اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پنجاب میں 143 ایڈیشنل سیشن ججوں کی بھرتی کا عمل روکنے کے بارے استدعا مسترد کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل کی عدم موجودگی کے باعث مقدمے کی سماعت ملتوی کردی ہے۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فل بینچ نے سول ججوں کی طرف سے دائر درخواستوں کی سماعت کی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب موجود نہیں، اس لئے سماعت ملتوی کردی جائے۔ درخواست گزاروں کے وکیل شعیب شاہین نے استدعا کی کہ اگر آسامیاں پر ہوئیں تو درخواستیں غیر موثر ہوجائیں گی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ امتحان کے نتائج آچکے ہیں ،بھرتیوں کا عمل تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان بھرتیوں کا دارو مدار ویسے بھی اس مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہے اس لئے حکم امتناعی کی ضرورت نہیں ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کیا جائے کیونکہ درخواست گزاروں نے بھرتیوں کے بارے دیگر صوبوں کے قواعد کے حوالے دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے ایڈیشنل سیشن جج کی بھرتی کے لئے سینئیر سول ججوں سے درخواستیں طلب کی تھیں تاہم سول ججوں کا موقف تھا کہ اس عہدے پر تعیناتی کے لئے وہ بھی اہل ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours