اسلام آباد: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف)اور ہاکی انڈیا(ایچ آئی) کے درمیان سے چمپیئنز لیگ کے واقعے پر جاری لفظی جنگ کو آپس میں بیٹھ کر حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بٹرا کی جانب سے معافی مانگنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے عالمی ہاکی فیڈریشن سے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔بٹرا نے اپنے ایک بیان میں کہاتھاکہ انھیں ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر خوشی ہوگی لیکن انھیں گزشتہ سال ہندوستان میں منعقدہ چمپینز ٹرافی میں کھلاڑیوں کے رویے پر معافی مانگنی ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر شکست سے دوچار کیا تھا۔بھوبھنیشور میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم نے ہندوستان کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔لیکن اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب فتح کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتار کر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب لہرائیں جبکہ ایک دو کھلاڑیوں کی جانب سے صحافیوں اور تماشائیوں کی طرف نازیبا اشارے کیے گئے۔پاکستانی ٹیم کے اس رویے پر عالمی ہاکی تنظیم ایف آئی ایچ نے بھی سرزنش کی تھی جس پر پاکستانی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے معافی مانگ لی تھی۔ تاہم بٹرا کی جانب سے گزشتہ ہفتے یہ بیان سامنے آیاکہ پی ایچ ایف معافی مانگے۔انھوں نے واضح کرتے ہوئے کہاتھا کہ دوسری صورت میں ہندوستان، پاکستان کے ساتھ کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلے گا اورنہ ہی ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نمائندگی دی جائے گی۔پی ایچ ایف کے حال ہی میں منتخب سیکرٹری شہاز سینئر نے جواب میں کہا تھا کہ باٹرا سے معافی نہیں مانگیں گے اگر انھیں کوئی مسئلہ ہے تو پی ایچ ایف کو تحریری طور پر مطلع کرے لیکن اس طرح کا طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔1994 ورلڈ کپ کے ہیرو شہباز کاکہناتھا کہ باٹرا کابیان مکمل طور پر کھیلوں کے آداب کے منافی ہے اور ایف آئی ایچ، اےایچ ایف کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔اس معاملے پر ایف آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلی فیئر ویدر نے کسی بھی قسم کا کردار ادا کرنے سے معذرت کرتے ہوئے دونوں بورڈز کو آپس میں معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا۔ہاکی انڈیا لیگ میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے سلسلے میں ہندوستانی دارالحکومت دہلی میں موجود فیئر ویدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ سال کی چمپینز ٹرافی میں پیش آنے والے واقعے پر دونوں بورڑ آپس میں بیٹھ کر حل نکال لیں، ایچ آئی ایچ ان کے درمیان مفاہمت کا ارادہ نہیں کرے گی۔انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں بورڈز کا آپسی معاملہ ہے اور ایف آئی ایچ کی نظر میں یہ واقعہ ختم ہوچکا ہے۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اصل دلچسپی پاکستانی ہاکی نئی قیادت اور انتظامیہ میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان ہاکی کو نئی سوچ کے ساتھ لے کر آگے بڑھیں اور دوبار فتوحات کی جانب گامزن کر دیں گے۔
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
Post A Comment:
0 comments so far,add yours