پشاور کے بڈھ بیر ایئربیس پر حملہ کرنے والے درندوں کی لاشیں |
پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے قریب انقلاب روڈ پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے بڈھ بیر کیمپ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 13 حملہ آور ہلاک ہوئے۔
حملہ آور دہشت گردوں نے کیمپ میں موجود مسجد میں نماز پڑھنے والے افراد پر فائرنگ کی جس سے 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ فوج کے آپریشن میں ایک کیپٹن اسفند یار ہلاک اور 10 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
فوج کے محکمہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ پشاور کے قریب پاک فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گرد کیمپ میں دو مقامات سے داخل ہوئے، کیمپ میں داخل ہو کر وہ کئی گروپس میں تقسیم ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے مسجد میں داخل ہو کر 16 نمازی شہید کیے، تمام افراد نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گردوں کو بروقت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، بروقت کارروائی کے باعث دہشت گرد آگے نہ بڑھ سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بڈھ بیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پی اے ایف کیمپ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا.
آپریشن کے ساتھ ساتھ بڈھ بیر کیمپ کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
آئی ایس پی آر نے واقعے میں زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئیک رسپانس فورس کے میجر حسیب سمیت دیگر اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے.
Post A Comment:
0 comments so far,add yours