اسلام آباد: صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وزیرداخلہ ، وزیردفاع اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے پشاور میں ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ ، وزیردفاع ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، گورنرپنجاب و خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے وزرائےاعلیٰ سمیت ملک کی دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین نے پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف قوم کا عزم متزلزل نہیں ہوگا، ملک سے دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا جب کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں پی اے ایف ایئربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جلد ختم کردیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، دہشتگرد اور ان کے حواریوں کو جلد انجام تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فورسز کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی سے متاثر ہے لیکن اب صورت حال پہلے سے کافی بہتر ہو چکی ہے، ایک آدھا واقعہ ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پشاور ایئربیس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فورسز نے ثابت کردیا کہ وہ دشمن کا دفاع کرسکتی ہے جب کہ فرض کی ادائیگی میں جان دینے والوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، شہدا کی قربانی یاد رکھی جائے گی اور ہم ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناکر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر جرات وبہادری کا مظاہرہ کیا، 18 کروڑ عوام کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جب کہ دہشتگردوں کو خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرکے دم لیں گے۔
ادھر قائم مقام گورنر کے پی کے اسد قیصر نے لیڈری ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے جواں مردی سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا جب کہ بزدلانہ حملوں سے جوانوں کے جذبے پست نہیں کیے جاسکتے۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نہیں روک سکتی جب کہ حملہ ناکام بنانے پر فورسز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔ اسفندیارولی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کسی نظریے اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے آج صبح دہشتگردوں نے پشاور میں بڈھ پیر میں ایئرفورس بیس پر حملہ کرکے 16 نمازیوں کو شہید کردیا جب کہ جوابی کارروائی میں 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours