باکسنگ کے چیمپئین عامر خان یونان کے ساحل پر پھنسے ہوئے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ایک امدادی قافلہ لے کر منگل کے روز مانچسٹر سے ایتھنز کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی خیراتی تنظیم 'خان فاونڈیشن' نے پناہ گزینوں کے لیے بولٹن کے تربیتی مرکز اور برمنگھم، لندن، لیڈز، بریڈ فورڈ، لوٹن کے خیراتی مراکز میں امدادی سامان جمع کیا ہے۔
یہ قافلہ 15 ستمبر کو یونانی جزیرہ لیسوس کے لیے روانہ ہوا ہے، جو چار روز میں بولٹن سے ایتھنز تک دو ہزار میل کا سفر کرے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق عامر خان کا امدادی قافلہ دس گاڑیوں پر مشتمل ہے جو خوراک، لباس، خیمے، سلیپنگ بیگز اور حفظان صحت کے سامان پر مشتمل ہے۔
باکسر عامر خان نے اپنے انسٹا گرام کے صفحے پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے ''جس میں انھوں نے کہا کہ شامی پناہ گزین دکھ اور مصیبت کی گھڑی سے گزر رہے ہیں اور انھیں مدد کی ضرورت ہے اور تھوڑی سی امداد بھی ان پناہ گزینوں کی زندگیوں میں بڑا فرق پیدا کرے گی جنھیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے ۔''
عامر خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یورپ کے ساحلوں پر بے سروسامانی کی حالت میں پہنچنے والے پناہ گزینوں کی زیادہ سے زیادہ امداد کرنے کے لیے ان کی تنظیم نے 'پینی اپیل' نامی خیراتی ادارے کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
عامر خان کے مطابق انھیں ترکی کے ساحل پر ڈوبنے والے تین سالہ ایلان کردی کی تصویر نے پناہ گزینوں کی امداد کے لیے آگے بڑھنے پر مجبور کیا ہے۔
بقول عامر خان اس تصویر نے میرے دل کو چیر کر رکھ دیا اور احساس دلایا کہ مجھے کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ تنازعہ زدہ علاقوں سے بھاگ کر آنے والے خاندانوں اور معصوم بچوں کو کھونے کی تصاویر دیکھنے سے ہمیں سخت صدمہ پہنچا ہے لیکن یہ اس سے زیادہ برا ہو گا اگر مزید جانیں بروقت امداد نا ملنے کی وجہ سے ضایع ہو جاتی ہیں۔
عامر خان نے قافلے کے ساتھ روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں برطانیہ واپس آ کر لوگوں کو بتا سکوں گا کہ اصل میں اس طرح کے حالات میں رہنا کیسا ہوتا ہے، مجھے ابھی کچھ گھبراہٹ بھی محسوس ہو رہی ہے، بلکہ شاید میں کچھ ڈرا ہوا ہوں کیونکہ مجھے نہیں معلوم کہ وہاں مجھے کیا دیکھنا پڑتا ہے اور جبکہ میں خود بھی ایک بچی کا باپ ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ لوگوں کو صدمہ یا پریشانی میں دیکھنا میرے لیے بہت مشکل ہو گا لیکن مجھے ایسا کرنا پڑ رہا ہے،کیونکہ اگر میں دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ شامی پناہ گزینوں کی امداد کے لیے آگے آئیں تو اس کے لیے مجھے خود وہاں جانا ہوگا ۔
عامر خان ایتھنز میں امدادی سامان کی تقسیم کرنے کے بعد رضا کاروں کے ایک گروپ کے ساتھ یونانی جزیرہ لیسبوس کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ پناہ گزینوں میں خیمے اور دیگر امدادی اشیاء کی تقسیم کریں گے۔
تنازعات اور جنگ زدہ علاقوں سے ہزاروں تارکین وطن اور پناہ گزین ہر روز یونان کے ساحلی جزیرہ پرجمع ہوتے ہیں ۔یونانی حکام مہاجرین کی ایتھنز منتقلی کے لیے محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں مہاجرین کو یونانی جزیرہ لیسوس پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours