں سستی بجلی دستیاب ہو تاہم 2017 میں بجلی کی قلت بھی ختم ہوجائے گی۔

وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ ایل این جی سے پاور اور فرٹیلائزر سیکٹر استفادہ حاصل کررہے ہیں اور بجلی اور کھاد کے کارخانے ایل این جی استعمال کررہے ہیں جب کہ قطر سے ایل این جی کے 6 کارگو بحری جہاز آئے جن میں 4 جہاز سی این جی سیکٹرز اور 2 کھاد بنانے والوں نے لے لیے ہیں۔
کراچی: سندھ حکومت نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں 10 فیصد اضافے کی اجازت دیتے ہوئے اس سے زیادہ اضافے کی صورت میں کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

نجی اسکولز مالکان اور محکمہ تعلیم کے حکام کے درمیان اجلاس ہوا جس میں فیسوں میں اضافے سے متعلق کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نثارکھوڑو نے بتایا کہ نجی اسکولوں کو فیسوں میں 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی اور کسی اسکول کو 10 فیصد سے زائد فیس بڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ہر اسکول کی کیٹگری کے لحاظ سے فیس لکھ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس اسکول نے فیس کے معاملے پر عمل نہیں کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے جب کہ ہر اسکول کو 10 فیصد ضرورت مند بچوں کو داخلہ دینے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ فیسوں سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنا رہے ہیں جس میں اراکین اسمبلی،پرائیویٹ اسکولوں کےنمایندے، محکمہ تعلیم کےافسران شامل ہوں گے جب کہ ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن میں شکایتی سیل قائم کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واضح کیا کہ نجی اسکول فیسیں کم کریں یاپھراسکول بند کردیں۔

واضح رہے پرائیوٹ اسکولوں میں فیسوں کے اضافے کے خلاف ملک بھر میں والدین احتجاج کررہے ہیں جب کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے بھی نوٹس لیا تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایم پی آر کالونی میں کارروائی کرکے کامرہ ایئربیس پر حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ جنید شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جس میں 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں کامرہ ایئربیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ عمر حیات عرف معاویہ بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزم کا تعلق افغانستان کی تنظیم تحریک امارات اسلامیہ سے ہے اور یہ کراچی کا امیر ہے جب کہ ملزم نے کامرہ ایئربیس پر دوبارہ حملے کے لیے 2 خودکش حملہ آور تیار کیے تاہم وہ ایئربیس پر سیکیورٹی کے باعث حملہ نہ کرسکے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رکھا تھا جس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جب کہ ملزمان کے قبضے سے 2 تیار خودکش جیکٹس، 2 بم اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی میں 20 دہشت گردوں کے ساتھ اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا جب کہ ملزمان کی نشاندہی پر قصبہ، اورنگی ٹاؤن، کٹی پہاڑی اور منگھو پیر سمیت دیگر علاقوں ان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
اسلام آباد: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ابھی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کیلئے وقت مقرر نہیں کیا اور وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے نظرثانی کریں گے۔58 ٹیسٹ اور 162 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی اور 2010 سے قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ پاکستان اور ہدنوستان کے درمیان مجوزہ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے خواہاں ہیں۔41 سالہ ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ابھی میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اپنے مستقبل پر نظرثانی کروں گا، قومی ٹیم کی قیادت ایک چیلنج ہے اور کھلاڑی بحیثیت یونٹ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ 2009 سے اپنی سرزمین پر نہ کھیلنے کے باوجود ہم نے قابل ذکر فتوحات حاصل کیں۔مصباح نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم انہی وکٹوں پر کھیلیں گے جن سے ہم آہنگ ہیں لیکن اس کے باوجود انگلینڈ کے خلاف سیریز ایک چیلنج ہو گی۔یاد رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل 2012 میں انگلینڈ کی ٹیم کا سامنا کیا تھا تو اس وقت انگلش ٹیم عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان تھی لیکن سعید اجمل اور عبدالرحمان کی شاندار اسپن باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف تاریخی کلین سوئپ کیا تھا لیکن اس کے باوجود مصباح کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے موجودہ سیریز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ 2012 کی سیریز کے نتیجے سے کوئی فرق پڑے گا کیونکہ انگلینڈ کی ٹیم میں اب نئے کھلاڑی ہیں انہوں نے حال ہی میں ایشز سیریز بھی جیتی ہے۔مصباح نے کہا کہ پاکستان نے ٹیسٹ میچز میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کارکردگی میں اس تسلسل کا تمام تر سہرا کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔انہوں نے گزشتہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ برابر کرنے کو اپنی زندگی کی سب سے یادگار اننگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اس کو کافی انجوائے کرتے ہیں۔
اسلام آباد: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف)اور ہاکی انڈیا(ایچ آئی) کے درمیان سے چمپیئنز لیگ کے واقعے پر جاری لفظی جنگ کو آپس میں بیٹھ کر حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بٹرا کی جانب سے معافی مانگنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے عالمی ہاکی فیڈریشن سے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔بٹرا نے اپنے ایک بیان میں کہاتھاکہ انھیں ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر خوشی ہوگی لیکن انھیں گزشتہ سال ہندوستان میں منعقدہ چمپینز ٹرافی میں کھلاڑیوں کے رویے پر معافی مانگنی ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر شکست سے دوچار کیا تھا۔بھوبھنیشور میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم نے ہندوستان کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔لیکن اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب فتح کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتار کر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب لہرائیں جبکہ ایک دو کھلاڑیوں کی جانب سے صحافیوں اور تماشائیوں کی طرف نازیبا اشارے کیے گئے۔پاکستانی ٹیم کے اس رویے پر عالمی ہاکی تنظیم ایف آئی ایچ نے بھی سرزنش کی تھی جس پر پاکستانی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے معافی مانگ لی تھی۔ تاہم بٹرا کی جانب سے گزشتہ ہفتے یہ بیان سامنے آیاکہ پی ایچ ایف معافی مانگے۔انھوں نے واضح کرتے ہوئے کہاتھا کہ دوسری صورت میں ہندوستان، پاکستان کے ساتھ کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلے گا اورنہ ہی ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نمائندگی دی جائے گی۔پی ایچ ایف کے حال ہی میں منتخب سیکرٹری شہاز سینئر نے جواب میں کہا تھا کہ باٹرا سے معافی نہیں مانگیں گے اگر انھیں کوئی مسئلہ ہے تو پی ایچ ایف کو تحریری طور پر مطلع کرے لیکن اس طرح کا طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔1994 ورلڈ کپ کے ہیرو شہباز کاکہناتھا کہ باٹرا کابیان مکمل طور پر کھیلوں کے آداب کے منافی ہے اور ایف آئی ایچ، اےایچ ایف کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔اس معاملے پر ایف آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلی فیئر ویدر نے کسی بھی قسم کا کردار ادا کرنے سے معذرت کرتے ہوئے دونوں بورڈز کو آپس میں معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا۔ہاکی انڈیا لیگ میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے سلسلے میں ہندوستانی دارالحکومت دہلی میں موجود فیئر ویدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ سال کی چمپینز ٹرافی میں پیش آنے والے واقعے پر دونوں بورڑ آپس میں بیٹھ کر حل نکال لیں، ایچ آئی ایچ ان کے درمیان مفاہمت کا ارادہ نہیں کرے گی۔انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں بورڈز کا آپسی معاملہ ہے اور ایف آئی ایچ کی نظر میں یہ واقعہ ختم ہوچکا ہے۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اصل دلچسپی پاکستانی ہاکی نئی قیادت اور انتظامیہ میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان ہاکی کو نئی سوچ کے ساتھ لے کر آگے بڑھیں اور دوبار فتوحات کی جانب گامزن کر دیں گے۔
اسلام آباد: پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف 30 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ خطاب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ امریکا دورے کی دیگر تفصیلات پر کام جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی سپلائرز گروپ کا رکن بننا چاہتا ہے اور اس حوالےسے کوششیں کی جاری ہیں۔ترجمان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کی پابندی کرے۔قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان الاقصی مسجد کے احاطے میں حالیہ جھڑپوں کے دوران فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔
انگلینڈ کے کاؤنٹی کلب لیسٹر شائر نے پاکستانی مڈل آرڈ بلے باز عمر اکمل سے معاہدہ کرتے ہوئے اس کا اپنی ویب سائٹ پر اعلان کردیا ہے۔عمر اکمل نے پاکستان کی جانب سے مجموعی طورپر 5 ہزار 259 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 123 کی اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔عمراکمل نے کلب کے ساتھ اپنے پہلے سیزن میں ناٹنگھم شائر آئوٹ لاز کے خلاف 49 گیندوں پر برق رفتار 76 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی کھلاڑی آئرش نیل او برائن کے ساتھ نصف سنچری شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ان کی اس کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کلب مالکان 2016 کے نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے لاہور سے تعلق رکھنے والے25سالہ بلے باز یٹسمین کو سائن کرنے پر مجبور ہو گئے۔حال ہی میں ختم ہونے والے انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں عمر اکمل نے143 سے زائد کی دھواں دار اسٹرائیک ریٹ سے133 رنز بنائے اور محض ایک دفعہ آئوٹ ہوئے تھے۔جارح مزاج بیٹسمین نے لنکاشائر اور انگلینڈ کے دورے پر موجود نیوزی لینڈ کے خلاف لیسسٹر شائر فوکس کیلئے اپنے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیریئر کا آغاز کیا۔لیسسٹر شائر اور روٹ لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہا کہ عمر اکمل نے کائونٹی کرکٹ کلب میں اپنی موجودگی کے مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ہر طرز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جبکہ گیند کو پلک جھپکنے میں میدان سے باہر پھینکنے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔عمر اکمل اس سیزن میں آئرلینڈ کے لیے کیون اوپبرائن کے بعد کلب کا حصہ بننے والے دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔
پشاور:خیبر پختونخوا میں بدھ کو ختم ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کے دوران 25000 سے زائد والدین نےاپنے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا۔ای پی آئی انچارج رحیم خٹک نے بتایا کہ صوبے کے 19 اضلاع میں 25800 والدین نے پولیو رضاکاروں سے تعاون کرنے سے انکار کیا۔خٹک کے مطابق، پیر کو سخت سیکیورٹی میں شروع ہونے والی اس مہم کے دوران کل 42 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے مگر گھروں پر غیر موجودگی کی وجہ سے دو لاکھ بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے ۔رواں سال پاکستان میں اب تک پولیو کے 32 کیس سامنے آ چکے ہیں ، جن میں سے آخری دو خیبر ایجنسی میں ریکارڈ ہوئے۔

تیزرفتار اور مصروف ترین زندگی میں کسی کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ ورزش کرے اور یہی وہ کمی ہے جو لوگوں میں موٹاپے، شوگر اور دل کی خرابی جیسی خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہی ہے اسی لیے ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ 30 منٹ مناسب رفتار سے پیدل چلنا نہ صرف موٹاپے سے نجات کا باعث بنتا ہے بلکہ شوگر جیسی بیماریوں سے نجات دلاتا ہے۔

موٹاپے میں کمی: برطانیہ اور امریکا میں کی گئی اس نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ 20 منٹ کی واک انسانی کی زندگی کو 30 فیصد بڑھا دیتی ہے جب کہ روزانہ 30 منٹ واک سے دن بھر میں 150 کلوریز جلتی ہیں جو وزن میں کمی میں مدد دیتی ہے۔

شوگر سے نجات: ماہرین کاکہنا ہے کہ روزانہ واک خون میں شوگر کی مقدار یا لیول کو کنٹرول کرتی ہے اور انسولین کو کم رکھتے ہوئے انسان کو شوگر سے بچاتی ہے۔

دل کے لیے انتہائی مفید: بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ رننگ واک سے بہتر ہے لیکن ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک رنر جتنا فاصلہ دوڑ کر کرتا ہے اگر اتنا ہی فیصلہ واک کرکے طے کیا جائے تو یہ ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول اور خطرناک دل کی بیماریوں کو کم کرنے میں بہت مفید ہے اور واک انسان کو چاق وچوبند بھی رکھتی ہے۔

ہر طرح کے افراد کے لیے مفید: موٹے، حاملہ خواتین اور جوڑوں کے درد رکھنے والے افراد کے لیے واک سب سے اہم علاج ہے جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے ان بیماریوں میں مبتلا افراد مستقل مزاجی سے واک کریں تو وہ ایک صحت مند زندگی گزاریں سکتے ہیں۔

موڈ کو بہتر بنا کر ڈپریشن سے نجات دیتی ہے: ماہرین طب کا کہنا ہے کہ جسم کو حرکت دینے سے انسانی جسم سے اچھا محسوس کرنے والے کیمیکل ’’اینڈروفنز‘‘ خارج ہوتے ہیں جو دماغ میں ڈپریشن پیدا کرنے والے درد کے ریسیپٹرز کو کمزور کرکے آپ کے موڈ کو خوشگوار بنا دیتا ہے۔ روزانہ 35 منٹ یا ہفتے میں 3 دن 60 منٹ کی واک ہلکی اور زیادہ ڈپریشن کی علامات کو قابو کرنے میں انتہائی مفید ہے۔

پرسکون نیند : واک کرنے اور جسم کو سورج کی روشنی میں رکھنے سے میلا ٹونن ہارمونز کو بڑھاتا ہے جو انسان میں بہتر اور پرسکون نیند میں مددگار ہوتا ہے۔

واک کرنا آسان عمل: واک کرنے کے لیے کسی جم کی ممبر شپ، ورزش کے خصوصی کپڑوں یا جوتوں کی ضرورت نہیں بلکہ اس کے لیے کسی قسم کی ٹریننگ کی بھی ضرورت نہیں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے ایک اچھی واک کے لیے آرام دہ جوتوں کے علاوہ کسی چیزکی ضرورت نہیں۔