اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوام کی بلا امتیاز سماجی اور اقتصادی فلاح وبہبود یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے اس لئے حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح مزید فلاحی پروگرام شروع کرے۔

اسلام آباد میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی کی پہلی جائزہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 38 تمام پاکستانی عوام کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے فروغ کی یقین دہانی کراتا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ضرورت مند اورمستحق افراد کے لیے نعمت ہے، بی آئی ایس پی کے تحت فراہم کیا جانے والا معاشی تعاون لاکھوں غریب خاندانوں اور کمزور طبقے کی اقتصادی فلاح میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرف سے درست سمت کے تعین اورمستحکم حکمت عملی کے باعث یہ ادارہ آج بجا طورپر نہ صرف پاکستان کا فخر اور جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا سماجی فلاح و بہبود کا پروگرام بن چکا ہے بلکہ اس کا شمار دنیا کے چند سب سے بڑے سوشل سیفٹی نیٹس میں ہوتا ہے۔

صدر ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے وسیلہ تعلیم پروگرام کا دائرہ کار پچھلے 2 سال میں ملک کے 32 اضلاع تک پھیلا دیا ہے۔ جس کے تحت اب تک مستفید ہونے والے خاندانوں کے7 لاکھ سے زائد بچے جو پہلے تعلیم سے محروم تھے مختلف اسکولوں میں داخل کرائے جا چکے ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours