لاہور: قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں صرف 18 دن بعد ہی حیران کن طور پر تبدیلی کردی گئی، نو منتخب انتظامیہ کی طرف سے کمیٹی میں شامل کیے گئے شہباز احمد جونیئر کو بغیر کام لیے ہی فارغ کرکے ان کی جگہ سابق انٹرنیشنل کھلاڑی قاسم خان کو دے دی گئی۔
یادرہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد اولمپکس سے باہر ہونے پر اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین نے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پی ایچ ایف کی باگ ڈور نئے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے سنبھالی۔ انھوں نے رشید جونیئر کی قیادت میں نئی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں فرحت خان، سعید خان، وسیم فیروز اور شہباز جونیئر کو شامل کیا گیا تھا، مگر حیران کن طور پر صرف18 دن بعد ہی بغیر کوئی کام کیے کمیٹی کے ایک رکن شہباز احمد جونیئر کو نکال دیا گیا۔
ان کی جگہ لینے کے لیے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی قاسم خان کا انتخاب ہوا، انھوں نے1984 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور1995ء تک 11 سال میں ورلڈ کپ، ایشیا کپ،5 چیمپئنز ٹرافی، سلطان اذلان شاہ کپ سمیت125 عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی، قاسم خان اس وقت پنجاب پولیس میں ایس ایس پی کے عہدے پر فائز ہیں۔
وہ گذشتہ کئی برس سے لاہور میں ہاکی کے فروغ اورجونیئر سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کے بعدصلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے سرگرم ہیں، انھیں پی ایچ ایف اکیڈمی لاہور میں بھی بطور کوچ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔ نئی سلیکشن کمیٹی کا اصل صلاحیتوں کا امتحان 18ستمبر سے ہوگا۔
چیف سلیکٹر رشید جونیئر دیگر سلیکٹرز کے ساتھ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں 2 روزہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد پانچویں سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ منتخب کریں گے،ایونٹ 11 اکتوبر سے ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں شروع ہوگا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours