لاہور: نیب نے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کے خلاف کرپشن کی شکایات کے بعد ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈی جی نیب پنجاب برہان علی کا کہنا ہے کہ ہر ادارے کی طرح نیب کا بھی ایک طریقہ کار ہوتا ہے، جب کسی کے خلاف شکایات موصول ہوتی ہے تو اس کی انکوائری کے لئے ایک تحقیقاتی افسر تعینات کیا جاتا ہے اور پھر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا جاتا ہے، وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود کے خلاف کرپشن کی بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں اس لئے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پارٹی کے 2 اہم ارکان کے خلاف بھی کیس شروع ہو چکے ہیں لیکن ان کے نام ابھی ظاہر نہیں کئے جا سکتے، اس کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی کے خلاف بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ متروکہ بورڈ املاک کے سابق چیرمین آصف ہاشمی کے خلاف تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ان کا چالان بھی کردیا گیا تھا لیکن وہ ملک سے فرار ہیں اس لئے ان کو واپس لانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چالان عدالت میں پیش کر دیں گے، پھر عدالت انہیں جو بھی سزا دے وہ اس پر منحصر ہے۔ ڈبل شاہ کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ جیل سے نکلنے کے بعد ڈبل شاہ نے دوبارہ جعلسازی شروع کردی ہے اور وہ چھپ کر کام کر رہا ہے، اس حوالے سے بھی انکوائری شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما رانا مشہود کی ایک ویڈیو میڈیا پر عام ہے جس میں انہیں مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور رانا مشہود کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سے ہی ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours