ڈھاکا: بنگلہ دیش بھی پاکستان کو آنکھیں دکھانے لگا، بورڈ نے واضح کیا ہے کہ پریمیئر لیگ میں پلیئرز کی شمولیت کے حوالے سے کوئی شرط قابل قبول نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ صرف اسی صورت میں اپنے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کی اجازت دے گا جب بی سی بی کی جانب سے ویمنز ٹیم کو شیڈول کے تحت دورے پر بھیجا جائے گا۔ چند روز قبل اس سلسلے میں بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد نے کراچی اورلاہور کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا تھا تاہم بورڈ نے ابھی تک اپنی خواتین ٹیم بھیجنے کا حتمی اعلان نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ بی پی ایل ایونٹ کے موقع پر بھی پی سی بی نے بنگلہ دیش کو قومی مینز ٹیم ٹور پر بھیجنے کے وعدے سے مکرنے پر اپنے کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی تھی، وہ مکمل طور پر فکسنگ کے کیچڑ میں لتھڑا ہوا ایونٹ ثابت ہوا اور اس کے بعد تمام ٹیموں کو ہی فارغ کرنا پڑ گیا تھا۔
بی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین افضال الرحمان نے کہاکہ ہم کسی بھی قسم کی شرائط قبول نہیں کرسکتے، اگر محسوس کیا کہ پاکستان میں ہماری خواتین کرکٹرز محفوظ ہیں تب ہی وہ وہاں کا سفر کریں گی، اس سلسلے میں پی سی بی کوئی شرط عائد نہیں کرسکتا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours